کشتواڑ ۔سرتھل سڑک کی خستہ حالی کو لیکر سیاست تیز
کروڈوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی سڑک کی حالت خستہ،تحقیقات کی مانگ
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے علاقہ سرتھل کی طرف جانے والی سڑک کی خستہ حالی کو لیکر چند روز سے سیاست تیز ہوگئی ہے۔ جہاں بی جے پی نے اسکے خلاف آواز اٹھائی وہیں سناتھن دھرم سبھا اور اک جٹ جموں نے بھی سوالات اٹھائے۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق ہستی سے سرتھل تک کی سڑک پر ابتک کروڑوں روپے نکالے گئے ہیں لیکن ابتک اس سڑک پر بلیک ٹاپ مکمل نہیں ہواہے جس سے عوام و سرتھل مندر جانے والے شردھالو سخت پریشان ہیں۔ بی جے پی نے کہا کہ 2017 میں اس سڑک پر کام شروع ہوا تھا لیکن آج بھی سڑک پر بڑے بڑے پتھر پڑے ہوئے ہیں ، نہ کہیں ڈرین ہے اوربلیک ٹاپ کا تو ناونشان تک موجود نہیں ہے۔انھوں نے ضلع انتظامیہ سے گزشتہ دس سال کے دوران ہوئے کام کا ریکارڈ طلب کرنے کی مانگ کی ۔بھاجپا کے مطابق اگر اس سڑک کی تعمیر کیلئے کروڑوں روپے خرچے گئے تو زمینی سطح پر اسکی حالت ایسی کیوں ہے ۔سناتھن دھرم سبھا نے بھی اس سڑک کی تعمیر میں کروڑوں روپے گھوٹالے کا الزام لگا۔انھوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اسکی انکوائری کی مانگ کی ہے۔ اک جٹ جموں کے ضلع صدر نے بتایا کہ کچھ وقت سے یہ مدعا کافی گرم ہے ،2017میں جب یاترا سرتھل کیلئے نکلی تھی تو اسوقت کے وزیر مملکت نے بس اسٹینڈ پر لوگوں سے کہاتھا کہ اگلی بار جب یاترا جائے گی تو یاتریوں کو سفر کرنے میں کوئی دقت نہیں ہوگی لیکن اتنا عرصہ گزرجانے کے بعد بھی انکا وہ وعدہ پورا نہ ہوسکا اور لوگ آج بھی پریشانوں کا سامناکررہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ اگر کروڑوں روپیہ اس سڑک پر خرچ ہوا تو وہ کہاں لگایا گیا، اسکی تحقیقات ہونی چاہئے۔
بھاری بارش سے مضافاتی علاقوں میں بجلی سپلائی متاثر
ایم ایم پرویز
رام بن// موسلادھار بارش اور ہواؤں نے پیر کی رات رام بن کے مضافاتی علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں خلل ڈالا۔پرنوتی، کانگا،گاندھری ،سیری کیلاموڈ ،مروگ ،ڈگڈول، سنچا اور دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔جموں پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (جے پی ڈی سی ایل) کے عہدیداروں نے ہائی ٹینشن اور لو ٹینشن ٹرانسمیشن لائنوں میں تیز بارش اور ہوا کی وجہ سے خرابی کی اطلاع دی جس کی وجہ سے گزشتہ رات رام بن کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل رہی۔انہوں نے کہا کہ مسلسل بارش نے پیر کی رات بحالی کے کام میں رکاوٹ ڈالی لیکن اسے ہمارے فیلڈ عملے نے منگل کی صبح بحال کردیا۔رام بن سب ڈویڑن کے صارفین نے الزام لگایا کہ برقی واجبات /فیس وقت پر ادا کرنے کے باوجود ہمیں مناسب بجلی اور سروس نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ رام بن کے پرانے قصبے اور مضافاتی علاقوں کو بجلی کی فراہمی ہمیشہ غیر منظم ہوتی ہے۔
بارشوں کے باعث مہاڑ اور کیفیٹیریا موڈ میں پسیاں گرآئیں
قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی میںخلل پڑا،آج شاہراہ بند رہے گی
ایم ایم پرویز
رام بن//گزشتہ رات موسلا دھار بارش نے چار لین تعمیراتی مقام مہاڑ، کیفیٹیریا موڈ رام بن اورمنکی موڈپر مٹی اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پڑا۔سینکڑوں مسافر ہلکی موٹر گاڑیاں ، ٹرک اور ٹینکر شاہراہ پر ناشری رام بن اور دیگر مقامات کے درمیان پھنسے رہے۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ پیر کی شام ناشری اور رام بن سیکٹر کے درمیان ہونے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے مہاڑ اور کیفیٹیریا موڑ رام بن کے مقام پر شاہراہ پر کیچڑ اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کی وجہ سے منگل کی صبح تک گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پڑا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی ٹھیکیدار کمپنی نے دونوں جگہوں پر کیچڑ اور لینڈ سلائیڈنگ کو ہٹانے کے لیے مشینری کو کام پر لگایاتاکہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہو جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہائی وے پر بھاری ٹریفک جموں کی طرف آسانی سے چل رہی ہے اور ہلکی موٹر گاڑیاں سرینگر کے لیے ہیں۔مسافروں اور ڈرائیوروں کو شکایت ہے کہ وہ چنانی ناشری ٹنل کے دونوں اطراف اور ہائی وے پر ناشری اور بانہال کے درمیان مختلف رکاوٹوں والی جگہوں پر ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے ہیں۔بعد میں ڈوڈہ بھدرواہ اور کشتواڑ جانے والی ٹریفک کو پٹنی ٹاپ کے ذریعے موڑ دیا گیا اور جام کو صاف کیا گیا۔دریں اثناء ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹر سرینگر اور جموں سرینگر قومی شاہراہ کے دونوں اطراف جموں گاڑیوں کی ٹریفک بدھ کو مرمت اور دیکھ بھال کے کاموں کے لیے معطل رہے گی۔
ملی ٹینسی متاثرین کیلئے ایکس گریشیا ریلیف کی منظوری
ریاسی// ڈی سی ریاسی چرندیپ سنگھ نے آج 4.825لاکھ روپے کی رقم جاری کرنے کی منظوری دی جسے ضلعی سطح کی اسکریننگ کم کوآرڈینیشن کمیٹی نے ملی ٹینسی متاثرین کے لیے بطور امدادی امداد منظور کیا۔ جن مستحقین کو مالی امداد ملی ان میں نذیر احمد والد محمدو ساکنہ ہاڑی والا تھرو کے لیے ایک لاکھ شامل ہیں جو 11/09/2000کوملی ٹنٹوںکے ہاتھوں مارا گیا ، مشتاق احمد کے لیے 0.75 لاکھ ، میر حسین کے لیے 0.75 لاکھ ، عبدالرشید کے لیے 0.70 لاکھ اور اکبر علی کے رہائشیوں کے لیے 0.625لاکھ ساکنہ درماڑی تمام چاروں کے مکانات کو 21/02/06کو جلایا گیا تھا اور طالب حسین ساکنہ بدھن کے لیے 1لاکھ جن کے گھر کو 18/03/08 کوبندوق برداروںنے جلایا تھا۔ یہاں یہ ذکر کرنا مناسب ہے کہ یہ تمام چھ متاثرین ڈی بی ٹی کے ذریعے مالی امداد حاصل کریں گے۔ اس موقع پر ڈی سی نے کہا کہ ہمارا مقصدملی ٹینسی متاثرین کی حفاظت اور ان کی مدد کرنا ہے اور یہ امداد ڈی بی ٹی کے ذریعے متاثرہ کے بینک اکانٹ میں دی جائے گی۔
بنکوٹ بانہال کے وانی خاندان کو صدمہ، تعزیتی اجلاس منعقد
نمائندہ عظمی
بانہال//بانہال کے بنکوٹ علاقے سے تعلق رکھنے والے عبدالمجید وانی ولد مرحوم غلام محمد وانی ٹھیکدار مختصر علالت کے بعد اتوار کو رحلت کر گئے ہیں۔وہ قرب 78 برس کے تھے۔ مرحوم عبدالمجید وانی ، ٹھیکیدار تنویر احمد وانی کے والد اورسینئر سپرانٹنڈنٹ آف پولیس غلام جیلانی وانی کے ماما جی اور کشمیر عظمی اور گریٹر کشمیر کے بیورو چیف برائے وادی چناب محمد تسکین کے چاچا تھے ۔ انکی رحلت پر کئی سماجی اور سیاسی جماعتوں نے اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے اللہ رب العزت سے دعا کی ہے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی گئی ۔مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی فاتحہ خوانی آج یعنی بدھ کے روز ان کے آبائی گاں چھاناڑ بنکوٹ میں انجام دی جائے گی ۔ مرحوم مہمان نواز ، ہنس مکھ ، اور آزاد طبعیت کے مالک تھے ۔
ڈوڈہ میں کورونا سے مزید ایک فوت
۔ 15 نئے مثبت معاملات ،13 مریض صحتیاب
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع سے کورونا وائرس کی وجہ سے مزید ایک فوتگی ہوئی ہے جبکہ 15 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 13 مریض صحتیاب ہوئے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق منگل کے روز ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران پندرہ افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 112 و صحتیاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7056 پہنچ گئی ہے جبکہ جی ایم سی ڈوڈہ میں زیر علاج ایک شخص کی موت ہوئی ہے اور اس طرح سے ضلع کورونا وائرس سے اب تک 127 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور 211996 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
ڈوڈ ہ و کشتواڑمیں منگل کو موسم خوشگوار رہا
متواتر بارشوں سے درجنوں عارضی پل و پانی کی سکیمیں سیلاب کی نذر، فصلیں بھی تباہ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں پچھلے ایک ہفتہ سے جاری متواتر بارشوں کے بعد منگل کو موسم خوشگوار رہا جس کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی۔موسلا دھار بارشوں سے پہلے ہی ضلع کے بالائی علاقوں میں فصلوں، پھلوں و سینکڑوں کنال زرعی اراضی کو نقصان پہنچا ہے جبکہ درجنوں مقامات پر لکڑی کے عارضی پل بہہ گئے ہیں اور بیشتر علاقوں میں پانی کی اسکیمیں سیلاب کی نذر ہوئیں ہیں۔ ایک ہفتہ میں ہوئی موسلا دھار بارشوں سے بھلیسہ، گندوہ، بونجواہ ،کاہرہ ،ٹھاٹھری ،بھدرواہ و گندنہ و دیگر مضافات میں کئی تعمیرات کو نقصان پہنچا ہے اور رابطہ سڑکوں کی حالت مزید خستہ حال ہو چکی ہے۔ ادھر سیول سوسائٹی نے صوبائی، ضلع و مقامی انتظامیہ سے متاثرہ علاقوں میں خصوصی ٹیمیں روانہ کر کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو معقول مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سیاسی و سماجی کارکن ریاض احمد زرگر، نائب صدر نیشنل کانفرنس و سابق ایم ایل سی محمد اقبال بٹ و سابق ایم ایل اے بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار نے اپنے الگ الگ بیانات میں انتظامیہ سے پانی، بجلی و سڑک رابطوں کی مرمت کرنے و بارشوں سے پیدا عوامی مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کرنے پر زور دیا ہے۔
Contents
کشتواڑ ۔سرتھل سڑک کی خستہ حالی کو لیکر سیاست تیز کروڈوں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی سڑک کی حالت خستہ،تحقیقات کی مانگبھاری بارش سے مضافاتی علاقوں میں بجلی سپلائی متاثربارشوں کے باعث مہاڑ اور کیفیٹیریا موڈ میں پسیاں گرآئیںقومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی میںخلل پڑا،آج شاہراہ بند رہے گی ملی ٹینسی متاثرین کیلئے ایکس گریشیا ریلیف کی منظوریبنکوٹ بانہال کے وانی خاندان کو صدمہ، تعزیتی اجلاس منعقدڈوڈہ میں کورونا سے مزید ایک فوت۔ 15 نئے مثبت معاملات ،13 مریض صحتیاب ڈوڈ ہ و کشتواڑمیں منگل کو موسم خوشگوار رہا متواتر بارشوں سے درجنوں عارضی پل و پانی کی سکیمیں سیلاب کی نذر، فصلیں بھی تباہ