سول سیکریٹریٹ میں متعدد وَفود ملاقی
سری نگر// متعدد وَفود اور اَفراد نے آج سول سیکرٹریٹ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ملاقات کی اور انہیں اَپنی شکایات او رمطالبات گوش گزار کئے۔وَفود نے اَپنے اَپنے علاقوں کے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل اُٹھائے اور اِس سلسلے میں مشیر موصوف کی مداخلت طلب کی۔راجوری ، کالا کوٹ موگرا کے ایک وَفد نے اَپنے علاقے میں پانی کے ٹینک کی تعمیراور دیگر عوامی سہولیات کو بڑھانے کا مطالبہ کیا۔جے کے ایس پی ڈی سی کے کنٹریکٹ اور کنسولٹیڈ ورکروں کے ایک اور وفد نے مطالبات کی ایک یاد داشت پیش کی اور ان کے ازالے کی مانگ کی۔پلوامہ سے ایک اور وَفد نے بھی مشیر موصوف سے ملاقات کی اور عوامی اہمیت کے کئی مسائل اُٹھائے۔اِسی طرح سری نگر اور دیگر علاقوں کے کئی وَفود اور اَفراد نے بھی مشیرموصوف سے ملاقات کی اور پی ڈی ڈی ، دیہی ترقی ، سیاحت اوردیگر محکموں سے متعلق مختلف معاملات گوش گزار کئے۔مشیر موصوف نے تمام وفود اور اَفراد کو بغور سنا اور ان کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات اور مسائل کے جلد ازالے کی یقین دہانی کرائی۔ اُنہوں نے کچھ معاملات میں متعلقہ اَفسران کو شکایات کے ازالے کے لئے موقعہ پرہی ہدایات دیں۔
صفا کدل میں آگ
صابر باباآستان عالیہ کو نقصان
سرینگر//شہر سرینگر کے وانی یار صفاکدل میں واقع صابر بابا آستان عالیہ میں آگ کی ایک واردات کے نتیجے میں آستان عالیہ کو کافی نقصان پہنچا ۔ آستان عالیہ میں موجود قیمتی کتابیں اور دیگر چیزیں بھی تباہ ہوچکی ہیں ۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے ۔ آگ نمودار ہونے کے فورا بعد پولیس اور جائر اینڈ ایمرجنسی علاقے میںپہنچی جنہوںنے آگ پر قابو پالیا۔
نیشنل کانفرنس نے حلقہ انتخاب امیراکدل میں ممبرشپ مہم کا جائزہ لیا
سرینگر//نیشنل کانفرنس حلقہ انتخاب امیرا کدل کی خواتین ونگ کا ایک اجلاس صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی صدر خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری اور یوتھ صوبائی صدر سلمان علی ساگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں حلقہ انتخاب امیرا کدل میں جاری پارٹی سرگرمیوں اور پارٹی پروگراموں کے بارے میں جانکاری حاصل کی گئی اور ممبرشپ مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ناصر اسلم وانی نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیساتھ ساتھ لوگوں کے مسائل ومشکلات اُجاگر کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔
عرس مرزا اکمل الدین بدخشیؒ عقیدت کے ساتھ منایا گیا
سرینگر// مولانا مرزا اکمل الدین بدخشیؒکے سالانہ عرس کی اختتامی تقریب عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ سب سے بڑی تقریب اُن کی زیارت گاہ درگاہِ اکملیہ حول میں منعقد ہوئی جہاں نماز فجر کے بعد روح پرور مولود خوانی کی مجلس آراستہ ہوئی۔ نمازظہر کے بعد مولانا ریاض احمد ہمدانی نے نئے ہجری سال ۱۴۴۳ کی آمد ، مقدس اور بابرکت محرم الحرام کی فضیلت کے ساتھ ساتھ مرزا اکمل الدین بدخشیؒ کے تاریخ ساز اسلامی کارناموںپر روشنی دالی ۔
جاوید بیگ نے گٹیار ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا
سرینگر//اپنی پارٹی ترجمان جاوید حسن بیگ نے پر اسرارگٹیار ہلاکت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جہاں لاپتہ ہونے کے بعد ایک خاتون باغ میں مردہ پائی گئیں۔ ایک بیان میں بیگ نے کہاکہ پولیس کو فوری کارروائی کرتے ہوئے اِس سنگین واقعہ میں ملوث قصور واروں کو گرفتار کرلینا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ ’’اِس واقعہ پر لوگوں میں غم وغصہ ہے، تحقیقاتی ایجنسیوں کو چاہئے کہ مجرموں کو کیفر ِ کردار تک پہنچایاجائے تاکہ لوگوں کا نظام پر اعتماد قائم ہو‘‘بیگ نے کہاکہ حال ہی میں اس طرح کے واقعات میں زبردست اضافہ ہوا ہے جس میں لوگوں کو بے رحمی سے قتل کیا جا رہا ہے اور مجرم بغیر کسی کارروائی کے فرار ہو جاتے ہیں۔
لائوڈا کی انہدامی مہم جاری،کئی ڈھانچے مسمار
سرینگر// لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی(لاوڈا) نے منگل کو میرک شاہ چینل میں ٹھوس فضلہ ہٹانے کی مہم کا آغاز کیا۔یہ مہم غیر سرکاری تنظیم کے تعاون سے شروع کی گئی۔اس موقع پر حکام نے پرنواحی علاقوں میں رہنے والے باشندوں پر زور دیا کہ وہ ٹھوس فضلہ کو آبی ذخائر بالخصوس میرک شاہ چینل میں نہ پھینکیں کیونکہ کوڑے کرکٹ کا بہت زیادہ حصہ ڈل جھیل میں جاتا ہے۔دریں اثناء لاوڈانے کئی علاقوں میں4 ڈھانچے مسمار کر دئے۔حکام نے بتایا کہ لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے قریشی محلہ ، حکیم محلہ لال بازار ، فشر مین کالونی ،کوہن کھن، ڈبلیو ایف آر اور برزہامہ کے علاقوں میں4 ڈھانچے مسمار کر دئے۔
انجمن اوقاف اور مولانا اخضرکی نئے ہجری سال کی آمد پر مبارکباد
سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے نئے سال 1443ھ کی آمد پرجموںوکشمیرسمیت عالم اسلام کے تمام مسلمانوں کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہر نیا سال اور نئی تقویم ہمیںاحتساب نفس ، احتساب خویش اور احتساب کائنات کی دعوت دیتا ہے۔ ایسے میںہمیں اپنے ماضی سے سبق لیکر اپنے حال اور مستقبل کو بہتر اور درخشاںبنانے کی اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں ۔بیان میں کہا گیا کہ عصر حاضر میں ملت اسلامیہ اور اسلام کو جن چلینجز اور گوناگوں مسائل و مشکلات کا سامنا ہے اور جموںوکشمیر میں جو انتہائی سنگین اور ابتر صورتحال ہے ان سے نجات کیلئے انتہائی ضروری ہے کہ ملت اسلامیہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں خصوصیت کے ساتھ کتاب و سنت اور وحدت کلمہ کی بنیاد پرملی اتحاد و یکجہتی اور دین حق کے تئیں اپنے غیر متزلزل اعتماد اور یقین کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف اور صرف اللہ تعالیٰ سے مدد اور استعانت کے طلبگار ہوں۔ادھر انجمن علماے احناف جموںکشمیر کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے اہل اسلام کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ کرے یہ سال ہم سب کیلے سلامتی کا پیغام لے کر آئے۔ دریں اثنا مولانا نے حضرت مرزا کامل ؒ کی زیارت پر بھی حاضری دی۔
پکھر پورہ آتش زدگی پر ہانجورہ کا اظہار رنج
سرینگر // پی ڈی کے سینئر لیڈر غلام نبی لون ہانجورہ نے پکھر پورہ میں دارلعلوم حضرت علی الابلخی آتش زدگی کے واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارالعلوم کی عمارت مکمل طور پر خاکستر ہوگئی ہے۔ اُنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ساری عمارت کو شان رفتہ کے ساتھ سر نو تعمیر کیا جائے۔
ایس ایس پی بڈگام کی شیعہ رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ
نیوز ڈیسک
بڈگام//محرم الحرام کے مقدس مہینے کے پیش نظر بڈگام میں پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈ کوارٹر بڈگام میں شیعہ رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کی۔میٹنگ کی صدارت ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم نے کی ۔شرکاء نے پولیس کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔پولیس نے کمیونٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ کوویڈ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں ۔