اننت ناگ کا لاپتہ استاد چندی گڑھ سے بازیاب
عارف بلوچ
اننت ناگ // اننت ناگ سے لاپتہ ہوئے سرکاری استادکو چندی گڑھ سے بازیاب کیاگیا۔محمد حسین ڈار ساکنہ براکپورہ اننت ناگ سرکاری ٹیچر جو گذشتہ روز اچانک لاپتہ ہوا تھا کو اننت ناگ پولیس کی مدد سے چندی گڑھ سے بازیاب کیا گیا۔اہل خانہ نے معاملہ کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا ، اننت ناگ پولیس کے علاوہ عام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ماسٹر جی کی باز یابی میں غیر معمولی رول ادا کیا۔
ٹنگمرگ میں بچے برف باری کے باوجوداسکول پہنچے
ٹنگمرگ//مشتاق الحسن//سب ڈویژن ٹنگمرگ میں سوموار کوچھٹی سے آٹھویں تک سرکاری ونجی اسکولوں میں کلاسوں میں درس وتدریس کاعمل جوش وخروش کے ساتھ شروع ہوا۔برف باری کے باوجود اکثر بچوں نے اسکول جانے کو ترجیح دی اور اسکول میں اپنی حاضری کو یقینی بنایا ۔کئی بچوں نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ وہ اسکول جاکر اپنے ہم جماعتوں سے مل کر بہت خوش ہوئے۔استاد اشفاق احمدبٹ نے بھی ایک سال بعد اسکولوں کے دوبارہ کھلنے پرمسرت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی دوبارہ ایسے دن کبھی نہ دکھائیں۔
انسانی بنیادوں پرسفری دستاویزات فراہم کریں
پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی خواتین کا مطالبہ
نیوز ڈیسک
سرینگر//پاکستا نی زیر انتظام کشمیر کی خواتین نے ہند وپاک حکومتوں اور انسانی حقوں کی عالمی تنظیموں سے انہیں سفری دستاویزات اور شہریت فراہم کرنے میں اپنا کردارادا کرنے کی اپیل کی ۔ایوان صحافت کشمیر میں پریس کانفرنس کے دوران ایک پاکستانی خاتون اس وقت رو پڑیں جب انہوں نے بتایا کہ چند ماہ کے دوران ان کے گھر میں3قریبی رشتہ داروں کی موت واقع ہوگئی لیکن وہ نہیں جا سکی ۔انہوںنے کہا کہ آج پوری دنیا میں یوم خواتین منایا جا رہا ہے ، اس موقع پر ہمارا مطالبہ ہے کہ ان پر رحم کھا کر انسانی بنیادوں پر انہیں پا کستان زیر انتظا م کشمیر جانے کیلئے دستاویزات فراہم کئے جائیں۔
اننت ناگ میں غیر قانونی طور کاٹی گئی لکڑی ضبط
عارف بلوچ
اننت ناگ //فارسٹ پروٹیکشن فورس کے اہلکاروں نے دیسو ڈکسم علاقے میں ایک رہائشی مکان سے غیر قانونی طور کاٹی گئی لکڑی ضبط کی۔فارسٹ پروٹیکشن فورس کے اہلکاروں نے مقامی رینج آفیسر کے ہمراہ دیسو ڈکسم علاقہ میں ایک مخصوص اطلاع پرمعراج احمد ڈیکا کے مکان پر چھاپہ مارا ۔ مکان مالک نے گھر کے باہر دروازے کو مقفل کیا اور چھاپہ مار ٹیم کے خلاف مزاحمت کی۔فارسٹ پروٹکشن فورس کی سخت کوشش کے بعد اُن کے گھر سے ساون درخت کے 27 عدد جن کی پیمائش قریباً 18.57 مکعب فٹ ہے کو ضبط کیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر فارسٹ پروٹکشن فورس کا کہنا ہے کہ اس غیر قانونی کام میں محکمہ جنگلات کا ایک کیجول لیبر ملوث پایا گیا جس کو نوکری سے برخواست کیا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ معاملہ کے حوالے سے پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ۔
مونگا کا ڈاکٹر سجاد پیرزادہ سے اظہار تعزیت
سرینگر// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر جی این مونگا نے پیر حسام الدین کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کیا ، جو مشہور ریڈیولاجسٹ ڈاکٹر سجاد پیرزادہ کی والدہ اور سینئر کانگریس رہنما پیرزادہ محمد سیدکی رشتہ دار تھیں۔مونگا نے اس موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کیلئے ہمت کی دعا کی ۔ انہوں نے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔
اونتی پورہ پولیس نے ہونہار طالبات کو توصیفی اسناد سے نوازا
سرینگر// اونتی پورہ پولیس نے خواتین کے عالمی دن پر 12ویں جماعت میں بہترین نتائج حاصل کرنے والی طالبات کو پولیس ضلع اونتی پورہ نے اعزاز سے نوازا۔ایس ایس پی اونتی پورہ طاہر سلیم اس تقریب میں مہمان خصوصی تھے ۔ اس کے علاوہ ایس ڈی پی او اونتی پورہ اور ڈی وائی ایس پی بھی موجود تھے۔ایس ایس پی اونتی پورہ نے صبا رفیق ، نورالصبا ، غزالہ جاوید ، ماہیبہ وسیم ، بتول فیاض اور دیگر طالبات کو ٹرافی اور تعریفی اسنادسے نوازا ۔ایس ایس پی اونتی پورہ نے ہونہار طالبات کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہیں تعلیم میں شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی جس کے نتیجے میں ان کی نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوسری طالبات کو اسی طرح کی ترغیب دیں ۔ انہوں نے اساتذہ ، سرپرستوں اور والدین کوبھی ان کامیابیوں کی کاوشوں پر سراہا۔ایس ایس پی اونتی پورہ نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے عزم کی سمت پر توجہ مرکوز رکھیں اور دوسروں کے لئے ایک تحریک بن کر رہیں۔اس پروگرام کا مقصد قومی سطح کے امتحانات کو روکنے کے لئے مزید تعلیم حاصل کرنے کے لئے ان کی ہمت کو فروغ دینے کے لئے ماہرین تعلیم کے میدان میں ہونہار طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔