اونچے داموں گوشت فروخت کرنے کاشاخسانہ
چاڈورہ میں قصابوں کی تین دکانیں سربمہر
ارشاداحمد
بڈگام//رانگر اور ناگم چاڈورہ میں حکومت کی طرف سے مقرر کئے گئے نرخ کے بجائے اونچے داموں گوشت فروخت کرنے والے تین قصابوں کی دکانیں انتظامیہ نے سربمہر کردیں۔ نائب تحصیلدار ناگم کی قیادت میں حکام کی ایک ٹیم نے بازاروں کا معائنہ کیا جس دوران سرکار کی طرف سے مقررکئے گئے نرخوں کے بجائے اضافی نرخوں پر گوشت فروخت کرنے کی پاداش میں تین قصابوں کی دکانیں سربمہر کردی گئیں۔اس بارے میں تحصیلدار چاڈورہ نصیر احمد نے بتایا کہ انہیں متعدد علاقوں سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ حکومت کی طرف سے مقررہ نرخوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قصاب اونچے داموں گوشت فروخت کررہے تھے اورسب ڈویژنل مجسٹریٹ چاڈورہ کی ہدایت پرمتعدد علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیاگیااور سرکاری نرخوں 535روپے کلو کے بجائے 600 روپے کلوگوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف باضابطہ کیس درج کئے گئے۔
’اقلیتوں کوتعلیمی اور معاشی طور بااختیار بنایا جارہا ہے‘
سرینگر // وزارت اقلیتی امور کے وقف ڈیولپمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وزارت اقلیتی امور کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا مکمل خاکہ پیش کیا۔ ڈاکٹر اندرابی نے بتایا کہ مرکزی وقف کونسل کی جانب سے اٹھائے گئے نئے اقدامات کے نتیجے میں ملک میں ان اسکیموں کے نفاذ میں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔انہوں نے کہا ’’ہمارے پیش روؤں کے برخلاف ہم نے زمینی سطح پر فلاح و بہبود پر توجہ دی ہے تاکہ ہندوستان میں اقلیتوں کو تعلیمی اور معاشی طور پر بااختیار بنایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں اقلیتوں کا سیاسی ایجنڈوں کیلئے کئی دہائیوں سے استحصال کیا جارہا ہے لیکن مودی سرکار کے تاریخی فیصلے ان استحصالی اقلیتوں کو بااختیار بنارہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر مختار عباس نقوی کی رہنمائی میں ایم ایم اے ہندوستان میں اقلیتی بہبود کیلئے ایک صاف اور شفاف روڈ میپ پر کام کر رہی ہے ۔‘‘ اندرابی نے کہا، پری میٹرک اسکالرشپ اسکیم ، پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیم ، مولانا آزاد نیشنل فیلوشپ اسکیم ، اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے امیدواروں و طلباء کیلئے مفت کوچنگ اور مربوط اسکیم سے تعلق رکھنے والے طالب علم کیلئے بیرون ملک مطالعات کیلئے تعلیمی قرضوں پر سود سبسڈی اور اسکیم معاون اقلیتی طلباء کو یو پی ایس سی ، ریاستی سول سروسز میں معاونت ہندوستان میں اقلیتوں کے تعلیمی بااختیار بنانے کے مضبوط ہتھیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان اسکیموں کے علاوہ ہندوستان میں اقلیتوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے چھ خصوصی ضرورت کے پروگرام اور تین ادارہ جاتی گرانٹ اسکیمیں بھی قومی سطح پر نافذ کی گئیں۔
نورآباد میں کان کنی پالیسی کیخلاف احتجاج
سری نگر// اپنی پارٹی نے حال ہی میں متعارف کی گئی کان کنی پالیسی کے خلاف جموں وکشمیر کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔اسی سلسلے میں پنی پارٹی کی جانب سے نورآباد کے کارکنوں نے نئی کان کنی پالیسی کے خلاف بھٹی پورہ نہامہ پل تک احتجاجی مظاہرے کئے ۔اس دوران احتجاج کی قیادت اپنی پارٹی کے چیف کوارڈنیٹر و سابق وزیر عبدالمجید پڈر کر رہے تھے، کے این ایس کے مطابق الطاف بخاری کی سربراہی میں اپنی پارٹی جموں و کشمیر میں موجودہ ارضیات اور کان کنی کی پالیسی کو واپس لینے کا مطالبہ کررہی ہے۔ اس دوران کارکنان نے محکمہ پی ڈی ڈی دمہال ہانجی پورہ کے اعلی آفسران کے خلاف بھی زبردست نعرہ بازی کی۔ اس دوران عبدالمجید پڈر نے ایک احتجاجی ریلی کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ، ’’کان کنی معاہدوں کی الاٹمنٹ میں مقامی افراد کو کوئی نمائندگی نہیں ملتی۔ باہر کے ٹھیکیداروں کو غیر قانونی طور پر ٹھیکے الاٹ کیے گئے۔‘‘
نئی دہلی پڑوسیوں کیساتھ بہترتعلقات کی خواہاں
پاکستان کو بھارت مخالف سرگرمیاں ترک کرنی چاہیے:انوراگ سری واستو
سرینگر //بھارت، پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ بہترتعلقات کا خواہاں ہے۔اس بات کااظہار وزرات خارجہ کے ترجمان نے کیاہے ۔سی این آئی کے مطابق میڈیا بریفنگ کے دوران وزرات خارجہ ترجمان انوراگ شری واستو نے کہا کہ بھارت اب ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گا ۔اسی دوران انہوں نے بتایا کہ بھارت پاکستان سمیت اپنے تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس کے لئے ہمسایہ ملکوں کو بھارت مخالف سرگرمیوں پر روک لگا دینی چاہے ۔سری واستو نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان کے ساتھ پرامن اوربہتر تعلقات رہیں تاہم بہترتعلقات کیلئے لازمی ہے کہ پرامن اور خوشگوارماحول تیار کیاجائے، پاکستان کوبھی اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے اورہرطرح کی انتہا پسندی کی سرگرمیوںکومکمل طور پرختم کرنا چاہیے۔ جموں کشمیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیرمیں امن وترقی کو سبوتاژکرنے کیلئے کئی عناصرسرگرم ہیں لیکن ایسے عناصرکوسختی کیساتھ کچلنے کی ضرورت ہے اور کہا کہ ملک کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں امن و امان کو بگاڑنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی امن مخالف سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔پاکستان کو ایک بار پھر بر اہ راست نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے اس بات کو واضح کیا ہے کہ جب تک سرحدپار بھارت مخالف انتہاپسندسرگرمیاںختم نہیں ہوںگی تب تک بہترتعلقات اورجامع مذاکراتی عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔انہوں کہا کہ بھارت مخالف سرگرمیوں کو بند کرنے کے لئے پاکستان کو اقدامات کرنے چاہے تاکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں بہتری لائی جائے ۔
آری پل ۔ڈارگنائی گنڈ سڑک کی کشادگی
کئی کنبے بے گھرہونے کا اندیشہ: الطاف ٹھاکر
ترال//سید اعجاز//بھارتیہ جنتا پارٹی کے جموں و کشمیر کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے جنوبی کشمیر کے تحصیل آری پل میں آری پل ۔ڈار گنائی گنڈ سڑک کومزید کشادہ نہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ کلو میٹر لمبی سڑک کو مزید کشادہ کرنے سے کئی کنبے متاثر ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے اس حوالے سے ایل جی انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔بی جے پی ترجمان الطاف ٹھاکر نے سنیچر کے روز سب ضلع ترال کے آری پل تحصیل کے کئی گائوں کا دورہ کیا ہے جس دوران ڈار گنائی گنڈ گاوں کے لوگوںنے بتایا کہ آری پل سے ڈار گنائی گنڈ تک سڑک کی مزید کشادگی سے انہیں سخت پریشانیوں کا سامنا ہے اور انہیں خدشہ ہے کہ وہ بے گھر ہو جائیں گے ۔دورے کے بعد الطاف ٹھاکر نے میڈیا کے نام جاری ایک بیان میں بتایا کہ مذکورہ سڑک بہتر انداز میں کشادہ ہے، جو صرف ڈیڈھ کلو میٹر ہے جبکہ یہاں ٹریفک کا دبا ئوبھی نہیں رہتا ہے ۔انہوں نے بتایامحکمہ آر اینڈ بھی سڑک کو تعمیر کرنا چاہتا ہے جس کی وجہ سے یہاں کئی کنبے متاثر ہو کر بے گھر ہو سکتے ہیں انہوں نے اس حوالے سے ایل جی انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ٹھاکر نے کہا کہ محکمہ آر اینڈ بی کی روڑ کو کشادہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جس کی وجہ سے درجنوں خاندان سڑک کی چوڑائی کو 25میٹر سے بڑھا کر 50میٹر کردیا جائے تو بے گھر ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف 1.5 کلومیٹر سڑک کا فاصلہ ہے جو پہلے ہی کشادہ ہے ۔
بانڈی پورہ میں صحافیوں کیلئے تربیتی ورکشاپ
عازم جان
بانڈی پورہ//ضلع اطلاعاتی مرکزبانڈی پورہ کی جانب سے منی سیکریٹریٹ میں صحافیوں کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میںپرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔ ورکشاپ کا افتتاح ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے کی جبکہ جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد ،ضلع انفارمیشن افسر جہانگیر آخون اور دیگر افسران موجود تھے۔ ڈاکٹر فوزیہ آفاق اور مدثر شاہ نے صحافت کے مختلف موضوعات بالخصوص صحافتی اقدار اور جعلی خبروں پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے صحافیوں اور لوگوں کے درمیان تال میل کو اہمیت کا حامل قرار دیا ۔
ڈاکٹر فاروق کی حضرت زین الدین سخی ؒ کے عرس پر مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ حضرت زین الدین سخیؒ عشمقام کے سالانہ عرس پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء کرام کی تعلیم ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام کی بدولت ہی اہل کشمیر دین اسلام کی نعمت سے فیضیاب ہوئی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اورضلع صدر اننت ناگ الطاف احمد کلو نے بھی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اننت ناگ میں چوروں نے آٹو اڑالیا
عارف بلوچ
اننت ناگ// اننت ناگ میں دوران شب چوروں نے ایک شہری کے صحن سے آٹو اڑالیا ہے ۔ محمد امین آہنگر ساکن میر دانتر کے مطابق اُس نے اپنے آٹو زیر نمبر JK03B-2372کو مکان کے صحن میںرکھا تھا جسے دوران شب چوروں نے اڑا لیا۔ مقامی لوگوں نے ضلع میں چوری کی بڑھتے واقعات پرتشویش کااظہار کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ علاقے میں چورسرگرم ہین اورابھی تک پولیس انہیں پکڑنے میںناکام ہے ۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ مذکورہ شہری کیلئے یہ آٹو ہی آمدنی کاایک ذریعہ تھا۔
شوپیان اور ترال میںاپنی پارٹی کیعہدیدار مقرر
سرینگر//جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے ضلع شوپیان اور اسمبلی حلقہ ترال میں دفتری عہدیداران کی تقرریاں عمل میں لائی ہیں۔ صوبائی صدر کشمیر کی تجویز اورضلع صدر شوپیان کے ساتھ مشاورت کے بعد عہدیداران کے ناموں کی منظور ی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے دی ۔بیان کے مطابق عبدالقیوم شاہ اور ایڈوکیٹ گوہر احمد وانی کو ضلع نائب صدر، ایڈوکیٹ محمد تنویر ٹاک کو ضلع سیکریٹری اور اطہر مظفر ریشی کو ضلع آرگنائزر مقرر کیا ہے۔ ادھر اسمبلی حلقہ میں عبدالسلام ملک کو چیف کارڈی نیٹر، غلام نبی لون کو بلاک صدر اڑی پال، نثار احمد شاہ کو بلاک صدر ڈاڈ سرہ اور غلام محمد وانی کو بلاک صدر ترال بنایاگیاہے۔
پولیس کی منشیات مخالف مہم
ہندوارہ اورویری ناگ میں 3 افراد گرفتار
اشرف چراغ+عارف بلوچ
کپوارہ+اننت ناگ//منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے ویری ناگ میںتین افرادکو گرفتارکرکے اْن کے قبضے سے شراب اور چرس برآمد کرلیا۔ ہندوارہ کے ولگام تھانہ سے وابستہ اہلکاروں نے ناکے پر ایک سکو ٹی زیر نمبرHR05BA-3742پر سواردو افراد سے تلاشی کے دوران 50گرام چرس اورنقدی1900روپئے ضبط کئے۔ پولیس نے طارق احمد وار عرف ٹائیگر ماما ساکن ہردونہ اور غلام نبی ڈار ساکن پازیپورہ کو گرفتار کرکے اُن کی تحویل سے 50 گرام چرس اور نقدی 1900 روپے ضبط کرلئے ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر 21/2021کے تحت درج کیا ۔ادھرڈورو پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب ضبط کیا ہے۔ایس ایچ او ڈورو نذیر اندرابی نے ایس ڈی پی او ڈاکٹر اشانت گپتا کی نگرانی میں محمد صادق شاخساز ساکنہ شاخساز محلہ ویری ناگ کی تحویل سے شراب کی 38 بوتلیں ضبط کی ہیں۔پولیس نے مذکورہ شہری کو گرفتار کرکے معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 19/2921 درج کیا ہے۔ایس ڈی پی او نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات کا قلع قمع کرنے کے لئے پولیس کو اپنا تعاون دیں۔
منشیات کے مضر اثرات
ڈگری کالج کرناہ میں جانکاری کیمپ
سرینگر //منشیات سے بیداری کیلئے ڈگری کالج ٹنگڈار میں ایک جانکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں کالج میں زیر تعلیم طالب علموںکے علاوہ علاقہ کے معزز شہریوں نے شرکت کی ۔جوڈیشل مجسٹریٹ کرناہ محمد وسیم مرزا اور میڈیکل آفیسر ایس ڈی ایچ ٹنگڈار ڈاکٹر مختار احمد پیر کوموضوع کی مناسبت سے لیکچرر دینے کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔مقررین نے منشیات کے استعمال کے مضر اثرات پر تبادلہ خیال کیا اور منشیات کی لت کے خاتمے کے لئے حفاظتی اقدامات کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔منتظمین کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلباء میں منشیات کی لت کو روکنے کیلئے ضروری اقدامات کرنا ہے۔اس موقع پر جوڈیشل مجسٹریٹ کرناہ محمد وسیم مرزا نے منشیات کے استعمال کے قانونی پہلو کے بارے میںروشنی ڈالی ۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ منشیات کے استعمال اور دیگر معاشرتی برائیوں میں ملوث نہ ہوں اور اس کے بجائے تعلیم اور کھیلوں کے میدان میں رول ماڈل بنیں۔محکمہ صحت سے وابستہ ڈاکٹر مختار احمد پیر نے بتایا کہ ڈی ایڈیکشن سنٹروں میں داخل ہونے والے افراد میں تقریباً91فیصد کا تعلق 17سے35سال کے درمیان ہوتا ہے ۔ تقریب کی صدارت کرنے والے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر جی ایم لون نے صدارتی خطاب پیش کیا اور مقررین کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں ایس ایچ او کرناہ مدثر احمد کے علاوہ کالج کے تدریسی و غیر تدریسی عملہ نے شرکت۔
جی اے میر کا قرہ خاندان سے اظہار تعزیت
سرینگر//جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میر نے محمد اقبال قرہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ کنبے سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔موصوف سینئر کانگریس لیڈر طارق حمید قرہ کے چچا زاد بھائی تھے۔انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔دریں اثناء جے کے پی سی سی کے دیگر لیڈران نے بھی غمزدہ کنبے بالخصوص طارق حمید قرہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔