یاسر ریشی کی کمشنر سیکریٹری سے ملاقی
مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ
سرینگر// قانون ساز کونسل کے سابق رکن یاسر ریشی نے پیر کو کمشنر سیکریٹری اعلیٰ تعلیم سے ملاقات کی اور سوناواری علاقے کے طلباء کے داخلہ سے متعلق امور پر بات کی ۔انہوں نے کہا کہ یہ طلاب سمبل اور حاجن کے علاوہ اجس ڈگری کالجوں میں داخلے سے انکار پر احتجاج کر رہے ہیں۔یاسر ریشی نے کمشنر سیکریٹری سے ترجیحی بنیادوں پر اس مسئلہ کے ازالے کا مطالبہ کیا۔ کمشنر سکریٹری نے انہیں یقین دلایا کہ طلباء کو اپنے متعلقہ کالجوں میں داخلہ ملے گا۔ یاسر ریشی نے کہا کہ انہیں کمشنر سیکریٹری کی طرف سے یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ جو لوگ اپنی پسند کے مضامین کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں انہیں قریبی کالجوں میں داخلہ مل جائے گا۔
سوپورمیں طبی سہولیات کا فقدان
بی ایم اوکی کرسی کئی مہینوں سے خالی:ارشاد کار
سرینگر//نیشنل کانفرنس لیڈر ارشادرسول کارنے سوپورمیں طبی سہولیات کے فقدان پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ بلاک میڈیکل افسرکی کرسی کئی مہینوں سے خالی ہے ۔انہوںنے سب ضلع ہسپتال اوردیگرطبی مراکز میں طبی ونیم طبی عملہ کی کمی کامعاملہ اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ افرادی قوت کی کمی اورسہولیات کے بغیر ہسپتال میں کورونا کامقابلہ کیسے کیا جائے گا ۔ اپنے ایک بیان میںکار نے کہاکہ سب ضلع ہسپتال سمیت سوپور تحصیل کی حدودمیں قائم بیشترطبی مراکز میں لازمی سہولیات اورافرادی قوت کی کمی ہے ۔انہوں نے انتظامیہ بالخصوص ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزکشمیرسے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ۔
پکھر پورہ میں یوریا کھاد کی مصنوعی قلت ، کسان پریشان
سید اعجاز
پلوامہ//پکھر پورہ میں یوریا کھاد کی مصنوعی قلت کے باعث علاقے کے کسان پریشانیوں کا سامنا کررہے ہیں۔مقامی کسانوں نے بتایاکہ علاقے میں یوریا کھاد کی مصنوعی قلت پیداکی گئی ہے ۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ یوریا کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے اور کسان باغات اورفصلوںکوکھاد ڈالنے سے قاصر ہیں ۔ اس سلسلے میں تحصیلدار چرار شریف مبشر محمد بٹ نے بتایا کہ علاقے میں مصنوعی کھاد کی قلت پیدا کرنے والے تاجروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اورکھاد کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر کارروائی کی جائے گی ۔
اننت ناگ میں بھاجپا کے یوم تاسیس پر تقریب
سرینگر// ضلع اننت ناگ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوم تاسیس پر پارٹی کارکنوں اورلیڈران کی جانب سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں محمد رفیق وانی نیشنل کونسل ممبر،مہیلا مورچہ کی رمیسہ رفیق،آئی ٹی اینڈ سوشل میڈیا انچارج جنوبی کشمیر پنکا ملک کے علاوہ باقی لوگوں نے بھی شرکت کی ۔
اننت ناگ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے انتخابات
فیاض لولو جنرل سیکریٹری منتخب ،صدارتی عہدے کیلئے اگلے ہفتے ووٹنگ
عارف بلوچ
اننت ناگ // اننت ناگ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے لئے منگل کو انتخابات ہوئے اور صدارتی عہدے کیلئے امیدواروں کا مقابلہ برابر رہا جبکہ نائب صدر اور جنرل سیکریٹری عہدوں کے لئے بھی کانٹے کی ٹکر ہوئی ۔ڈاک بنگلہ میں منعقد ہوئے انتخابات اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سید یاسر کبروی ،تحصیلدار اننت ناگ عبدالواسی دیوا اور ضلع انفارمیشن افسر خان زادہ محمد عثمان کی نگرانی میں ہوئے۔ انتخابات صاف وشفاف طریقے سے انجام پذیر ہوئے جس میں مختلف اداروں سے وابستہ 48 صحافیوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔صدارتی عہدے کے لئے ایس طارق اور خالد منتظر کے درمیان مقابلہ برابر رہا اور اگلے ہفتے میں دوبارہ ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ فیاض احمد لولو نائب صدر اور ساحیل سہیل جنرل سیکریٹری عہدوں کیلئے کامیاب قرار پائے۔کامیاب امیدواروں نے صرف 4 ووٹوں سے جیت درج کی۔اس موقع پر نو منتخب عہدیداروں نے کہا کہ وہ ایسوسی ایشن اور ضلع کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں گے۔
منشیات مخالف مہم
ڈورو پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کیا
عارف بلوچ
اننت ناگ //منشیات مخالف مہم کے دوران ڈورو پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کرکے ممنوعہ اشیاء کو ضبط کیا ۔ڈی ایس پی ڈاکٹر اشانت گپتا اور ایس ایچ او سید نذیر اندرابی کی نگرانی میں پولیس نے ایک ناکہ پر تلاشی کارروائی کے دوران 2 افراد کو مشکوک حالت میں پایا۔پولیس نے تلاشی کے دوران اُن کے قبضے سے 445 گرام چرس اور کوڈین فاسفیٹ 14 بوتلیں بر آمد کیاگیا ہے۔پولیس نے دونوںافراد عاقب مشتاق سہہ ساکن آرہ بل ڈورو اور اویس احمد وانی ساکن کھڈحمام ڈورو کو گرفتار کرکے معاملہ کی نسبت کیس زیر نمبر 22/2021 درج کیا ہے۔پولیس نے منشیات مخالف میم میں عوام سے تعاون طلب کیا ہے۔
اکنامک الائنس کا خالد بابا اور طارق بابا کے ساتھ تعزیت
سرینگر// کشمیر اکنامک الائنس اور سنٹرل کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی نے تاجر لیڈروں خالد بابا اور طارق بابا ساکن کوکر بازارکے برادر نسبتی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ الائنس کے شریک چیئرمین نے کہا کہ مرحوم شریف النفس اور نیک انسان تھے۔ فاروق احمد ڈار جوکارڈی نیشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری بھی ہیں ،نے مرحوم کے حق میں مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔