راجوری میں ایک دن کے 232کووڈکیس درج
سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں کووڈ کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو تا جارہا ہے جبکہ گزشتہ روز انتظامیہ کی جانب سے ایک دن کے سب سے زیادہ 232کووڈ معاملات درج کئے گئے ہیں ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ٹھا کر شیر سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں کی گئی کووڈ جانچ کے دوران کل 232نئے کووڈ کیس سامنے آئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ تعداد ایک دن کی سب سے زیادہ تعداد ہے ۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ نوشہرہ سے ڈویژن میں سب سے زیادہ 66کیس درج کئے گئے ہیں جبکہ راجوری سے 53کالا کوٹ سے 36،سندر بنی سے 34درہال سے 26اور کوٹرنکہ سے 17کووڈ کیس سامنے آئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ تمام کیس مقامی ہی جبکہ عام لوگوں کو چاہئے کہ وہ زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں تاکہ وائرس کے پھیلا ئو کوکم کیا جاسکے ۔ضلع میں گزشتہ رو ز 2افراد کی کووڈ سے موت بھی واقعہ ہو ئی ہے ۔ان میں سے کالا کوٹ کے سیال سوئی علا قہ کے ایک مریض جموں گور نمنٹ میڈیکل کالج میں دم توڑ بیٹھا جبکہ راجوری قصبہ کے جواہر نگرعلاقہ کی ایک خاتون مرنے کے بعد کووڈ مثبت قرار دے دی گئی ۔
پونچھ ضلع میں 95کووڈ کیس ریکارڈ
سمت بھارگو
راجوری //پونچھ ضلع میں انتظامیہ کی جانب سے شروع کر دہ کووڈ ٹیسٹنگ مہم کے دوران گزشتہ روز 95نئے معاملات سامنے آئے ہیں ۔انتظامیہ نے بتایا کہ ضلع کے مختلف علا قوں میں کووڈ کی جانچ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کے دوران مذکورہ نئے معاملا ت ریکارڈ کئے گئے ہیں جبکہ مذکورہ افراد کو تعلق مختلف علا قوں سے ہے ۔ضلع کے کووڈ نوڈل آفیسر زمرد احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع میں نئے آئے 95کیسوں میں حویلی کے 18،منڈی کے 33،سرنکوٹ کے 16اور مینڈھر سب ڈویژن کے 28کیس شامل ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ضلع میں زیر علاج کووڈ معاملات کی تعداد 773ہے جبکہ 2658افراد اس وقت تک کووڈ کو شکست بھی دے چکے ہیں ۔
جمعتہ الوادع ہدایت اور ایس او پیز کے تحت ادا کی جائے گی :علماء
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی اور مضافات میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ جمعتہ الوداع کے اجتماعات کے لئے مساجد کے راستوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، تمام مساجد میں مقررہ اوقات کے مطابق نمازجمعہ ادا کی جائے گی۔ البتہ اس سلسلے میں تحصیل انتظامیہ نے تمام علمائے کرام اورنمازیوں سے ایس اوپیز پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس اوپیز پرعمل درآمد کے لئے شہریوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی اور ایس او پیز پر عمل درآمد کے احکامات برقرار رہیں گے۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے قصبہ کے علماء کرام نے کہا کہ جمعتہ الوادع حکومتی ہدایات اور ایس او پیز کے تحت ہی ادا کیا جائے گا، علماء نے کہا کہ قہر آلود عالمی وبا کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے توکل کے ساتھ ساتھ احتیاط بھی از حد ضروری ہے۔ اس دوران علماء کرام نے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گورنمنٹ کی ہدایات کو مانتے ہوئے اپنے گھروں میں ہی رہیں ، احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ، ماسک پہنیں ، سماجی دوری بنائے رکھیں، سینیٹائزرز کا استعمال کریں اور اس کے بعد ہی مساجد کا رخ کریں۔علماء کرام نے تحصیل انتظامیہ کا بھرپور شکریہ ادا کیا جنہوں نے مصیبت کی اس گھڑی میں ان کا ساتھ دیا۔ انھوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ایسا نظام تشکیل دیا جائے کہ احتیاطی تدابیرکے ساتھ مساجد میں نماز کا اہتمام ہوتا رہے تاکہ ہماری مساجد آباد رہیں ۔
کووڈ لڑائی میں فوج کی خدمات حاصل کرنے کی مانگ
سمت بھارگو
راجوری //راجوری کی سیول سوسائٹی نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں تاکہ وائرس کے پھیلا کو کم کرنے کیلئے منظم طریقہ کار سے کام کیا جاسکے ۔راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران سیول سوسائٹی کے اراکین نے میڈیکل کالج میں آکسیجن پلانٹ لگانے کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس عمل سے مریضوں کو معیاری سہولیات دستیاب ہونگی ۔سیول سوسائٹی اراکین جن میں یوگیش شرما ،تعظیم ڈار اور سشیل شرما شامل تھے ،نے کہاکہ محکمہ صحت کی جانب سے آکسیجن پلانٹ نصب سے مریضوں کیلئے مناسبت سہولیات میسر ہونگی جبکہ مذکورہ مہلوک بیماری کیخلاف لڑائی میں آکسیجن ایک اہم رول ادا کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ فوج کے پاس معیاری انفرا سٹریکچر مووجود ہے جبکہ مذکورہ سہولیت سے مدد لینے کیلئے فوج کو اس لڑائی میں شامل کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی جان بچائی جاسکے ۔
انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران نے پونچھ قصبہ و ہسپتال کا معائینہ کیا
حسین محتشم
پونچھ//ضلع میں کورونا کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے اضافی ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت انقلابی نے ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر شہزان احمدکے ہمراہ پونچھ بازار اور ضلع ہسپتال پونچھ کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کورونا کے مزید پھلائو کوروکنے کے سلسلہ میں ضلع میں اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے لوگوں سے تعاون کی اپیل کی تاکہ کورونا وبا ء کے بڑھتے کیسز کو روکا جا سکے۔انہوں نے پونچھ بازار کے دکانداروں اور صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا گائیڈ لائن پر عمل کریں اور گھروں میں ہی رہیں، ضرورت پڑنے پر ہی گھر سے نکلیں اور گھر سے ضروری کام کے لئے کوئی ایک ہی فرد مارکٹ آئے جو اپنے گھر کے افراد کی ضرورت کے کام کرسکتا ہو ۔ انہوں نے دکانداروں اور صارفین سے مزید کہا کہ سماجی دوری کا خاص خیال رکھیں اور ماسک ضرور پہنیں۔ انہوں نے کہا کہ سبھی لوگ مل کر ہی کورونا کے چین کوتوڑ کر سکتے ہیں۔اپنے دورہ کے دوران موصوف نے ضلع ہسپتال کے اردگرد کی ادویات کی دکانوں کا بھی جائزہ لیا اور انھیں ہدایات دی۔ضلع ہسپتال پونچھ کے افسران سے بھی ملاقات کی۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر میں کورونا وائرس کافی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ ضلع میں کورونا وائرس کاکم سے کم پھیلائو ہو اور تمام لوگ اس وباء سے محفوظ رہیں۔ڈاکٹر بشارت انقلابی نے بتایا کہ یہ مشکل گھڑی ہے اور ہم سب کو مل کر اس سے مقابلہ کرنا ہے انہوں نے کہا تمام لوگ زیادہ سے زیادہ اپنے گھروں میں ہی رہنے کی کوشش کریںایسا کرنے سے ہی اس مہلک وائرس کو روکا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا جو بھی قصبہ میں آتے ہیں وہ ماسک پہن کر رکھیں، اس کے علاوہ ہاتھوں کو سینیٹائزر سے صاف کرتے رہیں اور واپس گھر پہنچ کر کپڑے تبدیل کریں اور پانی سے خود کو اچھی طرح صاف کریں۔انہوں نے کہاجس طرح پچھلے برس لوگوں نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے کورونا کی پہلی لہر کو شکست دی تھی، اب دوسری لہر خطرناک ثابت ہو رہی ہے، ابھی بھی احتیاطی تدابیر والی حکمت عملی مددگار ثابت ہو رہی ہے۔
عوام میں رمضان میں مہنگائی سے بے حال
پھل اور سبزیوں کی قیمت نے دکاندار اور خریدار دونوں کو متاثر کیا
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں رمضان المبارک کے دوران مہنگائی میں اضافہ روزداروں کے لئے پریشان کن ہے۔ مہنگائی کی اہم وجہ ملک میں کووڈ 19 کی تیسری لہر ہے، جس نے پورے ملک کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔رمضان میں پھلوں اور سبزیوں کی تجارت کرنے کا یہ بہترین وقت ہوتا ہے لیکن خریدار اور بیچنے والے دونوں زیادہ قیمتوں کی شکایت کر رہے ہیں۔سیاسی و سماجی شخصیت بشیر احمد خاکی نے کہا کہ کورونا وائرس وبا کے باعث یومیہ مزدوری کرنے والے پریشان ہیں، ان کی آمدنی میں کمی ہوئی ہے، وہ مہنگے پھل نہیں خرید سکتے ہیں ان کا کہنا تھاکہ قیمتیں ہر عام انسان کے لئے سستی ہونی چاہئے اور اس کی قیمت اتنی ہونی چاہئے کہ سبھی لوگ رمضان کے مقدس مہینے میں پھل خرید سکیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان مہینے کے پیش نظر پھلوں اور سبزیوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے وہی ان کی نرخیں بھی آسمان چھونے لگی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لوگ ایک جانب کووڈ 19سے خوفزدہ ہیں تو دوسری جانب اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اضافہ کی وجہ سے ان کے لئے سامان خریدنا مشکل ہوجاتا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے لوگوں کو راحت پہنچانے کی اپیل کی۔