مفرور شخص پولیس گرفت میں
درج کیس کی تحقیقات شروع کر دی گئی
راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں پولیس نے کچھ دنوں سے مفرور ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ اس پر درج کیس کی اب تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس سٹیشن کنڈی میں درج ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 39/2021دو افراد مطلوب تھے ۔مذکورہ معاملہ درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا گیا تھا کہ دو افراد نے ایک کمسن لڑکی کا جنسی استحصال کیا ہے ۔پولیس نے معاملہ درج کر کے اس سلسلہ میں مزید تحقیقات شروع کر دی تھیں ۔پولیس حکام نے ملزمان کو گرفتار کر نے کیلئے اس سلسلہ میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی ۔پولیس کی جانب سے کی گئی کوشش کے دوران 29اپریل کو ایک ملزم جس کی شناخت رمیز احمد شیخ ولد اسداللہ شیخ سکنہ بٹ پورہ بڈگام کے طورپر ہوئی تھی ،کو پولیس نے بڈگام سے گرفتار کیا تھا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرنے کی کوششیں تیز کردی گئی تھی جسکے دوران ایس اچ او کنڈی کی قیادت میں ایک ٹیم نے 8مئی کو دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا جس کی شناخت منوج کمارولد رام کھلاڑی سکنہ ضلع کروالی راجستھان کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
پونچھ میں سڑک حادثہ
کمسن لڑکا از جان، تین شدید زخمی
جموں//سرحدی ضلع پونچھ کی منڈی تحصیل میں گزشتہ روز ایک دلدوز سڑک حادثے میں ایک کمسن لڑکے کی موت جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک ایم یو وی گاڑی منڈی سے راجپورہ کی طرف جا رہی تھی کہ وہ سڑک سے لڑھک کر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں اس میں سوار ایک کمسن کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔متوفی کی شناخت ریاض احمد ولد غلام قادر ساکن راجپورہ کے طور ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت غلام محمد، اعجاز احمد اور عبدالاحد ساکنان راجپورہ کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا ہے۔
مسعود چوہدری کی شریک حیات نور جہان کے انتقال پر اظہار تعزیت
حسین محتشم
پونچھ//معروف ماہر تعلیم بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے سابق وائس چانسلر مسعود چوہدری کی شریک حیات نور جہان طویل علالت کے بعد سنیچر کی صبح انتقال کر گئی۔مرحومہ کے انتقال پر کہکشاں کلچر ر آر گنائزیشن کے چیئر مین شیخ سجاد پونچھی نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مرحومہ کے تمام اہلخانہ کے ساتھ اس غم کی اس گھڑی میں برابر شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرحومہ ایک نیک سیرت خاتون ،مہمان نواز، ملنسار، خوش اخلاق اور باکردار خاتون تھی جن کا انتقال یقینی طور پر ایک بڑا نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ مسعود چوہدری کی کامیابی میں مرحومہ کا بڑا کردار رہا ہے ۔انہوں نے مسعود چوہدری اور ان کے پورے خاندان کو تعزیت پیش کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ہے ۔انہوں نے مسعود چوہدری کی صحتیابی کیلئے بھی دعا کی ہے
مسعود چوہدری کی اہلیہ کی وفات
مشتاق بخاری نے دکھ کا اظہار کیا
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور خطہ پیر پنچال کی معروف شخصیت چوہدری مسعود کی اہلیہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں مشتاق بخاری نے کہاکہ مرحومہ صوم و صلواۃ کی پابند اور نیک سیرت خاتون تھیں جن کا مسعودچوہدری کی کامیابیوں میں بہت اہم رول رہاہے،وہ ان کے قدم بہ قدم چلیں۔انہوں نے کہاکہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور خداوند متعال سے دعاگو ہیں کہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ ملے۔