درہال بند اے ڈی سی کوٹرنکہ معاملہ نہیں ہوا
سوشل میڈیا پر کانگریس کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلایاجارہاہے : اقبال ملک
کوٹرنکہ //کانگریس کے سینئر لیڈر اقبال ملک نے واضح کیاہے کہ گزشتہ ہفتے درہال بند اس لئے نہیں رکھاگیاکہ اے ڈی سی پوسٹ کوٹرنکہ کو دی گئی ہے بلکہ اس بند کی وجوہات سیاسی بنیاد پر علاقے کو نظرا نداز کرناہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ کچھ عناصر کی طرف سے سوشل میڈیا پر ایسا منفی پروپیگنڈا پھیلایاجارہاہے کہ درہال بند اس لئے ہواکہ کوٹرنکہ کو اے ڈی سی پوسٹ ملی ہے تاہم یہ درہال کے لوگوں کے خلاف ایک سازش ہے اور مقامی عوام نے کبھی بھی اس پوسٹ کی مخالفت نہیں بلکہ اس کا کھلے دل سے خیر مقدم کیا ۔ملک نے کہاکہ کچھ لو گ بوکھلاہٹ کا شکار ہوہیں اور وہ بے بنیاد طور پر یہ الزام دے رہے ہیں کہ درہال اس لئے بند رکھاگیاکونکہ کوٹرنکہ میں اے ڈی سی کادفتر کھلاہے ۔انہوںنے کہاکہ ان لوگوںکی طرف سے من گھڑت اور بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلایاجارہاہے جس کی کوئی حقیقت نہیں جبکہ درہال بندعلاقے کو سیاسی بنیاد پر نظرانداز کرنے اور کالج کا قیام عمل میں نہ لانے پر رکھاگیا۔انہوںنے کہاکہ کانگریس مجموعی ترقی پر یقین رکھتی ہے ۔ملک نے کہاکہ وہ کوٹرنکہ میں اے ڈی سی دفتر کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اس سے اس دور دراز علاقے کے لوگوں کو راحت ملے گی ۔انہوںنے کہاکہ درہال کو کالج دیاجائے جس کیلئے مقامی لوگ کئی سال سے مانگ کررہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ علاقے کو سیاسی بنیاد پر نظرانداز نہ کیاجائے اور لوگ ایسے عناصر کی افواہوں اور پروپیگنڈے پر کوئی دھیان نہ دیں جو ایک مخصوص سوچ کے مالک ہیں ۔
عاصمہ جہانگیر کی وفات پر دکھ کااظہا ر
مینڈھر//جموں کشمیر پیپلز ویلفیئر فائونڈیشن کے صدر ایم اے خان نے پاکستان کی حقوق انسانی کی معروف کارکن اور سینئر وکیل عاصمہ جہانگیر کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے ۔انہوںنے مرحومہ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے انسانی حقوق کی بقا کی خاطر نمایاں کام کئے اور اس وجہ سے انہیں انسانی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ مرحومہ کی وفات بہت بڑا نقصان ہے اوراس سے پیدا ہونے والے خلاکو پُر نہیں کیاجاسکے گا۔انہوںنے مرحومہ کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا مانگی ۔
ہرنی میں سابق فوجیوں کا اجلاس منعقد
مینڈھر//ہرنی میں سابق فوجیوںکا ایک اجلاس لیفٹنٹ کرنل نصیب سنگھ ریٹائرڈ ضلع سینک ویلفیئر آفیسر منعقد ہوا۔ اس موقعہ پر بڑی تعداد میں سابق فوجیوں ، ان کی بیوائوں اور دیگر لوگوںنے شرکت کی ۔سیمینار میں کیپٹن محمد اقبال اور کیپٹن اخلاق احمدبھی موجود تھے۔خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے حوالدار شمیم احمد صدر ضلع ایکس سروس مین نے سابق فوجیوں کے مسائل کو اجاگر کیا ۔ میٹنگ کے د وران حال ہی میں آئے ہوئے سابقہ فوجیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے گئے اورآفیسروں نے موقعہ پر تمام سابقہ فوجیوں کو سمارٹ کارڈ کے بارے میں بھی آگاہی دی جبکہ ان میں کینٹین کارڈ بھی تقسیم کئے گئے۔ ضلع سینک ویلفیئر افسران نے یقین دلایاکہ وہ تمام ان مسائل کو حل کریںگے جو ان کی دسترس میں ہیں جبکہ بقیہ مسائل کے حل کیلئے حکام سے بات کی جائے گی ۔لیفٹنٹ کرنل نصیب سنگھ نے سابق فوجیوںسے اپیل کی کہ وہ ایسے پروگراموں اور ریلیوں میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں ۔اجلاس میں صوبیدار محمد اقبال بھٹی ،حوالدار رتن لال ،ریٹائرڈ کیپٹن محمد رزاق ،ریٹائرڈ کیپٹن محمد ایوب،ریٹائرڈ کیپٹن محمد صدیق،کیپٹن صید محمد،حوالدار محمد ریاض،حوالدار محمد سرور خان،حوالدار ذاکر حسین،صوبیدار راج محمد،صوبیدار محمد ایوب،کیپٹن محمد لطیف وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
آنگن واڑی ہیلپروں و ورکروں کا مطالبات پوراکرنے کی مانگ
طارق شال
تھنہ منڈی //آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپروں نے اپنے جائز مطالبات پورے کرنے کی مانگ کرتے ہوئے مشاہرہ میں اضافہ پر زور دیاہے۔تھنہ منڈی کی آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز نے سرکار پر الزام عائد کیا کہ وہ تعلیم یافتہ ان ورکروں کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے اور ورکروں کوماہانہ مشاہرہ 3600جبکہ ہیلپروں کو یہ مشاہرہ 1840 دیاجاتاہے جو شرمناک بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی دیگر ریاستوں میں آنگن واڑی ورکرز کو 10ہزار روپے جبکہ ہیلپرز کو 6ہزار روپے ماہانہ مشاہرہ ملتاہے جبکہ جموں و کشمیر میں ان کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ان کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کو محکمانہ ترقی دی جائے اور سینئر و تعلیم یافتہ ورکروں کو سپروائزر کا عہدہ دیاجائے تاکہ سپروائزروں کی خالی پڑی اسامیاں پُر ہوسکیں
ڈاکٹر یاسمین کی والدہ کا انتقال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے معززین اور صحافتی برادری نے ڈاکٹریا سمین چوہدری کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیاہے جن کی والدہ کی گزشتہ روز وفات ہوگئی ۔ڈاکٹر یاسمین پرائمری ہیلتھ سنٹر تھنہ منڈی میں ہیں ۔مرحومہ کومنگل کے روز اپنے آبائی علاقہ نڈیاں میں پر نم انکھوں کے ساتھ سپردخاک کیا گیا جنکی نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں رشتہ داروں، پڑوسیوں، محکمہ صحت کے ملازمین و دیگر لوگوںنے شرکت کی۔مقامی سماجی و صحافتی برادری نے مرحومہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی ظاہر کی ہے ۔
پہاڑی طبقہ کو ریزرویشن سے شناخت ملی :وکلاء
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے وکلاء نے پہاڑی طبقہ کو تین فیصد ریزرویشن کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے پہلی بار طبقہ کو ایک شناخت ملی ہے ۔ وکلاء کی ایڈووکیٹ شوکت چوہدری کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ریزرویشن کے فیصلہ کا خیر مقدم کیاگیا ۔اس موقعہ پر شوکت چوہدری نے کہاکہ وہ تمام پہاڑی قوم کی طرف سے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون و دیگر لیڈران کا شکریہ اد اکرتے ہیں اور اس تاریخی فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکار کا پہاڑی طبقہ مشکور وممنون ہے جنہوں نے ایک دیرینہ مانگ پورا کرتے ہوئے تین فیصد ریزویشن دی اور اب پہاڑی طبقہ یہ امید کرتاہے کہ ایس ٹی درجہ ضرور ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد قانون سازاسمبلی سے بھی اس بل کاپاس ہونا ایک تاریخی فیصلہ ہے ، اگر چہ اس سے پہاڑی عوام کی مجموعی ترقی نہیں سکے گی لیکن یہ اقدام ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس سے پہاڑی قوم کی شناخت قائم ہوگئی ہے جس کے لئے پہاڑی طبقہ کی طرف سے کئی دہائیوں سے جدوجہد کی گئی۔ ایڈووکیٹ شوکت نے کہا کہ پہاڑی طبقہ کے ساتھ سابقہ حکومتوں کی طرف سے ہمیشہ زیادتی ہوتی رہی اور مرکزی سرکار نے بھی باربار یقین دہانیاں دینے کے باوجود شیڈیول ٹرائپ کا درجہ التوامیں رکھاہوا ہے لیکن آج 71سال بعد محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکار نے پہاڑی قوم کو ایک شناخت دی ہے۔ اس موقعہ پرایڈووکیٹ دلیر خان، ایڈووکیٹ آفتاب حسین شاہ، ایڈووکیٹ ساجد حسین ،ایڈووکیٹ فرید چوہدری، ایڈووکیٹ تنویر اقبال قریشی وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
مینڈھر کے کانگریس کارکنان آزاد سے ملاقی
مینڈھر //سینئر کانگریس لیڈر چوہدری ظفر اللہ آزاد کی قیادت میں ایک وفد نے راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد سے ملاقات کرکے راجوری پونچھ کے مسائل کے بارے میں آگاہی دی ۔وفد نے موصوف کو بتایاکہ ان کے دور میں شروع ہوئے کام کاج سست رفتاری سے چل رہے ہیں اور نئی پروجیکٹوں پر کوئی دھیان نہیں دیاجارہا۔وفد نے کہاکہ اگر موصوف خطہ پیر پنچال کا دورہ کریںگے تو زیادہ سے زیادہ لوگ کانگریس سے وابستہ ہوںگے ۔اس پر غلام نبی آزاد نے یقین دلایاکہ وہ خطہ کا دوروزہ دورہ کریںگے ۔انہوںنے کہاکہ کام کاج کے سلسلے میں وہ ریاستی چیف سیکریٹری سے بات کریںگے ۔انہوںنے ہدایت دی کہ کانگریس کو زمینی سطح پر مضبوط بنایاجائے اور کارکنان محنت و لگن سے کام کریں ۔ان کے ہمراہ یوتھ کانگریس لیڈر عمران ظفر ، ایڈووکیٹ سرفراز چوہدری وغیرہ بھی تھے ۔
عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی
سرنکوٹ میں پولیس متحرک ہوگئی
بختیار حسین
سرنکوٹ //عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے والوں کے خلاف سرنکوٹ میں پولیس نے شکنجہ کستے ہوئے متعدد افراد کے چالان کاٹے ہیں ۔سرنکوٹ پولیس نے یہ کارروائی ایس ایس پی پونچھ کی ہدایت پر انجام دی ہے اوراس کا مقصد ماحول کو صاف ستھرا رکھنا ہے۔ ایس آئی محمد اسلم جٹ نے بدھ کے روز بازار میں عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے والے کئی افراد کے خلاف چالان کاٹے اور انہیں کارروائی کا انتباہ دیا۔انہوںنے کہاکہ اگرعوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کرنا قانونی جرم ہے اور اگر کوئی اس جرم کا ارتکاب کرتاہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
۔3 فیصد ریزرویشن پر حکومت کی سراہنا
بختیار حسین
سرنکوٹ//حکومت کی طرف سے پہاڑی زبان بولنے والے عوام کو تین فیصد ریزرویشن دینے کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے سرنکوٹ کے لوگوں نے کہاہے کہ یہ ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ان کاکہناہے کہ اگرچہ آبادی کے تناسب سے یہ ریزرویشن بہت ہی کم ہے لیکن اس سے شیڈیول ٹرائب کے مطالبے کے پور اہونے کیلئے راہ ہموار ہوگی ۔سابق سرپنچ ہاڑی لوہر مظفر حسین مغل نے کہا کہ پہاڑی طبقہ کو تین فیصد ریزرویشن ملنا خوش آئند ہے اور یہ پہاڑی لیڈران کی محنتوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ پہاڑی طبقہ کئی دہائیوںسے جدوجہد کررہاہے اوراب مرکزی حکومت کو ایس ٹی درجہ دینے میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے ۔مظفر حسین مغل نے کہا کہ تین فیصد ریزرویشن دینا ایک تاریخی اور خوش آئند فیصلہ ہے اور انہیں امید ہے کہ اس کوٹہ میں اضافہ کرکے اسے پانچ فیصد کیاجائے گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تعیناتی قضیہ
۔16فروری کو نوشہرہ بند کی کال
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ نہ دیئے جانے پر بیوپار منڈل نے 16فروری کو بند کی کال دی ہے ۔ بیوپار منڈل نوشہرہ کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں اس بات پر ا تفاق ظاہر کیاگیاکہ سولہ فروری کو نوشہرہ میں بند رکھ کر پرامن طو رپر احتجاج کیاجائے گا۔ بیوپار منڈل صدر سبھاش کپور نے اس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ یکم فروری کو ڈپٹی کمشنر راجوری نے اس بات کا یقین دلایاتھاکہ نوشہرہ میں بارہ فروری تک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کردی جائے گی لیکن ابھی تک اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کیاگیا اور وہ سولہ فروری کو بند رکھیںگے ۔ انہوںنے کہاکہ سولہ فروری کو بازار بند رکھاجائے گا اور ٹریفک نظام بھی نہیں چلے گا جبکہ سرکاری دفاتر میں بھی کوئی کام نہیں ہوگا۔ اس موقعہ پر تمام دکانداروں اور مقامی لوگوںنے حکومت کو انتباہ دیاکہ وہ نوشہرہ میں اے ڈی سی کی تعیناتی عمل میں لائے نہیں تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ وہ کئی عرصہ سے اس کی مانگ کررہے ہیں جس کا حکومت نے بارہا یقین بھی دلایاہے ۔
وزیر اعظم کا تبادلہ طلباء سے تبادلہ خیال
راجوری کے سکولوں میں تیاریاں جاری
سمت بھارگو
سمت بھارگو
راجوری //وزیر اعظم کے ساتھ طلباء کے تبادلہ خیال کے سلسلے میں راجوری میں محکمہ تعلیم نے تیاریاں شروع کررکھی ہیں اور تمام سکولوں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سکولوں میں ٹیلی ویژن ، ریڈیو اور دیگر ترسیلی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ طلباء وزیر اعظم کو آسانی سے سن سکیں اور ان کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کرسکیں ۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ سکول ایجوکیشن کی طرف سے اس سلسلے میں حکمنامہ جاری ہونے کے بعد چیف ایجوکیشن افسر راجوری نے تمام پرنسپلوں ، زونل ایجوکیشن افسران اور ہیڈ ماسٹروں کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ 16فروری کودن کے گیارہ بجے نویں جماعت سے لیکر بارہویں جماعت تک کے طلباء کے وزیر اعظم سے تبادلہ خیال کیلئے تمام تر انتظامات مہیا رکھیں ۔اپنے حکمنامہ میں چیف ایجوکیشن افسر نے ہدایت دی ہے کہ سکولوں میں ٹیلی ویژن ، ریڈیو اور دیگر ترسیلی ذرائع کا انتظام رکھاجائے تاکہ نویںسے بارہویں جماعت تک کے طلباء آسانی سے وزیر اعظم کو سن سکیں اور ان سے تبادلہ خیال کرسکیں ۔یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ سکول سربراہان انتظامات کے حوالے سے تصاویر بھی اٹھائیں اورہدایات پر من و عن عمل کیاجائے ۔
حد متارکہ پر مشکوک نقل و حرکت
راجوری پولیس نے تحقیقات شروع کردی
سمت بھارگو
سمت بھارگو
راجوری //راجوری میں پولیس نے حد متارکہ پر مشکوک نقل و حرکت کی اطلاعات ملنے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہے ۔پولیس کو اطلاع ملی ہے کہ کیری اور بھمبر گلی سیکٹروں میں پڑنے والے ویر بڈیسر وے لیکر پلولیاں علاقے تک کچھ لوگوں کو مشکوک نقل و حرکت کرتے دیکھاگیاہے جس پر تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ ذرائع نے بتایاکہ اس اطلاع پر پولیس نے ان گائوں میں گشت کی جس دوران کچھ شواہد بھی ملے ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ پولیس نے اس کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی کرکے تین سے چار افراد سے پوچھ گچھ بھی کی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ اس حوالے سے ابھی ساری حقیقت سامنے نہیں آئی لیکن یہ نقل و حرکت دراندازی کی کوشش کو کامیاب بنانے کیلئے ہوسکتی ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھی دراندازی ہونے کے بارے میں خبر دار کیاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس اور دیگر افسران نے خود بھی حد متارکہ کادورہ کیا اور تلاشی کارروائی کی نگرانی کی ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ پولیس نے مقامی پولیس تھانے میں ایک رپورٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے اور تین سے چار افراد سے پوچھ تاچھ بھی کی گئی ۔ایس ایس پی راجوری نے بتایاکہ چند افراد کی مشکوک نقل و حرکت پر تحقیقات جاری ہے ۔انہوںنے بتایاکہ وہ اس حوالے سے زیادہ کچھ نہیں بتاسکتے لیکن تحقیقات کی جارہی ہے ۔
Labour