پلس ٹو پی ایس سی لیکچررز ایسوسی ایشن کی وزیر تعلیم سے ملاقات
عظمیٰ رپورٹر
بانہال // پلس ٹو پی ایس سی لیکچرر ایسوسی ایشن کا ایک وفد ایجوکیشن منسٹر الطاف بخاری سے ملاقی ہوا اور ایک عرضداشت پیش کی۔ وفد نے لیکچراروں کے اہم اور حل طلب مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ریگولرائزیشن کرتے وقت پبلک سروس کمیشن کی طرف سے تعینات شدہ لیکچراروں کی سینیارٹی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔جس کا خاص خیال رکھا جانا چاہئے ۔انہوں نے وزیر موصوف سے ایس آر او 743 کو من و عن عملانے کی درخواست کی ہے۔ لیکچراروں نے مزید بتایا کہ اس بارے میں سپریم کورٹ کی واضح ہدایات موجود ہیں جس کے مطابق کسی بھی ملازم کی سینیارٹی اس دن سے طے ہو گی جس دن سے وہ اس پوسٹ پر کام کر رہا ہو۔وفد نے وزیر موصوف سے اس معاملے میں ذاتی مداخلت کی اپیل کی۔وفد نے یاد دہانی کرواتے ہوئے وزیر تعلیم سے دوسرے اہم مطالبات کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی وہ کئی بار عرضداشت پیش کر چکے ہیں ۔اور اہم حل طلب مسائل جیسے Running grade وزیر موصوف کی جانکاری میں لا چکے ہیں۔وفد نے وزیر موصوف سے ان کی دیرینہ مانگ کو پورا کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ خزانہ کا قلمدان سنبھالتے ہی ان کی امیدیں جاگ گئیں ہیں۔اور وہ پر امید ہے کہ اس بارے میں وزیر موصوف جلد ہی اقدامات اٹھائیں گے۔تاکہ لیکچروں کے ساتھ ناانصافی کا ازالہ ممکن ہو۔وفد نے امید ظاہر کی کہ ایس آر آو 202 کو بھی کالعدم کیا جائے گا۔تاکہ نئے تعینات شدہ لیکچرارز کو جو ذہنی کوفت اور پریشانی لاحق ہے وہ بھی دور کی جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر موصوف الطاف بخاری نے ہمیشہ ہی فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیکچراروں کے جایز مطالبات کو نہ صرف سنا ہے بلکہ انہیں پورا کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔اور وزیر تعلیم کے مثبت رویے سے محکمہ میں جو تبدیلیاں وجود پزیر ہوئی ہیں اس کا سہرا وزیر موصوف کے سر جاتا ہے۔اس لئے لیکچرر کیمو نٹی الطاف بخاری کی بہت مشکور وممنون ہے۔وفد کے ہمراہ جو لوگ موجود تھے ان میں اجے سنگھ بلوریا منجیت چب، سندیپ شرما، فاروق احمد گنائی، جاوید اقبال نائیک، امر سنگھ، اور ایم اے کٹوچ وغیرہ شامل تھے۔
بٹوت کیلئے سب ضلع کی مانگ وقت کا اہم تقاضا:شامون میر
ارشد کاظمی
بٹوت//بٹوت میں سب ڈویژن و سب ڈسٹرکٹ کی عوامی مانگ کوہر لحاظ سے جائز و حق باجانب مانگ قرار دیتے ہو ے آج اس مسئلے پرکشمیر عظمیٰ سے بات چیت میں قصبہ بٹوت سے تعلق رکھنے والے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماشامون میرنے کہا کہ موجودہ وقت میں یہ اشد ضروری ہو گیا ہے کہ قصبہ بٹوت کے عوام کیلئے پیداشدہ نئی مشکلات ومسائل کے ازالے کی خاطربٹوت میں سب ڈویژن اور سب ڈسٹرکٹ کاقیام عمل میں لایا جاے۔ میر نے کہا میں اس سلسلے میں بہت جلد ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے گذارش کروں گا اور ان کی توجہ بٹوت کے عوام کی اس اہم مانگ کی جانب مبزول کرائوںگا۔اور ان سے قصبہ بٹوت و گرد نواح کے علاقاجات میں آباد ہزاروں لوگوں کودرپیش مشکلات ومسائل سے نجات دلانے کی خاطربٹوت میں سب ڈویژن اور سب ڈسٹرکٹ کے قیام کو عملی جامہ پہنانے کی خاطر ذاتی دلچسپی لینے کی اپیل کروں گا ۔ بٹوت میںگورنمنٹ ڈگری کالج کے قیام پربات کرتے ہوے پی ڈی پی لیڈرنے بتایا کہ بہت جلد موجودہ حکومت قصبہ بٹوت کے عوام کی اس دیرانہ مانگ کو پورا کرے گی۔
کشتواڑمیں عُرس خواجہ محی ا لدین چستی جوش و خروش سے منایا گیا
کشتواڑ//ملک کے دیگر حصوں کی طرح کشتواڑ میں بھی عُرس خواجہ محی ا لدین چستی مذہبی جوش و خروش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔شاہ خاندان کی جانب صدر انجمن تبلیغ الاسلام صوبہ جموں کے صدر بون استان کشتواڑ کے فرید مُصطفیٰ شاہ کی رہنمائی میں منعقد کی گئی خصوصی دعائیہ مجلس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں مذہبی عالموں نے خواجہ محی الدین چستی کی زندگی پر روشنی ڈالی گئی،جنھوں نے اپنی زندگی کے دوران لوگوں میں بھائی چارہ ،خوشحالی اور امن کی تعلیمات دیں۔
ڈاکٹر یشپال کی بطور مشن ڈائریکٹر تعیناتی کی سراہنا
ڈوڈہ //آل جے اینڈ کے این ایچ ایم ایمپلائز ایسو سی ایشن یونٹ ڈوڈہ نے ڈاکٹر یش پال شرما کو بطور مشن ڈائریکٹر این ایچ آر ایم تعینات کرنے کی سراہنا کی ہے۔ایک پریس بیان میںایسو سی ایشن کے ضلع صدرفیضان اے ترمبو نے شرما کو انی نئی تعیناتی پر مبارک باد دی ہے اور انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ انہیں محکمہ کو اچھی طرح سے چلانے میں انکا تعاون کریں گے۔این ایچ ایم یونین نے انہیں ایک ا یماندار ،مجاز اور اچھی کارکردگی دکھانے والا افسر قرار دیا ہے۔ ایسو سی ایشن نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ انکی نئی تعیناتی ریاست کے این ایچ ایم ملازمین کے لئے سود مند ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مشن ڈائریکٹر محکمہ صحت کو فعال بنانے میں ایک اہم کردار نبھائیں گے اور این ایچ ایم ملازمین کے عرصی دراز سے التوا میں پڑے جائز مطالبات کو حل کریں گے
2 گمشدہ لڑکیاں بازیاب کرنے کا دعویٰ
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے2گمشدہ لڑکیاں با زیاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق سنتوش دیوی دختر شیر سنگھ ساکنہ بون ٹھٹھا تحصیل راجگڑھ ضلع رام بن کی گمشدگی کی رپورٹ انکے والد شیر سنگھ ساکنہ بون ٹھٹھا تحصیل راج گڑھ نے مورخہ 21.02.2018 کو درج کرائی، جس پر پولیس پوسٹ کاستی گڑھ میں ایک معاملہ درج کیا گیا اور گمشدہ کی بازیابی کی تلاشی شروع کر دی۔ ڈوڈہ پولیس نے اپنے تمام وسائل متحرک کئے اور آخر کار گمشدہ لڑکی کو بھدرواہ سے بازیاب کیا اور قانونی لوازمات پُر کرنے کے بعد اسے والدین کے سپرد کیا۔ ڈوڈہ پولیس نے ایک اور گمشدگی معاملہ میں ،جسے مہندر سنگھ ساکنہ سیرو چکا ،کونڈی تحصیل راج گڑھ ضلع رام بن نے درج کیا تھا ۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ انکی بیٹی مورخہ 29.06.2017 سے لاپتہ ہے۔پولیس نے تمام پولیس اسٹیشنوں اور پولیس پوسٹوں کو اس سلسلہ میں مطلع کیا اور کارروائی شروع کی۔پولیس نے تمام وسائل کو بروئے کار لا تے ہوئے گمشدہ لڑکی کے والدین اورجموں میں رہائش پذیر انکے رشتہ داروں سے بھی پوچھ تاچھ کی ۔پولیس نے مذکورہ لڑکی کو جموں سے برآمد کرکے تمام لوازمات پُر کرکے اسے قانونی ورثہ کو سونپا۔ پولیس نے ان دونوںلڑکیوںکو پولیس پوسٹ کاستی گڑھ کے سب انسپکٹر عاشق حُسین زیر نگرانی ڈپٹی ایس پی ڈوڈہ افتخار احمد اور ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی ہدایات پر سخت محنت کے بعد برا ٓمد کیا ہے۔علاقہ کے لوگوں نے پولیس کی کاروائی کی سراہنا کی ہے۔
پتھر کی زد میں آکر خاتون زخمی
محمد تسکین
بانہال // رام بن کے تھلوا علاقے میں ایک خاتون گرتے پتھروں کی زد میں آنے کی وجہ سے زخمی ہوئی ہے -بتاہا جاتا ہے کہ طاہرہ زوجہ شاکر ملک ساکنہ تھلوا رام بن اپنے گھر سے تھوری دور اپنے کھیتوں میں کام کر رہی تھی کہ نزدیکی پہاڑی سے لڑھکتا ایک پتھر اس کو لگا جس کی وجہ سے وہ شدید طور سے زخمی ہوگئی ۔ زخمی خاتون طاہرہ کو فوری طور پر ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا ہے ۔
رام بن سے چرس برآمد،ملزم گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن//پولیس نے سنیچر کے روز شاہراہ پر شان پیلس کے نزدیک ایک منشیات فروش سے منشیات کی کھیپ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس بیان کے مطابق پولیس نے بلبیر سنگھ ولد لال چند ساکنہ باجمستا کے قبضہ سے آدھا کلو گرام چرس برآمد کیا ہے۔پولیس نے مبینہ چرس فروش کو گرفتار کیا ہے۔ایس ایچ او پولیس اسٹیشن رام بن انسپکٹر راجیشور سنگھ کی قیادت میں پولیس کی ٹیم نے مبینہ ملزم کو گرفار کرکے اسکے قبضہ سے منشیات برآمد کی ہے۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ مبینہ ملزم اس منشیات کو رام بن قصبہ میں فروخت کرنے جا رہا تھا ۔
محکمہ بجلی کے انجینئروں کی ہراسانی اورمعطلی کا معاملہ
سروڑی کی مخلوط سرکار پر تنقید،معطلی منسوخ نہ ہوئی توہوگااحتجاج
کشتواڑ//کانگریس نائب صدر ورکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے آج پی ڈی پی ۔بھاجپاسرکار پرمحکمہ بجلی کے انجینئروں کوسیاسی رنجش کی بناء پرحراساں کرنے وان کی معطلی عمل میں لانے پرکڑی تنقید کانشانہ بناتے ہوئے انتباہ دیاکہ اگرحکومت نے معطلی منسوخ نہ کی توزبردست احتجاجی مہم چھیڑجائیگی۔اُنہوں نے محکمہ بجلی کے ایس ای اور ایگزیکٹیوانجینئر کشتواڑکی معطلی کو فوری طورمنسوخ کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ یہ فیصلہ فوری طورواپس لیاجائے۔یہاں جاری ایک صحافتی بیان میں سروڑی نے کہاکہ سینئر انجینئر نیاز احمد اور راجن گپتا کو جس طرح مبینہ طورپرمارچ2018تک دیہات کے بجلی کرن میںناکامی کی پاداش میں حراساں معطل کیاگیاہے لیکن درحقیقت انہیں حکومت نے وقت افرادی ، ساز وسامان اور فنڈزسے محروم رکھاجس کارن کام میں تاخیرہوئی۔سروڑی نے کہاکہ اپنے گناہوں اورکوتاہیوں پرپردہ ڈالنے کیلئے آفیسران کونشانہ بناکرعوام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے جوکسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائیگی۔سروڑی نے کہاکہ دشوار گزار علاقوںمیں کام کرنے میں پیچیدگیاں آتی ہیں، اورمدت کار مقررکرتے وقت تمام پہلوئوں کو مدنظررکھاجاناچاہئے۔اُنہوں نے کہاکہ انجینئروں کی معطلی بغیرسوچے سمجھے لیاگیافیصلہ ہے جسے فوری طورپرواپس لیا جانا چاہئے ۔ سینئرکانگریس لیڈرورکن اسمبلی اندروال نے کہاکہ یہ معاملہ بڑی شدت کیساتھ اُٹھایاگیاہے، اوراگریہ فیصلہ واپس نہ لیاگیاتوزورداراحتجاجی مہم چھیڑی جائیگی۔سروڑی نے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈے اپنانے سے کشتواڑکی تعمیروترقی میں روڑے اٹکانے کی کسی کواجازت نہیں دی جائیگی۔اُنہوں نے پی ڈی پی ۔بھاجپامخلوط سرکارپرسرکاری اسکیموں کی عمل آوری میں ناکامی کاالزام عائدکرتے ہوئے مثال پیش کی کہ یہ نااہل سرکاراب تک آر جی جی وی وائی مرحلہ دوئم اور ڈی ڈی یو وی وائی کے تحت کام کروانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔اُنہوں نے کہاکہ اس کیلئے سابقہ سرکارنے رقومات کومنظوری پہلے ہی دی ہے لیکن یہ سرکار ہاتھ پہ ہاتھ دھرے صرف جملہ بازی سے کام چلارہی ہے۔