نوجوانوں کیلئے 1ماہ کا تربیتی کورس شروع
مینڈھر//سکل انڈیامہم کے تحت فوج کی طرف سے نوجوانوںکو گاڑیوں کی مرمت کرنے کی تربیت فراہم کرنے کیلئے آئی ٹی آئی مینڈھر میں ایک ماہ کا تربیتی کورس شروع کیاگیاہے جو اٹھائیس مئی سے شروع ہوکر چھبیس جون تک چلے گا۔اس کورس کے سلسلے میں مائیکرو سمال و میڈیم انٹرپرائزز جموں کا اشتراک بھی حاصل ہے ۔اس دوران تیس بیروزگار نوجوانوںکو تربیت فراہم کرناہے تاکہ وہ روزگار کے قابل بن سکیں۔اس اقدام پر مقامی نوجوانوں اور عام لوگوںنے فوج کی ستائش کی ہے ۔ماضی میں بھی فوج اس طرح کے کورسز کا اہتمام کرتی رہی ہے جن کے ذریعہ نوجوانوں کو تربیت فراہم کرکے روزگار کے قابل بنایاگیاہے ۔
پونچھ میں پنتھرز کارکنان کااحتجاج
پونچھ//جموں کشمیر نیشنل پنتھرز پارٹی کے ریاستی سیکریٹری زور آور سنگھ شہباز کی قیادت میں کارکنان نے حکومت مخالف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی ۔اس دوران کارکنان نے کہا کہ جب سے ریاست میں بی جے پی اورپی ڈی پی کی سرکار بنی ہے ، عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہواہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی حکومت خصوصی طور پر جموں خطے کے ساتھ نا انصافی کررہی ہے جو نا قابلِ برداشت ہے۔انہوں نے کہاکہ خطے کی عوام ملازمت، ترقی، تعلیم ، سڑک یہاںتک کہ راشن، بجلی اور پانی کیلئے ترس رہی ہے اور حکومت کو ٹس سے مس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کاتانا شاہی رویہ عوامی پریشانی کا باعث ہے ۔انہوںنے کہاکہ ملازم اپنی مانگوں پرسراپا احتجاج ہیںاور آنگن واڑی ورکر و ہیلپردھرنے پر ہیں۔اسی طرح سے پٹوار ی دھرنا پر دے رہے ہیں اور محکمہ پی ایچ ای کے ملازم بھی احتجاج پر ہیںتاہم حکومت اقتدار کی کرسی سے چمٹی ہوئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ ماہ صیام اور شدت کی گرمی بھی لوگوں کو پانی اور بجلی کی سہولت نہیں۔ اس موقعہ پر سرجیت سنگھ کوچھڑ ،قاضی محمد رزاق،محمد رفیق،کرن جیت سنگھ کھجوریہ،محمد رشید،بیانت سنگھ،مشتاق حسین، محمد یونس اور مقصود احمد بھی موجودتھے۔
راجوری میں آئی ڈی سی ایف منایاگیا
راجوری //ضلع ہسپتال راجوری میں ڈاکٹر محمود بجاڑ کی قیادت میںانٹینسفائیڈ ڈایریا کنٹرول فورٹ نائٹ (آئی ڈی سی ایف )منایاگیا۔آئی ڈی سی ایف اسہال پر قابو پانے کیلئے منایاجاتاہے تاکہ عوام میں جانکاری پیدا کی جاسکے۔اس موقعہ پر ڈاکٹر محمود بجاڑ نے بتایاکہ فورٹ نائٹ یعنی دو ہفتوں کے دوران اسہال سے متعلق جانکاری فراہم کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس کا مقصد اسہال سے بچوں کی اموات کے واقعات کو ختم کرناہے ۔انہوںنے کہاکہ اس دوران او آر ایس اور زنک کا استعال کیاجاناچاہئے اور عوام میں بیداری لائی جائے ۔
غرقآبی واقعہ متاثرین کو 18ہزار روپے امداد فراہم
پونچھ //ضلع انتظامیہ پونچھ نے دریائے پونچھ میں نہانے کے دوران غرقآب ہونے والے تین بچوں کے لواحقین کو اٹھارہ ہزا رروپے کی امداد فراہم کی ہے ۔یہ تین بچے نہانے کے دوران ڈوب کر لقمہ اجل بن گئے جن کی نعشیں مقامی لوگوں کے تعاون سے پولیس ، ایس ڈی آر ایف اور محکمہ مال کی ٹیم سے نکالی گئیں۔اس واقعہ پر ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے گہرے دکھ کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک بدقسمت واقعہ تھا جس نے انہیں بہت دکھ پہنچایاہے ۔ متاثرہ کنبوںکو انتظامیہ کی طرف سے بچوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے اٹھارہ ہزار روپے کی امداد دی گئی ہے۔
محکمہ بجلی غفلت میں سنئی سرنکوٹ کی بجلی سپلائی بند
سرنکوٹ //سرنکوٹ کے سنئی علاقے کے لوگوںنے محکمہ بجلی پر جان بوجھ کر بجلی سپلائی بند کرنے کا الزام لگایاہے ۔ پنچایت اپر سنئی کے وارڈ نمبر دو کے لوگوں کاکہناہے کہ ان کی بجلی سپلائی پیر کی سہ پہر سے بند ہے لیکن محکمہ کے افسران و ملازمین کو کوئی پرواہ نہیں اور انہوںنے سپلائی بحال کرنے کیلئے زحمت گوارہ نہیں کی ۔ایک مقامی نوجوان نے بتایاکہ بجلی دو بجے سے خراب ہے جس کے بارے میں اے ای ای سرنکوٹ کو اطلاع بھی دی گئی لیکن کوئی اقدام نہیں کیاگیا جس سے یہ صاف ظاہر ہوتاہے کہ محکمہ کے افسران و ملازم غفلت کی نیند میں سورہے ہیں جنہیں یہ تک احساس نہیں کہ ماہ صیام میں بجلی کی سپلائی متاثر رہنے سے لوگوں کو کس قدر مشکلات کاسامنا ہوسکتاہے ۔انہوںنے بتایاکہ باقی تمام علاقے کی بجلی سپلائی چل رہی ہے لیکن صرف انہی کے محلہ کی بجلی کاٹ دی گئی ہے اور نہیں معلو م ایسا کیوں کر کیاگیا۔مقامی لوگوںنے متعلقہ افسران کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس لاپرواہی کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کی بجلی سپلائی فوری طور پر بحال کروائی جائے۔
پنشن نہ ملنے پر لوگ محکمہ سماجی بہبود سے خفا
ضرورت پڑی تو محکمہ کے سیکریٹری سے بات کی جائیگی :ڈی سی
جاوید اقبال
مینڈھر//محکمہ سماجی بہبود کے مینڈھر دفتر سے لوگ انتہائی خفاہیں اور ان کا الزام ہے کہ معذوروںاور غرباء و مساکین کی فائلیں کئی کئی سال سے دفتر میں پڑی ہوئی ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ 2013کے بعداسمبلی حلقہ مینڈھر کے کسی بھی بزرگ شخص ،بیوہ عورت یا کسی بھی معذور کی پنشن نہیں لگی اوران کے ساتھ حد درجہ کی ناانصافی کی جارہی ہے ۔اس حوالے سے ذرائع کاکہناہے کہ لوگ اپنی فائلوں کا پتہ کرنے روزدفتر آتے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین کو بھی مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ لوگوں کو دفتر پہنچ کر یہ جانکاری ملتی ہے کہ 2013کے بعد کسی بھی شخص کی پنشن منظور نہیں ہوئی۔ذرائع نے بتایاکہ2013کے بعد فائلیں جمع کروانے والے بار بار دفتر کے چکر کاٹ کر متعلقہ ملازمین کے خلاف الزام لگا رہے ہیں کہ ان کی پنشن نہیں لگائی جا رہی اور انہیں بار بار چکر کاٹنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔مقامی لوگوںنے اس صورتحال پر تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے متعلقہ وزیر سے اپیل کی ہے کہ آن لائن کئے گئے فارموں کو پنشن کی منظوری دی جائے تاکہ بزرگ اور معذور افراد دفتر کا بار بار چکر نہ کاٹیں۔انہوںنے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد سے بھی مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔رابطہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ وہ پہلے ریکارڈ دیکھیںگے اور ضرورت پڑی تو اس سلسلے میں محکمہ کے سیکریٹری سے بات کریںگے ۔
مینڈھر کے سرحدی جنگلات آگ کی لپیٹ میں
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھراورمنکوٹ کے سرحدی علاقوں ک جنگلات شدید آگ کی لپیٹ میں ہیںجس سے سینکڑوں درخت راکھ کا ڈھیر بن گئے ہیں۔ آگ گزشتہ شام اچانک نمودار ہوئی جو کئی کلو میٹر علاقہ تک پھیل گئی ہے ۔اس دوران سرحدی علاقہ میں بچھائے گئے مائن بھی پھٹ رہے ہیں جن کی آواز دور دور تک سنائی دیتی ہے البتہ کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔یہ آگ تیزی سے آبادی والے علاقوں کی طرف بڑھ رہی ہے جس کو دیکھتے ہوئے محکمہ جنگلات کی کئی ٹیموں نے آگ مخالف کارروائیوں کا آغاز کردیاہے لیکن ابھی تک اس پر قابو نہیں پایاجاسکا۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ جنگلات کو تباہ کر کے آگ تیزی سے آبادی والے علاقوں کی طرف بڑھ رہی ہے جسے بجھانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔شدید آگ کو دیکھتے ہوئے سرحدی علاقہ میں تعینات فوج بھی چوکس ہے۔اس ضمن میں ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر احمد خان نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کی ٹیموں کو انہوں نے موقعہ پر بھیج دیا ہے جو علاقہ کے لوگوں کی مدد سے آگ بجھانے کا کام کررہی ہیں۔
ضلع ہسپتال پونچھ میںافطاری کا اہتمام
حسین محتشم
پونچھ // ضلع پونچھ کی غیر سرکاری تنظیم( یوتھ ایسوسی ایشن فورسروس آف ہیومن اینڈ نیشن)YASHAN کی جانب سے ضلع ہسپتال پونچھ میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ آئے ہو روزہ داروں کے لئے افطاری کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقعہ پر ہسپتال انتظامیہ کے افسروں او ر دیگر روزہ دار عملہ نے بھی شرکت کی۔ تنظیم کے چیئرمین امتیاز احمد سلاریہ نے کہا کہ ماہ مبارک میں اکثر لوگ افطاری کا اہتمام مساجد میں یا پھر اپنے گھروں میں کرتے ہیں لیکن ہسپتال کی طرف کوئی متوجہ نہیں ہوتا کہ وہاں بھی روزہ رکھنے والے لوگ ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ میں دور دراز علاقوں کے سینکڑوں مریض ہیں جو زیر علاج ہیں اور ان کے ساتھ تیمار داری کے لئے سینکڑوںکی تعداد میں ان کے رشتہ دار بھی ہسپتال میں ہیں جو سبھی روزہ رکھتے ہیں ،چاہے انہیںسحری کے وقت ایک گھونٹ پانی ہی کیوں نہ ملے۔انہوں نے کہا چونکہ ماہ رمضان کے دوران ہوٹل بند رہتے ہیں اس لئے مسافروں کو سحروافطاری کے اوقات کھانے کے لئے بڑی پریشانی اٹھانی پڑتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو سمجھتے ہوئے ان کی تنظیم نے مناسب سمجھا کہ وہ ہسپتال میں ہی افطاری کا انتظام کریں۔انہوں نے پونچھ کی دیگر دینی اور سماجی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ ہسپتال میںافطاری کا اہتمام کریں ۔
پٹواریوں کی ہڑتال سے محکمہ مال کا کام مفلوج
پرویز خان
منجاکوٹ //پٹوار ایسوسی یشن جموں وکشمیر کے بینر تلے ہورہی ہڑتال کی وجہ سے محکمہ مال کا کام بری طرح سے متاثرہواہے۔یہ ہڑتال دوہفتے سے چل رہی ہے اور ابھی تک حکومت کی طرف سے پٹواریوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ مطالبات پورے کرنے کا کوئی اشارہ نہیں دیاگیا جس کی وجہ سے اس کے ختم ہونے کے آثار دکھائی نہیں دے رہے ۔جہاں حکومت خاموش ہے وہیں پٹواری مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال کرنے پر بضد ہیں۔تاہم اس صورتحال میں سب سے زیادہ مشکلات عام لوگوں کوہورہی ہیں جن کے کام نہیں ہورہے ۔ کانگریس لیڈر فاروق خان نے پٹواریوں کی ہڑتال ختم کروانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کی خاموشی سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ وہ ہڑتال ختم کرانے کیلئے سنجیدہ نہیںاور خواہ مخواہ عا م عوام کو پریشان کیاجارہاہے ۔ان کاکہناتھا کہ پندرہ دن سے پٹواری کام چھوڑ ہڑتال پر ہیںلیکن حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑرہا۔ان کاکہناتھاکہ لوگ ماہ صیام اور شدت کی گرمی میں دور دراز علاقوںسے کام کیلئے آتے ہیں مگر انہیں خالی ہاتھ واپس لوٹ جاناپڑتاہے اوراس سب کی ذمہ دار حکومت ہے جو پٹواریوں کے ساتھ بات چیت نہیں کررہی ۔ان کاکہناتھاکہ یہ سرکار ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے اور صرف پٹواری ہی نہیں بلکہ کئی دیگر ملازمین بھی ہڑتال کررہے ہیں جبکہ عارضی ملازمین اور رہبر تعلیم اساتذہ کو وقت پر تنخواہیں ہی نہیں ملتی ۔فاروق خان نے کہاکہ پٹواریوں کی ہڑتال فوری طور پر ختم کروائی جائے ۔
ٹریفک کا دبائو کم کرنے کی کوشش
تھنہ منڈی سرکولر روڈ کھول دی گئی
طارق شال
تھنہ منڈی// قصبہ تھنہ منڈی میں ٹریفک نظام میں بہتری کے لئے انتظامیہ نے سرکولر روڈ کھولی ہے ۔تاریخی مغل روڈ جو قصبہ تھنہ منڈی کے بیچوں و بیچ سے گزرتی ہے،پر ٹریفک کے بھاری دبائو کی وجہ سے قصبہ میں اکثر ٹریفک جام رہتا ہے جسکی وجہ سے اسکولی طلباء، زیارت شاہدرہ شریف پر جانے والے زائرین، مریضوں اور کاروباری اداروں سے وابستہ افراد کو مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔اس پریشانی کو دیکھتے ہوئے سب ڈیویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری نے ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر نزیر احمد ڈار کے ہمراہ شاہدرہ پل سے خضر پل سرکولر روڈ پر یکطرفہ ٹریفک چلانے کا فیصلہ لیاہے۔ ایک طرف سے گاڑی آئے گی اور دوسری طرف سے جائے گی۔ایس ڈی پی او تھنہ منڈی نے کہا کہ عوام بالخصوص سیاسی، سماجی اور بیوپار منڈل اراکین کی طرف سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ قصبہ میں ٹریفک جام ہوتاہے جس کو دیکھتے ہوئے پولیس نے یہ اقدام اٹھایاہے ۔انہوںنے کہا کہ غلط پارکنگ کے خلا ف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کے اس اقدام کی مقامی لوگوںنے سراہنا کی ہے ۔
منجاکوٹ میں پانی کی سپلائی متاثر
پرویز خان
منجاکوٹ//منجاکوٹ میں رمضان المبارک میں پانی کا شدید بحران پایاجارہاہے اور لوگ ایک ایک بوند کو ترس گئے ہیں۔پنچایت منجاکوٹ کے کچھ وارڈوں میں پانی سپلائی نہیںہورہا اور مقامی لوگ پریشان حال ہیں۔لوگوں کے گھروں میں حیات پورہ چشمے سے پائپوں کے ذریعے پانی سپلائی ہوتا تھا مگر کچھ دنوں سے یہ سپلائی بند ہے ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ وہ اپنے اور مویشیوں کیلئے دو دو کلو میٹر دورسے پانی لارہے ہیں لیکن حکام کو ٹس سے مس نہیں ۔ انہوںنے بتایاکہ پانی کی سپلائی اس بات پر بند کردی گئی ہے کہ محکمہ پی ایچ ای نے لی گئی زمین کے عوض گھر سے کوئی ملازم نہیں لگایا۔مقامی آبادی کاکہناہے کہ اس کا انحصار ایک ہینڈ پمپ پر ہے جہاںبہت رش ہوتاہے ۔ انہوںنے حکام سے اپیل کی ہے کہ پانی کی سپلائی بحال کی جائے نہیں تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
منجاکوٹ میں افطار پارٹی کا اہتمام
پرویز خان
تھنہ منڈی //تحصیل منجاکوٹ میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔اس دوران تحصیل آفیسران کے ساتھ ساتھ سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی کافی تعداد میں شرکت کی۔اس افطار پارٹی کا اہتمام تحصیلدار منجاکوٹ شیراز چوہدری اور حاجی محمد خوشحال کی طرف سے کیا گیا تھا۔
تھنہ منڈی میںاحتجاجی ریلی
طارق شال
تھنہ منڈی// آئی سی ڈی ایس پروجیکٹ درہال ہیڈ کوارٹر تھنہ منڈی کی آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی ۔آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز یونین کے بینر تلے یہ احتجاجی ریلی ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی سے شروع ہوکراقبال چوک، با با لطیف شال مارکیٹ سے گزرتی ہوئی تحصیل کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے دوران ورکرز اور ہیلپرز نے مرکزی اور ریاستی سرکارکے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی سرکار کو چاہیے کہ مرکزی سکیم کو لاگو کرے اور انکو مستقل کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ ورکرز کو ماہانہ تنخواہ 3600 سوروپے جبکہ ہیلپرز کوماہانہ 1800 روپے دی جاتی ہے جو سرا سر نا انصافی ہے۔ا نہوںنے مطالبہ کیا کہ ورکرز کو ٹیچرز گریڈ جبکہ ہیلپرزکو درجہ چہارم گریڈ دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وہ مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رکھیںگی ۔اس دوران ورکروںنے اپنے مطالبات تحصیل انتظامیہ کے سامنے جس پر افسران نے یقین دلایاکہ مطالبات کو حکام کے نوٹس میں لایاجائے گا۔