کٹرہ میں یاتری کی موت
زاہد ملک
زاہد ملک
ریاسی //کٹرہ سے ایک یاتری کے موت کی اطلاع ہے۔ شری ماتا ویشنو دیوی جی کے ایک یاتری کو بھون کے نزدیک بے ہو شی کی حالت میں پایا گیا ۔پولیس نے اسے فوری طور سے ڈسپنسری منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔یاتری کی پہچان سورج پال گپتا عمر 30سال ولد پیارے لعل گپتا ساکن کڑوالی ضلع منی پور کے بطور کی گئی ہے۔
سی ایم او ریاسی کاہسپتالوں کا اچانک دورہ ،ایک معطل
زاہد ملک
زاہد ملک
ریاسی //سی ایم او ریاسی نے ضلع کے متعددہسپتالوں کا اچانک معائینہ کرکے ان کی کارکردگری کا جائزہ لیا ۔دورہ کے دوران انہوں نے بلاک پونی کے ایس سی تلواڑہ/نارکوٹ میں ایک اے این ایم آشا دیوی کو غیر قانونی طور سے مورخہ 12 مارچ2018 سے تا دم ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا ۔سی ایم او نے مذکورہ اے این ایم کو فوری طور سے معطل کردیا ہے اور اسے معاملہ کی تحقیقات پوری ہونے تک سی ایم او آفس میں حاضر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ماہ رمضان میں لوگوں کو بجلی اور پانی کی قلت کا سامنا
ایم ایم پرویز
رام بن //ماہ رمضان میں پانی اور بجلی کی بغیر خلل کے سپلائی کی یقین دہانیوں کے باوجود ضلع کے عوام کو غیر معقول بجلی کٹوتی اور پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ ضلع انتظامیہ اجلاس منعقد کرنے کے بعد صارفین کو بجلی اور پانی کی اطمینان بخش سروسز فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ضلع میںبجلی کی سپلائی ابتر ہو رہی ہے۔ان لوگوں کا الزام ہے کہ ماہ رمضان میں لوگوں کو سحری اور افطار کے موقعہ پر غیر اعلانیہ کٹوتی سے کافی پریشانیاں ہو رہی ہیں۔عوام نے کہا کہ اگر ضلع صدر دفتر میں یہ حال ہے تو ضلع کے دور افتادہ دیہات میں رہائش پذیر لوگوں کے ساتھ کیسا رویہ ہوگا۔انہوں نے کہا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے لوگوں کوماہ رمضان میں کافی پریشانیاں ہو رہی ہیں۔
مجسٹریٹ کے دفتر میں شور و شرابہ ، ایک گرفتار
کشتواڑ//ضلع مجسٹریٹ کی عدالت میں شور و شرابہ کرنے اور دفتری کام میں رخنہ ڈالنے کے پاداش میں ڈی سی کشتواڑ انگریز سنگھ رانا نے پولیس کو مبینہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔یا د رہے کہ گُذشتہ روز مبینہ ملزم جوگیندر بھنڈاری نے ڈی سی کے دفتر میں ناشائستہ زبان اور گالی گلوچ کا استعمال کیا تھا اور دفتر میں شور و شرابہ کیا تھا ۔ پولیس نے ڈی سی کی ہدایت پر مبینہ ملزم کے خلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے گرفتار کیا۔مبینہ ملزم کے خلاف الزام ہے کہ انہوں نے پکل ڈول سے متعلق جانکاری پھیلائی تھی جس سے ضلع انتظامیہ مشتعل ہوگئی اور جوگیندر بھنڈاری کو ڈی سی آفس طلب کیا ۔ مبینہ ملزم گذشتہ روز دفتر ہذا میں آئے جہاں پر پہلے سے ہی ایک میٹنگ ہو رہی تھی ۔ڈی سی نے مبینہ ملزم کو نوجوانوں کو گمراہ کرنے سے باز آنے کی صلاح دی جس پر جوگیندر بھنڈاری نے سُننے کے بجائے شور و شرابہ کیا ۔پولیس کے مطابق مبینہ ملزم نے گُذشتہ ہفتہ ضلع کے نوجوانوں سے پکل ڈول میں ملازمت فراہم کرنے کے لئے فی کس دو سو روپے جمع کئے ہیں۔پولیس نے جوگیندر بھنڈاری کے خلاف ایک معاملہ درج کرنے اسے گرفتار کیا ہے اور معاملہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ڈوڈہ میں’’ مائی ہیلتھ کیئر‘‘موبائیل ایپ لانچ
ڈوڈہ//چیف میڈیکل افسر ڈوڈہ ڈاکٹر واجد علی نجار نے اینڈرائیڈ نوبائیل ایپ’’ My Health Care‘‘ لانچ کیا جو ضلع کے ایک یونانی ڈاکٹرتوصیف اسلم وانی نے بنائی ہے۔اس موقعہ پر بی ایم او گھٹ ڈاکٹر محمد فرید بٹ بھی موجود تھے۔یہ ایپ یونانی و ایورویدک ادویات سے متعلق ہے۔ضلع کے فرقان آباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر توصیف اسلم وانی محکمہ صحت کے بلاک گھٹ میں تحت این ایچ ایم ایس کام کر رہا ہے۔اس موبائیل ایپلکیشن میں یونانی و ایورویدک ادویات سے متعلق تمام جانکاری ہے۔ سی ایم او ڈوڈہ نے اس موقعہ پر ڈاکٹر توصیف اسلم وانی کو یہ ائیپ جاری کرنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ یہ ایپ آیوش سے متعلق تمام میڈیکوز کے لئے معلوماتی اور فائدہ بخش ثابت ہوگی۔اس موبائیل ائیپ سے صحت سے متعلق تازہ ترین خبریں موصول ہو جائیں گی اور روزانہ کی بنیادوں پر اپنے آپکو تازہ ترین جانکاری سے واقف کرائیں گے۔دریں اثنا ء این ایچ ایم یونین ڈوڈہ کے صدر فیضان احمد ترمبونے ڈاکٹر اسلم وانی کا موبائیل ائینڈرائڈ ائیپ لانچ کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا ۔پروگرام میں محکمہ صحت کے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے نے بھی شرکت کی۔
ریاسی میں کمرشل آرگنک سبزیوں پر تربیتی پروگرام کا اہتمام
ریاسی //سکاسٹ جموں کے کرشی وگیان کیندر ریاسی کی جانب سے’’آرگنک سبزیوں کے اُگانے کے لئے اینٹر پرینور شپ ڈیولپمنٹ‘‘ کے موضوع پر کانسہ پٹہ میں کسانوں کے لئے یک روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقہ کے ترقی پسند کسانوں نے شرکت کی ۔پروگرام کا اہتما م ایسو سی ائیٹ ڈائریکٹر ایکسٹینشن و انچارج کے وی کے ڈاکٹر آر کے اروڑہ اور کے وی کے ریاسی کے سربراہ ڈاکٹر بنارسی لعل کی ہدایت پر کیا گیا تھا ۔تعارفی نشست میں ڈاکٹر بنارسی لعل نے کسانوں پر اپنی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لئے کمرشل آرگنک سبزیوںکی جانب رُخ کرنے پر زور دیا ۔انہوںنے آرگن کھیتی میں استعمال کئے جارہے اہم نکات کو اُجا گر کیا ۔انہوں نے سبز کھاد ، نیم کی کھاد اور ورمی کمپوز کا استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ فصل پیداکیا جا سکے۔انہوں نے کسانوں کو خبر دار کیا کہ کیمیائی کھادوں کے بے تحاشہ استعمال سے زمین پر کافی اثر پڑتا ہے ۔انہوں نے ا علیٰ پیداوار کے لئے سبزیوں کے معیاری بیج کا استعمال کرنے پر زور دیا ۔انہوں نے آرگنک سبزیوں کی بوائی کیلئے کے وی کے سائنسدانوں سے صلاح لینے کی اپیل کی۔انہوںنے کم قیمت کے ورمی کمپوزٹ یونٹ پر توجہ مرکوز کرنے اور سبزیوں کے کھیتوں میں سڑی ہوئی کھاد استعمال کرنے کے لئے کہا۔انہوں نے مائیکرو اینٹر پیرینورشپ کے لئے دیہاتوں میں کسان کلبوں کو مستحکم بنانے کی صلاح دی۔اس موقعہ پر کے وی کے ریاسی کی جانب سے علاقہ میں آرگنک سبزیوں پر ایک نمائش کا اہتما م بھی کیا گیا ۔
عوام سے این ایچ پی سی کی دریائے چناب سے دور رہنے کی اپیل
ریاسی// سلا ل پا ئور ہاوس کی جانب سے جاری ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ پائور ہائوس کے ڈیم اور پائور ہائوس میں پانی کی مطلوبہ سطح برقرار رکھنے کے لئے دریائے چناب میں مورخہ31.5.2018 بوقت 6بجے صُبح سے لیکر شام 6 بجے تک کسی بھی وقت پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسلئے سلال ڈیم کے نیچے اور اوپر کی جانب ندیوں کے کناروں کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں سے گُذارش کی گئی ہے کہ وہ دریائے کی جانب نہ جائیں۔لوگوں کو دریا کے نزدیک اپنے مال و مویشی اور ٹرکوں کو بھی نہ لے جانے کی درخواست کی گئی ہے۔ پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تعاون سے عام لوگوں اور انکے جائیداد کو بچایا جا سکتا ہے۔پریس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نوٹس اجرا ہونے کے بعدسلال پائور اسٹیشن حُکام کسی بھی جانی یا مالی نقصان کے ذمہ وار نہیں ہونگیں۔بیان میں لوگوں سے تعاون طلب کیا گیا ہے اور اسکی جانکاری اپنے دوستوں ،گائوں کے لوگوں اور اپنے اہل خانہ میں بھی بانٹنے کیلئے کہا گیا ہے۔اس سلسلہ میں پائو ر اسٹیشن نے ہر ایک کا تعاون طلب کیا ہے۔
نواپاچی ،برشالہ میں طبی کیمپوں کا اہتمام
کشواڑ//ضلع کے دور افتادہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کے طبی مشکلات کم کرنے کے لئے فوج کی جانب سے نواپچی، برشالہ اور ٹھاٹھری میں طبی کیمپوں کا انعقاد کیاگیا۔ان کیمپوں میں فوجی میڈیکل سٹاف نے600سے زائد مریضوں کا معائینہ کیا ۔مریضوں میں مفت ادویات بھی تقسیم کئے گئے۔یہ علاقے ضلع کے دور دراز علاقے ہیں ،جہاں پر طبی سہولیات محدود ہیںاور مقامی لوگوں کو سخت ترین سڑک کو پار کرکے طبی خدمات کے لئے کشتواڑ جانا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے فوج کی ستائش کی۔مقامی لوگوں نے کہا کہ ان کیمپوں سے عوام کو نہ صرف اپنے گھروں کے پاس ہی طبی سہولیات میسر ہوئیں بلکہ انہیں صحت و صفائی ،حفظان صحت اور صحت مند طرز زندگی بسر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔