فضل آباد میں پانی کی شدید قلت
بختیار حسین
سرنکوٹ // دیگر علاقوں کی طرح فضل آباد میںبھی پینے کے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور لوگ ایک ایک بوند کو ترس گئے ہیں۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ پانی کا بحران سنگین ہوگیاہے اور اس بارے میں حالانکہ انہوںنے متعدد مرتبہ متعلقہ حکام سے بات بھی کی لیکن انکی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیاجارہاہے ۔ان کاکہناتھاکہ فضل آباد آبادی کے لحاظ سے سرنکوٹ کا سب سے بڑا گائوں ہے جس کی چار پنچایتیں اور دس ہزار افراد ہیں جنہیں پانی کے حصول کیلئے دربدر ہوناپڑرہاہے ۔انہوںنے کہاکہ سپلائی لائن سے لوگوںنے غیر قانونی کنکشن لگارکھے ہیں جس کی وجہ سے وہ دیگر آبادی تک سپلائی ہی نہیں ہورہا۔مقامی آبادی کاکہناہے کہ محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین گھروں میں بیٹھے رہتے ہیں اور انہیں اس بات کی پرواہ نہیں کہ پانی کی لائن کہاںسے خراب ہے اور کن کن گھروں کو سپلائی نہیں مل رہی ۔انہوںنے کہاکہ مجھا تار ،ناگر تھلاں، موہڑا ،مرزیاں اور لوہاراں و دیگر محلہ جات میں قحط کا ساسماں ہے اورخواتین کومیلوں دور سے پانی لاناپڑتاہے جو ان کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ پانی کی فراہمی کی اپیلیں کرکرکے وہ تھک چکے ہیں اور اب ان کے پاس احتجا ج کے سو اکوئی دوسراراستہ نہیں رہ گیا۔مقامی لوگوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کرکے پانی کی سپلائی کا کوئی انتظام کریں نہیں تو آنے والے دنوں مشکلات اور بھی زیادہ ہوجائیںگی ۔
پراسرارنعش برآمد
لواحقین کا تحقیقات کا مطالبہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ پیٹرول پمپ کے پاس سے برآمد ہونے والی نعش کے لواحقین نے قاتلوں کا سراغ لگاکر کارروائی کرنے کی مانگ کی ہے۔واضح رہے کہ اٹھائیس مئی کو نوشہرہ کے پیٹرول پمپ کے نزدیک سے چھپن سالہ منظور حسین ولد کھوجاساکن وارڈ نمبر چار نوشہرہ کی نعش پراسرار حالت میں دریا کے کنارے سے برآمد ہوئی تھی ۔نعش کو پولیس نے اپنی تحویل میں لینے کے بعد لواحقین کے حوالے کردیاگیاتھا ۔ اہل خانہ نے پولیس کے حکام سے اپیل کی ہے کہ قاتلوں کاسراغ لگاکر ان کے خلاف کارروائی کی جائے اورانہیں انصاف دلایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ کسی نے منظور حسین کو قتل کرکے دریا کنارے پھینک دیاہے جس پر تحقیقات کی جائے ۔پولیس نے اس سلسلے میں دفعہ 174کا کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ایس ایچ او نوشہرہ کرن چلوترہ نے بتایاکہ فی الحال تفتیش جاری ہے اور پولیس اس سلسلے میں ٹھوس اقدام کرے گی۔
سید حاکم شاہ کی وفات پر اظہار رنج
طارق شال
تھنہ منڈی// سید حاکم شاہ کی وفات پر تھنہ منڈی کی کثیر تنظیموں نے اظہار افسوس کرتے ہو ئے دعائے مغفرت کی ہے۔ سید حاکم شاہ کی عمر 85 سال تھی جو جمعرات کے روز حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے وفات پاگئے۔ مرحوم کو اپنے آبائی علاقہ منگوٹہ میں با با زکری شاہ ؒ کی زیارت کے قریب پرنم آنکھوں کے ساتھ سپردخاک کیاگیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں رشتے داروں، پڑوسیوں، سیاسی کارکنا ن اور پنچایتی نمائندوں نے شرکت کی۔مرحوم ایک با اخلاق، با کردار اور شریف النفس شخص تھے۔ تھنہ منڈی کی تمام تنظیموں بشمول بیو پار منڈل نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی ہے۔
بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی
مولانا سلطان کی جمعہ کے خطبے میں محکمہ پر تنقید
جاوید اقبال
مینڈھر//امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر مولانا محمد سلطان نقشبندی نے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی پر محکمہ کے ملازمین و افسران کو تنقید کا نشانہ بنایا۔نمازجمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ یہ ماہ مقدس ہے اور ہر آدمی کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔انہوںنے محکمہ بجلی کے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ نہیں چاہتے کہ وہ انہیں لگاتار بجلی دیں تاہم ایسے اوقات میںکٹوتی نہ کی جائے جب بجلی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ خاص طور پر نماز تراویح ،سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی کٹوتی نہ کی جائے کیونکہ اس سے لوگوں کو مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی اتنی کٹوتی ہو گئی ہے کہ پندرہ منٹ بجلی آتی ہے اور ایک گھنٹہ غائب رہتی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ وہ نہیں چاہتے کہ ماہ رمضان میں کسی محکمہ کو ناجائز طور پرتنگ کیا جائے لہٰذا متعلقہ محکمہ کے آفیسران خود لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان کا آخری مرحلہ ہے لہٰذا وہ انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ تمام تر ضروری انتظامات کئے جائیں۔انہوںنے کہاکہ جمعتہ الوداع اور عید کے سلسلے میں انتظامات کئے جانے چاہئیں۔
ہماراتعلیمی نظام بگاڑ کاشکار
مستقبل سنوارنے کیلئے طریقہ کار بدلناہوگا:مصباحی
نیوز ڈیسک
پونچھ//نماز افضل العبادت ہے اور اس کا باقاعدہ قیام انسان کو دُنیا و آخرت کی دولت سے مالا مال کر تا ہے۔ نماز مومنوں کی معراج ہے اور یہ پیغمبر ِ آخر الزماں ؐ کی آ نکھوں کی ٹھنڈک ہے لہٰذا اُن سے محبت کرنے والاکوئی بھی عاشقِ رسول نماز کو ہر گز ترک نہیں کر سکتا۔اِن خیالات کا اظہار مرکزی جامع مسجد پونچھ کے خطیب مولانا مفتی فاروق حُسین مصباحی نے اپنے خُطبہ جُمعہ کے دوران کیا۔یہاںجاری بیان کے مطابق اُنہوں نے کہا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمٰعین کی مقدس جماعت نے خوفِ خُدا اور عشقِ رسول ؐ میں بُنیادِ اسلام کے تمام ارکان کی مکمل پاسداری کی اور قلیل تعداد کے باوجود اللہ تعالیٰ نے اُنہیں کثیر علاقہ کی حُکمرانی عطا کی۔ موصوف نے کہا کہ آج کامُسلمان اسلام کے ارکان سے روگردانی کرتا نظر آرہا ہے اور پھر اس کے بعد یہ شکوہ کرتا ہے کہ ہماری دُعائیں قبول کیوں نہیں ہوتی۔ مولانا نے کہا کہ ہمارے نظامِ تعلیم میں اس قدر بگاڑ آ چُکا ہے کہ ہم اپنے بچوں کے سامنے دین اور دُنیا کو دو الگ الگ شعبوں میں بانٹ کر پیش کرتے ہیں جو اس بگاڑ کی جڑ ہے۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہمیں اپنا مسقبل سنوارنا ہے تو ہمیں اپنا موجودہ طور طریقہ بدلنا ہوگا۔ نمازوں اور دیگر عبادتوں کو صحیح خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کرنا ہوگا جیسا کہ قُرآنِ مُقدس نے بتایا ہے کہ تُم میں وہی لوگ فلاح و کامیابی پانے والے ہیں جو خشوع و خضوع کے ساتھ اپنے رّب کی عبادت کرتے ہیں۔ مولانا موصوف نے کہا کہ عشق رسول ؐ کا محض دعویٰ کرنے والے افراد کو چاہیے کہ وہ اپنے دعوے کی دلیل فرائض کی ادائیگی اورنیک عمل سے دیں۔ مولانا نے کہاکہ جو شخص سونے چاندی اور اپنی سالانہ بچت کی زکواۃ ادا نہیں کرتا تو اُس کی نماز ،روزہ و حج تک قبول نہیں ہوتا۔ اُنہوں نے کہا کہ جو آدمی اپنے مال کی زکواۃ ادا کرتا ہے تو بحر و بر کہیں پر بھی اللہ تعالیٰ اُس کا مال ضائع نہیں ہونے دیتا۔
پرویندر سنگھ بھاجپایوا مورچہ کے جنرل سیکریٹری نامزد
حسین محتشم
پونچھ//ایم ایل سی پردیپ شرما نے قصبہ پونچھ کے محلہ سرائی میں عوامی اجلاس منعقد کیا ۔اس دوران انہوں نے عوام کے مسائل سنے اور پارٹی کو مضبوط کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔اجلاس کے دوران انہوں نے مقامی لوگوں کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ایم ایل سی عوام کی خدمت کے لئے بنے ہیں اوران کا مشن اپنے لوگوں کے مسائل حل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار کی پالیسی عوام کی ترقی ہے جس کے لئے وہ کوشاں ہیں۔اس دوران انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوا مورچہ کے جنرل سکریٹری پرویندر سنگھ کو بنانے کا اعلان کیا ۔ بعد از آں پرویندر سنگھ کو ہار پہنا کر انہیں مبارک باد پیش کی۔
رمضان کے تیسرے جمعہ میں پونچھ کی مساجد میں نمازیوں کا ہجوم
حسین محتشم
پونچھ//ماہ رمضا ن کے دوران پوری دنیا کی طرح پونچھ شہر کی تمام مساجد میں مصلیوں کا ہجوم ہے اور نمازیوں کی تعداد میں اضافہ ہو تاجارہاہے۔رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ میں فرزندان توحید نے اپنے خالق حقیقی کی بارگاہ میں سر بسجود ہوکر پورے رمضان میں خوش اسلوبی اور یکسوئی کے ساتھ عبادت و ریاضت میں مشغول ر ہنے اور باران رحمت کے نزول کے لئے خصوصی دعا ئیں کی۔ شدت کی گرمی کے باوجود شہر و اطراف کے لوگوں نے مساجد میں پہنچ کر اماموں کی اقتد ا میں نماز جمعہ ادا کرنے کی سعاد ت حاصل کی۔اس سلسلہ کا سب سے بڑا جتماع مرکزی جامع مسجد پونچھ میں منعقد ہوا جہاں خطبہ جمعہ کے دوران امام و خطیب مولانا فاروق مصباحی نے کہا کہ رمضان المبار ک کا بابرکت مہینہ اس خیر امت پر سایہ فگن ہے لہٰذا ہمیں اس متبرک ماہ صیام کی قدر کرتے ہوئے کثرت عبادت کے ذریعے خدا کی خوشنودی حاصل کرنی چاہئے۔ جامع مسجد بگیالاں میں بھی ہزاروں نمازیوں نے نماز جمعہ ادا کر کے اپنے معبود کا شکریہ ادا کیا ۔امامیہ مرکزی جامع مسجد پونچھ میں امام و خطیب مولانا شاہین حیدر عابدی کی اقتداء میں بھی سینکڑوں نمازیوں نے نماز ادا کی ۔علاوہ ازیں جامع مسجد عید گاہ ، جامع مسجد وزیرنی، مسجد محلہ ڈنگس، جامعہ مسجد کامسر،جامع مسجد نظام الدین،جامع مسجداعلیٰ پیر،جامع مسجد پرانی پونچھ وغیرہ میں بھی تیسرے جمعہ کو نمازیوں کا جم غفیر رہا اور لوگوں نے نہایت خشوع و خضوع کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی اور بار گاہ الٰہی میں باران رحمت کے لئے خصوصی دعائیںکی۔