خطہ چناب میں پٹواریوں کی ہڑتال 20ویںدن میں داخل
محمد اسحٰق عارف +ایم ایم پرویز
ڈوڈہ+رام بن //خطہ چناب میں آل جموں و کشمیر پٹوار ایسو سی ایشن کی کال پر پٹواریوں کی ہڑتال ہفتے کے روز بیسویںدن میں داخل ہوئی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن کے دفتر کے باہر دھرنے پر بیٹھے پٹواری لگاتاربیسویںروز بھی اپنے مطالبات کو لیکر دھرنا دے رہے ہیں جس میں پٹواریوں اور گرداوروں کی ایک بھاری تعداد نے شرکت کی۔ہڑتال سے محکمہ مال کی کارکردگی بُری طرح متاثر ہوئی ۔مقررین نے اس موقعہ پر الزام لگایا کہ انکے جائز مطالبہ کو حل کرنے کی یقین دہانی کے بعدکُچھ بھی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیںاحتجاج کے سوا کوئی اور چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار انکے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے۔احتجاج میں پٹواریوں اور گرداوروں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔مقررین نے سرکار پر زور دیا کہ وہ پٹواریوں کے مطالبات فوراً حل کرے ،تاکہ عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔پٹواری اپنے لئے تنخواہوں میں تفاوت کو دور کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مقررین نے اپنے ساتھیوں کو تب تک ہڑتال کامیاب بنانے کی تلقین کی جب تک کہ سرکار انکے مطالبات حل کرے گی۔ اپنے مطالبات کا اعادہ کرتے ہوئے یونین کے ضلع صدر مرزا زاہد چودھری نے کہا کہ پٹواری نائب تحصیلدار وں کی راست بھرتی پر پابندی ،پٹواریوں اور جی کئیوز کے الائونس میں اضافہ اور گرداور قانون گو سرکل اور پٹواری حلقہ بنانے ، پرائیویٹ ایکموڈیشن کی صورت میںپٹوار خانوں اور میٹنگ ہالوں کے لئے کرایہ ، جموں اور سرینگر اضلاع میں پٹوار ایسو سی ایشن کا دفترقائم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ایسو سی ایشن کے ضلع صدر نے کہا کہ وہ تب تک اپنااحتجاج جاری رکھیں گے جب تک کہ انکے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہیں۔انہوں نے ہڑتال کے لئے انتظامیہ کو ذمہ وار قرار دیا۔ ادھر ڈوڈہ میں گذشتہ چودہ یوم کی طرح ہی کام چھوڑ ہڑتال جاری رہی جس وجہ سے عام لوگوں کو زبر دست مشکلات کا بھی سامنا ہے ۔احتجاجی دھرنا پر بیٹھے پٹواریوں نے اپنے مطالبات کو لے کر شدید نعرہ بازی کی اس موقع پر خطاب میں صدر ضلع ڈوڈہ ریاض احمد لون مرکزی مجلس عاملہ کے رکن شبیر احمد لون صدر تحصیل ڈوڈہ شوکت حُسین فلاحی سیکریٹری تحصیل طارق حُسین ، شکیل احمد شنالی ، محمد اکبر بٹ، جسونت سنگھ تعظیم حمید آخون طاہر نقاش نے خطاب کے دوران کہا کہ ہمارے جو بھی مطالبات ہیں وہ صرف ہمارے نہ ہیں بلکہ ان سے براہ راست عوامی مفاد جڑا ہے اور حکومت کے تسلیم شُدہ ہیں ۔مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پٹواری چونکہ گریجویٹ ہوتا ہے اس لئے اس کے لئے دیگر محکموں میں گریجویٹ ملازمین کا گریڈ ہونا چاہئے جس کو کم گیا ہے اسی طرح راست طور نائب تحصیلداروں کی بھرتی سے محکمہ کو کئی مسائل درپیش آتے ہیں اس لئے راست نائب تحصیلداروںکی تعینات کا نظام ختم ہو اور جلد سے جلد نئے پٹوار حلقوں کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ کام میں آسانی ہو اور لوگوں کو فائدہ مل سکے۔ پٹوار خانوں کی تعمیر تک اور نجی مکانات میں چلائے جانے والے پٹوار خانوں کو مطابق مارکیٹ ریٹ کرایہ دیا جائے اور محکمہ جاتی ترقیوں کو وقت مقرر پر دینے کے لئے مضبوط ضابطہ اخلاق و قانون بنایا جائے اور پٹواریوں کو سائل خرچہ میں اضافہ ہو کہ موجودہ 110روپے انتہائی ناکافی اور مذاق ہے اور محکمہ جاتی شکایتی سیل کا قیام اور جموں و سری نگر میں ایسوسیشن کو دفتر کمرہ ہال فراہم کیا جائے اور اگر یہ مطالبات جلد سے جلد تسلیم نہ ہوئے احتجاجی ہڑتال جاری رہے گی۔ احتجاج میں سینئر نائب صدر آل جموں کشمیر پٹوار ایسوسیشن مشتاق احمد گنائی ، پروونشل پریذیڈینٹ محمد فاروق احمد ملک، پبلک سیکریٹری جموں غلام محمد ، آرگنائزر جموں محمد یوسف، ڈاکٹر راج سنگھ، ریاض احمد ضلع صدر ڈوڈہ، نثار احمد ضلع صدر کشتواڑ نے بھی احتجاجی ریلی سے خطاب کیا۔تاہم اُنہوں نے احتجاجی پٹواریوں کے جائز مطالبات کو تسلیم کرکے جلد سے جلد معاملہ حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارے ہاں حکومت کا یہ معمول ہے کہ جب تک لوگوں سے قربانیاں نہ لی جائیں اُن کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہیں اور پٹواری سماج کا اہم و بنیادی جُز ہے اور وقت کا تقاضہ ہے کہ ان کے بوجھ کو کم کیا جائے اورپٹواریوں کے بیشتر مطالبات عوامی مفاد کی تعریف میں آتے ہیں اور اگر چند یوم میں حکومت نے معاملہ حل نہ کیا تو سیول سوسائٹی اور زیادہ طاقت سے اس احتجاج میں شامل ہوگی۔
ڈوڈہ میں مارکیٹ چیکنگ
۔15000 روپے جرمانہ وصول
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ //میونسپل کمیٹی ڈوڈہ کیایک ٹیم نے قصبہ میں ملاوٹی اشیاء خوردنی اور پالی تھین کے استعمال کے خلاف جاری مہم میں دوکانوں اور دیگر کاروباری اداروں کا اچانک معا ئینہ کیا ۔ٹیم کی قیادت ایگزکیٹو افسر میونسپل کمیٹی ڈوڈہ طارق محمد بلوان کر رہے تھے۔ٹیم نے موقعہ پر ہی خراب سبزیاں اور پھل و دیگر اشیاء خوردنی ضائع کردیا اور مختلف دوکانداروں سے ممنوع پالی تھین کے لفافے بھی ضبط کئے ۔دریں اثناء میونسپل کمیٹی حُکام نے د وکانداروں اور تاجروں سے پالی تھین لفافے استعمال نہ کرنے کی تنبہیہ کی اور انہیں گلی سڑی سبزیاں ،پھل اورزائد المیعاد پروڈکٹ فروخت سے اجتناب کرنے کو کہا۔لوگوں نے میونسپل کمیٹی کی جانب سے ماہ رمضان کے دوران مارکیٹ چیکنگ کی ستائش کی اور اہلکاروں سے باقاعدگی سے مارکیٹ چیکنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے دوکانداروں اور تاجروں کو مناسب نرخوں پر اشیاء فراہم کرنے کی تنبہیہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔اس موقعہ پر میونسپل کمیٹی ڈوڈہ کے ایگزیکٹو افسر طارق محمد بلوان نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران اب تک25کلو گرام پالی تھین کئیری بیگس ضبط کئے گئے اورخاطی دوکانداروں سے 15000 روپے بطور جرمانہ وصول کیاگیا ہے۔مارکیٹ چیکنگ کی مہم ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کی ہدایت پر منعقد کی گئی تھی۔
عید الفطر پر اضافی ایک کلو کھانڈ کا اعلان
رام بن //سرکار نے عید الفطر کے موقعہ پر صارفین کو اضافی ایک کلو کھانڈفراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایک بیان کے مطابق ریاستی سرکار نے این پی ایچ ایچ، پی ایچ ایچ، اور اے اے وائی کٹیگری کے صارفین کو خیر سگالی جذبہ کے تحت عید الفطر کے موقعہ پر اضافی ایک کلو کھانڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے وزیر محمد اشرف میر نے ایک ویڈیو کانفرنس میں اس حُکم کا اعلان کیا ،جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حُسین گنائی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر امور صارفین و عوامی تقسیم کاری نے شرکت کی۔ڈی سی نے ضلع کے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی صارف کو راشن اور کھانڈ حاصل کرنے میں کوئی دشواری آتی ہے ،تو وہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن سے رابطہ نمبر 9419170742, اور اسسٹنٹ کمشنر ریوینیورام بن9419150193,،ایس ڈی ایم بانہال ،ایس ڈی ایم رام سو 9469459991 اور ایس ڈی ایم گول 9419323738. سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
۔’ 33 روپے یومیہ سے گھر چلانا ناممکن‘
مڈ ڈے میلز باورچیوں کا اجرت بڑھانے اور باقاعدہ بنانے کا مطالبہ
محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کے سرکاری تعلیمی اداروں میں کام کرنیوالے دو ہزار کے قریب مڈ ڈے میلز باورچی اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی اور نا انصافی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور سرکار سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ اْن کا ماہانہ مشائرہ بڑھایا جائے اور اْنکی خدمات کو باقاعدہ بنایا جائے۔ ضلع رام بن کے تعلیمی زون بانہال، کھڑی ، اْکڑال ، رام بن ، بٹوٹ اور گْول میں مڈ دے میلز تیار کرنے کیلئے قریب دو ہزار سے باورچی پچھلے دس سے پندرہ سالوں سے سرکاری سکولوں میں کام کر رہے ہیں اور اس کے عوض انہیں یومیہ محض 33 روپئے کی رقم کے حساب سے ماہانہ ایکزار روپئے کی رقم بطور مشائرہ دی جارہی ہے جس سے مہنگائی کے اس دور میں گھر گرہستی کو چلانا ان باورچیوں کیلئے ناممکن ہو کر رہ گیا ہے ۔ ثاقب رونیال اور جاوید احمد گنائی کی قیادت میں مڈ ڈے میلز تیار کرنے والے باورچیوں نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ ماہانہ اجرت کو بڑھانے کا اْن کا دیرینہ مطالبہ کئی باراعلی حکام کی نوٹس میں لایا گیا ہے لیکن اس طرف ابھی تک کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ہے جس کی وجہ سے سرکاری سکولوں میں صبح دس بجے سے شام چار بجے تک اپنا فرض انجام دینے والے باورچیوں کی گھریلو حالت خراب ہوکر رہ گئی ہے اور اس مسئلے کو انسانی بنیادوں پر حل کرنا ناگزیر بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک یومیہ مزدور کی اجرت چار سو روپئے سے زائد اور ایسے میں مڈ ڈے میلز کے علاوہ صفائی اور آب رسانی کا کام انجام دینے والے سرکاری سکولوں میں کام کرنے والے باورچیوں کو 33 روپیہ یومیہ کے حساب سے اجرتیں دی جاتی ہیں جو اْن کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے اور مہنگائی کے دور میں بے روز گاروں کے ساتھ ایک بڑا مذاق بھی ہے۔ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ باورچیوں کی اجرت ایک ہزار روپئے ماہانہ سے بڑھا کر دس ہزار روپئے کر دی جائے اور کام کرنے والے تمام باورچیوں کی خدمات کو مستقل بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ خطاب میں وزیر خزانہ نے کیجول لیبرزکو تھوڑی سی راحت دینے کا اعلان کرتے ہوئے مڈ ڈے میلز تیار کرنے والے باورچیوں کا بھی ذکر کیا تھا لیکن ابھی تک زمینی سطح پر ہماری حالت زار کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں آب رساں ، چپراسی اور صفائی کا کام بھی باورچیوں کو کرنا پڑتا ہے اور اس کے عوض دی جانے والی قلیل رقم ان کی محنت کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے اپنے جائز مطالبات کو جلد از جلد حل کرنے کیلئے ریاستی وزیر تعلیم سے ذاتی دلچسپی دکھانے کی اپیل کی ہے تاکہ قلیل مشائرے پر سرکاری سکولوں میں کام کرنے والے پڑھے لکھے باورچیوں کا مسئلہ حل ہو جائے۔ اس سلسلے میں مشن ڈائریکٹر سروا شکھشا ابھیان سے بات کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اس میں کامیابی نہیں ملی اور اْن کا موقف جاننے کا موقع نہ مل سکا۔