ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے اجلاس کا اہتمام
ٹریفک سے متعلق معاملات کو حل کرنے پر زور
اے آئی بٹ
کشتواڑ//ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ایل ایئزا( لیٹر آف اتھارٹی) جاری کرنے کے لئے ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا ،جس کی قیادت ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانانے بطور چیئر مین آر ٹی اے کی۔اجلاس میں ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز نہار رنجن ،اے آر ٹی او کشتواڑ ابھے اندو شرما بطور ممبر سیکرٹری اور ڈی ٹی آئی کشتواڑ نے شرکت کی۔ممبر سیکرٹری اے آر ٹی او کشتواڑ نے کمیٹی کے سامنے ایل اے جاری کرنے کے سارے کیس پیش کئے ۔تفصیلی مباحثہ کے بعد 158کیسوں کی منظوری دی گئی۔لوگوں کی ٹرانسپورٹ ضروریات کو ملحوظ نظر رکھ کر ان کیسوں کی منظوری دی گئی۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ڈی سی نے اے آر ٹی او اور ٹریفک حُکام کو صلاح دی کہ وہ ٹریفک سے متعلق معاملات حل کرنے کے لئے سرگرمی سے کام کریںاور انہیں لگاتار ناکے اور چیکنگ کرنے کیلئے کہا، تاکہ ڈرائیور گاڑیاں چلاتے ہوئے ٹریفک کی خلاف ورزیاں نہ کر پائیں۔
خطہ چناب میں شجر کاری مہم کا اہتمام،40ہزار سے زائد درخت لگائے گئے
ریاسی //ضلع انتظامیہ نے آرمی کے ہمراہ ضلع میں شجر کاری مہم کے دوران 40, 000 سے زائد درخت لگائے ہیں۔مہم کا آغاز ڈویژنل فارسٹ آفیسرس مہور اور ریاسی ڈویژنوں میں کیا گیا ،جسمیں سکولوں اور کالجوں کے طلاب کے علاوہ آرمی یونیفارم فورس ،126ویں سی آر پی ایف بٹالین،سلال پائور پروجیکٹ ،این ایچ پی سی اور سول سوسائٹی کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر پرسننا راما سوامی جی کی قیادت میں منعقدہ تقریب میں میجر جنرل اروند بھاٹیہ، اور ضلع فارسٹ افسر ریاسی انور شاہ نے بھی شجر کاری مہم میں شرکت کی۔اس موقعہ پر خطاب میں ماہرین نے شجر کاری مہم کی اہمیت کو اجا گر کیا ۔ مقررین نے کہا کہ شجر کاری سے پسیاں گر آنے کو روکا جا سکتا ہے،گرائونڈ واٹر کی سطح کو ریچارج کرنے میں مدد دینے اور زمین کے کٹائو کو روکا جا سکتا ہے۔شجر کاری کے لئے پودے سٹیٹ فارسٹ ریسرچ انسٹیچوٹ جموں کی جانب سے مہیا کئے گئے تھے۔اس موقعہ پر موجود لوگوں میں ایس ایس پی ریاسی طاہر سجاد بٹ، جی ایم این ایچ پی سی ہیمانشو شیکھر، کمانڈنٹ سی آر پی ایف پردیپ سنگھ،ڈی ایف او مہور پرویز ملک، رینج آفیسران ریاسی بشمول راکیش شرما ٹھکرکوٹ، محمد نعیم نائیک موجود تھے۔
پلماڑمیں’ خصوصی تبادلہ خیال‘ پروگرام منعقد
کشتواڑ// بیورو آف اوٹریچ اینڈ کیمونکیشن ،وزارت اطلاعات و نشریات ،بھارت سرکار ،جے اینڈ کے ریجن کی جانب سے جاری عوامی بیداری مہم کے تحت گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول بھاٹا، پلماڑ میں ایک خصوصی تبادلہ خیال کا پروگرام منعقد کیا گیا ۔پروگرام کی صدارت سکول کی پرنسپل سنیتا کماری شرما نے کی جبکہ سابقہ نائب تحصیلدار پنڈت کُنج لعل اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے۔عوام کو سوچھ بھارت ابھیان کے متعلق جانکاری فراہم کرنے کیلئے متعدد آئی ای سی کارروائیاں انجام دی گئیں۔اس موقعہ پر اسارے کے لیکچرار گردھاری لعل نے بطور ریسورس پرسن اپنے فرائض انجام دئے اور سوچھ بھارت ابھیان پر کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے شرکا ء کو اپنے اردو گرد ماحول کو صاف و شفاف رکھنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ کھلے میں پاخانہ کرنے سے کافی بیماریاں پھیلتی ہیں اور یہ ہر ایک کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے ارد و گرد ماحول کو صاف رکھیں۔انہوں نے اس سلسلہ میں لوگوں کو سوچھ بھارت ابھیان کے تحت ( IHHL ) انفرادی گھریلو بیت الخلا ء تعمیر کرنے اور انکی دیکھ ریکھ کرنے کی سکیم کا استفادہ لیں۔اس موقعہ پر ایک کوئیز مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں چار ٹیموںنے شرکت کی۔مشرف ارشاد۔کلیانی شرما اور اجے کمار۔ کماری پوجا کی ٹیم کو بالترتیب فاتح اور رنرز اپ قرار دیا گیا ۔مصوری کا ایک مقابلہ بھی اس سلسلہ میںمنعقد کیا گیا ،جس میں انسٹیچوٹ کے 16 طلاب نے شرکت کی، جس میں ساندیہ شرما ، روشن رینہ اور چھوی رینہ نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ماحول کو محفوظ رکھنے کے لئے سکول کے احاطہ میں شجر کاری مہم بھی منعقد کی گئی۔مدن گوپال اور گورنام سنگھ ،انچارج فیلڈ اوٹ ریچ بیورو ڈوڈہ اور اودھمپور نے بھی شرکا سے تبادلہ خیال کیا اور سوچھ ایکشن پلان۔2018 کی اہمیت کو اُجا گر کیا۔
چناؤ کمیشن کا نوٹس
۔5امیدوار 3برس تک چنائو لڑنے کے نااہل قرار
عظمیٰ نیوز
جموں//2014کے اسمبلی انتخابات کے دوران چنائو اخراجات کا گوشوارہ پیش نہ کرنے کی بنا پر الیکشن کمیشن آف انڈیا نے وادی کے پانچ سابق امیدواروں کو آیندہ تین برس تک کیلئے کسی بھی انتخاب میںحصہ لینے کے نااہل قراردیا ہے۔جن امیدواروں پر چنائو میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی ہے، اُن میں بھاجپا کے عبدالرحمن،آل انڈیا فارورڈ بلاک کے محمداقبال زرگر،آزاد امیدواراںغلام محمدبٹ،غلام محمد پرے اور نذیراحمدوانی شامل ہیں۔چنائو کمیشن کے حکمنامے کے مطابق اِن اُمیدواروں کو 7 جون 2018سے تین سال تک پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں ،ریاستی قانون سازاسمبلی یاقانون ساز کونسل کا ممبر منتخب ہونے کے نااہل قراردیا گیا ہے۔چنائوکمیشن کے ذرائع کے مطابق کمیشن نے ریاست کے سبھی اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے اُن امیدواروں کی فہرست طلب کی تھی جنہوں نے 2014کے اسمبلی انتخابات کے دوران اپنے چنائواخراجات کے گوشوارے حکام کو پیش نہیں کئے تھے۔کشمیرعظمیٰ کوحکام نے بتایا کہ یہ ایک مسلسل عمل ہے اور چنائو کیلئے نااہل قراردئے گئے سبھی امیدواروں کا تعلق ضلع بانڈی پورہ سے ہیں۔حکام کے مطابق دیگر اضلاع کے ایسے امیدواروں جنہوں نے چنائواخراجات کے گوشوارے حکام کو پیش نہیں کئے ہیں ،کے خلاف بھی ایسی ہی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔چنائو کمیشن نے یہ کارروائی جموں کشمیر عوامی نمائندگاں ایکٹ1957کے تحت کی ہے،جس کی رو سے اُن امیدواروں جو اپنے چنائو گوشوارے حکام کو پیش کرنے میں ناکا م ہوں،کو تین سال تک انتخاب لڑنے کے ناا ہل قرار دیا جاتا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر میں چنائو مہم کے دوران اخراجات کی حد28لاکھ روپے تک ہے۔
بھدرواہ میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اہتمام
طاہر ندیم خان
بھدرواہ//وزیر اعظم کے سکل انڈیا پہل کو نئی سمت دیتے ہوئے ممبئی میںمقیم’’بائونس ا ٓن بئیٹس سنگنگ اینڈ ائیرو بیٹکس سٹیڈیوکی جانب سے ’’ Bhadarwah Got Super Talent‘‘رئیلٹی شوو کا اہتمام کیا گیا ،تاکہ بھدرواہ ، ڈوڈہ اور کشتواڑ میں ڈانس ، سنگنگ کے شعبہ میں ٹیلنٹ کی کھوج کی جا سکے۔ ممبئی کے آرگنائزر اور کوریو گرافر ریحانہ خان نے اس موقعہ پر کہا کہ اسکا مقصد علاقہ کے نوجوانوں میں گانے، رقص کے لئے حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا، تاکہ یہ نوجوان پیشہ وارانہ سطح پر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ریحانہ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے ’’سکل انڈیا ‘‘ کا نعرہ لگایا ہے اور ہم اسکے خواب کو پورا کرنے کیلئے ہم نے سکل کو ایک نئی جہت دینے کی کوشش کی ہے ،جسکے مثبت نتائج بر آمد ہوئے ہیں۔سیمی فائنل میں 65 اُمید وارون بشمول 40طالبات نے شرکت کی ،جن کو ابتدائی رائونڈ سے منتخب کیا گیا ۔مقابلہ میں لڑکیوں نے کافی جو ش و خروش سے شرکت کی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مقابلہ میں شرکت رکنے والی ایک طالبہ کرشمہ کوتوال نے کہا کہ اگرچہ میں نے پہلے بھی پرفارم کیا ہے لیکن یہاں جوپلیٹ فارم مہیا ہوا ،وہ بہت بڑا ہے اور یہ ایک خواب سا لگ رہا ہے اور اسے وزیر اعظم کے سکل انڈیا پہل کے ساتھ منسلک کرنا ایک اچھا خیال ہے۔ نہ صرف شرکاء بلکہ والدین نے بھی اس میںبھاری تعداد میں شرکت کرکے اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ نقد انعامات کے علاوہ فاتح کو ایک ویڈیو گانے میں بھی موقعہ فراہم کیا جا ئے گا ،جس سے انکے لئے بالی ووڈ کا راستہ کھل جائے گا۔سیمی فائنل میں جج کے فرائض ریحانہ خان، توصیف تابش اور فاروق احمد نے انجام دئے۔
تقابلی امتحان میں کامیاب
ضیا الحق خانجی ولد سید اللہ خانجی ساکن بیولی،ڈوڈہ نے ماحولیاتی سائنس میں جموں کشمیر سٹیٹ الیجبلٹی ٹسٹJKSET برائے 2017-18 میں زیر رول نمبر6160382 کامیابی حاصل کی ہے۔ اس ٹسٹ کے نتائج کااعلان حال ہی میں کیا گیا ہے۔