رامسو ہائی سکول کو درجہ نہ دینے کیخلاف تقریبات کا بائیکاٹ
محمد تسکین
بانہال // رامسو میں کئی سیاسی اور مذہبی شخصیات سمیت بیشتر لوگوں نے بطور احتجاج یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت نہیں کی۔ وہ رام سو کے ہائی سکول کو ہائر سیکنڈری کا درجہ نہ دینے کے خلاف احتجاجً یوم آزادی کی تقریب سے دور رہے۔ نیشنل کانفرنس لیڈر اور میر واعظ کوہستان مولانا عطا محمد کٹوچ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رامسو کے ہائی سکول کو ہائرسیکنڈری درجہ نہ ملنے کی وجہ سے ہم نے یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت نہ کی اور تقریبات کا بطور احتجاج بائیکاٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے پچاس سالوں سے ہائی سکول کا درجہ پڑھانے کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں لیکن تام سرکاروں نے رامسو کے ہائی سکول کو ہمیشہ نظر انداز کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رامسو ہائی سکول کو سابقہ وزیر اعلیٰ مرحوم میر قاسم کے دور میں لور ہائی سکول سے ہائی سکول کا درجہ دیا گیا تھا لیکن پانچ دہائیوں کے باوجود بھی اس سکول کا درجہ نہیں بڑھایا گیا۔
ڈوڈہ میں عید الضحٰی کے انتظامات کا جائزہ
ڈوڈہ //ضلع ترقیاتی کمشنر سمرن دیپ سنگھ کی قیادتر میں ضلع انتظامیہ کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں عید الضحیٰ احسن طریقہ سے منانے کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اے سی آر ڈوڈہ طارق حُسین ، اے سی ڈی انگریز سنگھ، سی پی او ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر،ای او ایم سی و پی ایچ ای، پی ڈی ڈی ،سی اے پی ڈی اور محکمہ صحت کے سینئر افروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈی سی نے افسروں کو ناجائز منافع خوری ،کالا بازاری اور اشیائے ضروری کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف مارکیٹ چیکنگ میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔انہوں نے تہوار کے پیش نظر گوشت کے علاوہ زندہ بھیڑ و بکرے مارکیٹ میں مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ۔محکمہ صحت عامہ کو قصبہ میں پینے کے پانی کی معقول سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔عید کے موقعہ پر بغیر کسی پریشانی کے ٹریفک کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔محکمہ پولیس کو ٹریفک منیجمنٹ منصوبہ مرتب کرنے اور کافی تعداد میں اہلکاروں کی تعیناتی کی ہدایت دی گئی۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئیمحکمہ صحت کو ایک ایمبولنس معہ ڈاکٹر و ادویات کے تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔میونسپلٹی کے ایگزیکٹو افسر کو صفائی و ستھرائی کی مہم میں تیزی لانے کی ہدایت دی گئی۔اجلاس میں راشن ، ایل پی جی سلنڈروںکی سپلائی پوزیشن کا بھی جائزہ لیا گیا ۔اسکے علاوہ قصبہ میں تہوراروں کے ایام میں بغیر کسی خلل کے بجلی کی سپلائی کے علاوہ دیگر ضروری ہدایات بھی جاری کئے گئے۔
جواں سالہ خاتون نے پھندہ لگا کر زندگی کا خاتمہ کردیا
ارشد کاظمی
بٹوت//تحصیل بٹوت کی پنچائیت تھوپال میں بٹوت سے سات کلو میڑ کی دوری پر بٹوت ڈوڈہ شاہراہ پر واقع گائوں ہلدنوں میں ایک 23 سالہ خاتون سونی دیوی زوجہ جوگیندر کمارنے پندرہ اگست کی شام اپنے گھرکے اندر اپنے نجی کمرے کی چھت میں پھندہ لگاکر خودکشی کے ذریعے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔مرحومہ کا آبائی تعلق گائوں مادہ ،تحصیل چنینی سے ہے اور چودہ ماہ قبل مرحومہ کی شادی جوگیندر کمار سکنہ ہلدنوں بٹوت سے ہوئی تھی،اس واقع کی اطلاع موصول ہونے پرایس ایچ او پولیس تھانہ بٹوت نذیر احمد ،نائب تحصیلدار بٹوت کے ہمراہ جائے واردات پر پہونچے اورمردہ خاتون کی نعش کو اپنی تحویل میں لیکرلازمی قانونی لوازمات پوراکرنے کے بعدنعش کوگورنمنٹ شیر کشمیر ہسپتال بٹوت میں لائے جہاں نعش کا پورسٹ مارٹم کرنے کے بعداس سلسلے میں پولیس تھانہ بٹوت میںکیس درج کرکے پولیس نے نعش آخری رسومات کیلئے لواحقین کے سپرد کر دی۔قابل ذکر ہے کہ اس سلسلے میں مرنے والی خاتون کے میکے والوں نے اس خود کشی کے واقع پر شبہات کا ظاہر کئے ہیں۔
مچیل ماتا یاتریوں کی تعداد ایک لاکھ تجاوز کر گئی
کشتواڑ//15 ۔اگست کے روز جب ملک بھر میں72 واں یوم آزادی منایا جا رہا تھا ، اُسی روز مچیل ماتا مندر میں حاضری دینے والے یاتریوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔جہاں پر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 1,02224 یاتریوں نے مچیل ماتا کے درشن کئے ہیں۔یہ یاترا 25جولائی کو شروع ہوئی ہے۔رواں سال میں یاتریوں کا بھاری رش دیکھا جاتا ہے جس کی وجہ سے یہ تعداد ریکارڈ ایک لاکھ پار کر گیا ہے۔ یاتریوں کے بھاری رش کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ مچیل ماتا یاترا بھارت میں سب سے بڑی یاترائوں میں سے ایک ہوگی۔یاترا شروع ہونے کے بعد سے اب تک 44919 مردوں، 37339 خواتین ،19784 بچوں اور 92 سادھووں نے مچیل ماتا کے درشن کئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے یاتریوں کے بھاری رش پر مسرت کا اظہار کیااور کہا کہ ملک بھر کے عوام کا مچیل ماتا رانی پر عقیدہ ہے،جو ان کی مرادوں کو پورا کرتی ہے اور انہیں دعائیں بھی دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس یاترا سے پاڈر علاقہ کے لوگوں کی سماجی۔اقتصادی حالت میں بھی کافی سدھار ہوا ہے۔انہوں نے یاتریوں کو صلاح دی کہ پوتر چھڑی مبارک کے تقدُس کو مد نظر رکھ کر صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔
کچلو کا سابقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کے انتقال پر دکھ کا اظہار
کشتواڑ//سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر و سابقہ وزیر سجاد احمد کچلو نے سابقہ ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز غلام قادر میر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے،جن کا انتقال جمعرات کے روز طویل علالت کے بعد ہوا۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے ا س کی موت کو سول سوسائٹی کے لئے ایک عظیم نقصان قراردیا ہے،انہوں نے غم زدہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اللہ سے مرحوم کو جنت فردوس میں جگہ عطا کرنے کی دعا کی ہے اور غم زدہ خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عا کرنے کی دعا کی ہے۔کچلو نے پارٹی عہدیداروں بشمول ضلع صدر تنویر احمد کچلو، صوبائی نائب صدر قاضی جلال الدین ،ضلع ترجمان غلام قادر ملک، صوبائی سیکرٹری امتیاززرگر، اور راجندر سین ، ضلع سیکرٹری شبیر احمد کمال، ضلع صدر لیبر سیل عبدالمجید شاہ، ضلع صدر شیڈولڈ کاسٹ سیل اشوک بھگت، ضلع صدر سابقہ فوجی سیل ریٹائرڈ کیپٹن رمیش کمار، ضلع صدر او بی سی سیل فاروق بٹ، بلاک صدر کشتواڑ ولی محمد گیری، ضلع یوتھ صدرڈی ڈی فاروق، ضلع سیکرٹری یوتھ آصف قاضی، پبلسٹی سیکرٹری چودھری فردوس، سٹی صدر خالد میر و دیگران کے ہمراہ دکھ زدہ کنبہ کا دورہ کرکے انہیں تعزیت کی۔
این ایچ ایم ایمپلائز کا عید الضحیٰ سے قبل تنخواہ وا گذار کرنے کا مطالبہ
ڈوڈہ //آل جموں و کشمیر این ایچ ایم ملازمین ایسو سی ایشن یونٹ ڈوڈہ نے عید الضحیٰ سے قبل تنخواہ واگُذار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک پریس بیان میں ایسو سی ایشن کے صدر فیضان اے ترنبو نے اینا یچ ایم ملازمین کو تنخواہ واگُذار نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ ملازمین گذشتہ 2,۔3 مہینوں سے بغیر تنخواہوں کے ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ جموں کے این ایچ ایم ملازمین بھی گُذشتہ 05 مہینوں سے تنخواہوں کے بغیر ہیں،جسکی وجہ سے وہ بھوک مری کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بیشتر این ایچ ایم ملازمین اپنے گھروں کے واحد کمائو ہیںاور تنخواہ واگُذار نہ ہونے کی وجہ سے انکے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے سرکار سے ان ملازمین کی تنخواہ اجت واگذار کرنے کے لئے کوئی حل ڈھونڈنے کی اپیل کی، تاکہ مستقبل میںان ملازمین کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایسوسی ایشن نے کمشنر سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ، مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم جے اینڈ کے، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ،جموں پر زور دیا ہے کہ وہ این ا یچ ایم ملازمین کے صبر کا امتحان نہ لیںاور انہیں عید الضحیٰ سے قبل تنخواہ واگُذار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈوڈہ میں 5مویشی بازیاب
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے مویشیوں کی سمگلنگ کی بدعت کے خلاف جاری مہم میں ایک خصوصی اطلاع ملنے پر بھاگواہ سے 05مویشیوں کو بازیاب کیا۔پولیس نے ایک مصدقہ اطلاع پر 15اور16اگست 2018کی درمیانی شب کو پولیس پارٹی پولیس پوسٹ بھاگواہ نے ایس آئی لیکھ راج نے زیر نگرانی ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز دوڈہ افتخار احمد اور زید ہدایات ایس ایس پی شبیر احمد ملک گڈی نالہ علاقہ میں ایک ناکہ لگایا اور ایک مویشی سمگلر محمد حُسین عرف ببلو ولد محمد ابراہیم ساکنہ سیسر واڑ،تحصیل بھاگواہ کو روکا اور اسکے قبضہ سے05مویشیوں کو باز یاب کیا۔مذکورہ سمگلر اندھیرے اور گھنے جنگلوں کا فائدہ اُٹھا کر جائے موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا ۔مبینہ ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے پولیس کی جانب سے کافی کوششیں کی جا رہی ہیں۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کی ہے۔
ڈوڈہ میں محکمہ اطلاعات کے ملازمین کی عزت افزائی
ڈوڈہ //یوم آزادی کے موقعہ پر ضلع اطلاعاتی مرکز ڈوڈہ اور تحصیل اطلاعاتی مرکز بھدرواہ کے دو ملازمین عنایت اللہ بٹ اور منصور طارق کو ایوارڈز سے سرفراز کیا گیا ۔انہیں سال بھر سرکاری تقریبات کی کوریج کے لئے تن دہی اور لگن سے خدمات انجام دینے پر عزت افزائی کی گئی۔ضع انتظامیہ ڈوڈہ اور تحصیل انتظامیہ بھدرواہ نے ان اہلکاروں کے کام کرنے کے طریقہ کی کافی ستائش کی ہے اور انکی باقاعدگی ،جوش اور لگن کو تسلیم کرتے ہوئے انکی عزت افزائی کی ہے۔