ریلوے لائن کی تعمیری سے آبی ذخائر نابود
اندھ میں پانی کی ہاہاکار ، معاملہ ریلوے حکام سے اٹھایا گیا ہے :ڈی ایم
زاہد بشیر
گول// ضلع رام بن کے گول سنگلدان اور اندھ میں کٹرہ بانہال ریلوے تعمیر کی وجہ سے پانی کے چشمے سوکھ چکے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کو پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے وہیں آبپاشی نہریں بھی سوکھ گئی ہیں اور لوگ دھان کے کھیتوں میں مکی کی فصل اُگانے پر مجبور ہیں ۔تفصیلات کے مطابق گول سب ڈویژن کے علاقہ اندھ میں بالخصوص اور سنگلدان ،دلواہ، داڑم میں بالعموم ریلوے ٹنلوں کی تعمیر کی وجہ پانی کے چشمے سوکھ گئے ہیں جس وجہ سے لوگوں کو پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔علاقہ اندھ کے لوگوں نے اس سے قبل بھی پینے کے صاف پانی کے معاملے پر احتجاج بھی کیا اور معاملہ اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لایا لیکن اس جانب کوئی بھی توجہ نہیں دی گئی اور نتیجے کے طور پر نہ صرف دھان کے کھیت سوکھ چکے ہیں بلکہ لوگوں کا پینے کے پانی کا قطرہ تک میسر نہیں ہے جس سے لوگ پریشانیوں میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ایس ڈی ایم گول غیاث الحق نے ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ اندھ میں پانی کی قلت کو زیادہ وقت نہیں ہوا ہے اور اس مسئلے پر انتظامیہ نے ریلوے حکام سے بھی بات کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ نے سی ایس آر کے تحت 2کروڑ روپے کا ایک منصوبہ رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں وقت لگتا ہے اور یہ پروجیکٹ جلد نہیں آتے ہیں ۔ڈی ایم نے کہا کہ جہاں تک گاڑی جاتی ہے وہاں تک ریلوے والوں نے ٹینکر کے ذریعے لوگوں تک پانی پہنچایا ہے اور جہاں گاڑی نہیں جا سکتی ہے ان مقامات پر لوگوں کو کافی پریشانیاں آ رہی ہیں ۔ایس ڈی ایم نے کہا کہ اس مسئلے کو ضلع انتظامیہ کے ساتھ بھی اُٹھایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جل شکتی محکمہ کے ذریعے ہی یہاں پر پروجیکٹوں پر کام ہو گا ۔ انہوںنے کہا کہ سب ڈویژن گول میں جل جیون ابھیان کے تحت کافی پیسہ منظور ہوا ہے اور آئندہ لوگوں کو پینے کے پانی کی قلت سے چھٹکارہ ملنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو فصلوں کا جو نقصان ہو رہا ہے اس کے لئے ہمارے پاس کوئی معاوضہ نہیں آتا ہے اور ہمارے پاس اُسی کا معاوضہ آتا ہے جو پروجیکٹ کے حدود میں ہو ۔انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح لوگوں تک پانی پہنچانا ہے اور امید ہے جلد لوگوں کو اس مسئلے سے چھٹکارہ ملے گا ۔کیونکہ 2022تک ہر گھر نل پروجیکٹ مکمل کرنا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
این ایچ پی سی کا ضلع انتظامیہ کے نام مکتوب
سلال ڈیم کے قریب واقع چنکاہ علاقہ کوئی سیاحتی مقام نہیں
جموں// (یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں دریائے چناب کے سلال ڈیم کے نزدیک واقع چنکاہ علاقے میں سیاحوں کی آمد میں ہو رہے اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے نیشنل ہائیڈرو پروجیکٹ کارپوریشن (این ایچ پی سی) نے ضلع انتظامیہ سے کہا کہ اس جگہ پر ایک تالاب ہے جہاں لوگوں کا جمع ہونا ممنوع ہے۔کارپوریشن کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ ضلع انتظامیہ ریاسی کو ایک مکتوب روانہ کیا گیا ہے جس میں ان سے گذارش کی گئی ہے کہ چنکاہ علاقے میں لوگوں کا جمع ہونا ممنوع ہے کیونکہ یہاں ایک تالاب ہے کوئی سیاحتی مقام نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقام پر سیاحتی سرگرمیاں اور لوگوں کا بڑی تعداد میں جمع ہونا ممنوع ہے۔ضلع انتظامیہ کے نام جاری مکتوب میں کہا گیا ہے ’’سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے ہماری نوٹس میں آیا ہے کہ چنکاہ علاقے میں سلال ڈیم کے تالاب کے نزدیک سیاحتی اور سپورٹس سرگرمیاں چل رہی ہیں یہ علاقہ ایک محدود اور ممنوعہ علاقہ ہے اور اس علاقے میں ایسی سرگرمیاں غیر قانونی اور ممنوع ہیں‘‘۔موصوف عہدیدار نے کہا کہ اگر اس ضمن میں فوری کارروائی انجام نہیں دی گئی تو کسی حادثے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے بھی ہمارے مکتوب کو سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے اس ضمن میں ضروری کارروائی کرنے کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مذہبی مقام ’دیوی پنڈی‘ پر پکنک منانے پر پابندی عائد
جموں// (یو این آئی) ضلع ریاسی کے کٹرہ علاقے کے نزدیک ترکوٹہ پہاڑیوں کے دامن میں واقع 'دیوی پنڈی' پر نوجوانوں کے ایک گروپ کا پکنک کے دوران شراب پینے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ضلع انتظامیہ نے اس جگہ پر نوجوانوں کی غیر ضروری نقل و حمل پر پابندی عائد کر کے صرف یاتریوں کو ہی چلنے پھرنے کی اجازت دی ہے۔حکام نے ویڈیو کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے 'دیوی پنڈی' کے نزدیک پکنک پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور اس جگہ پر پولیس اور سی آر پی ایف کو تعینات کیا گیا ہے اور پکنک پر آنے والوں پر نگرانی رکھنے کے لئے ڈرون کمیروں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔اے ایس پی کٹرہ امیت بھسین نے یو این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ 'دیوی پنڈی' کوئی سیاحتی مقام نہیں بلکہ ایک مذہبی جگہ ہے اور ملک بھر سے شری ماتا ویشنو دیوی کی یاترا پر آنے والے یاتری اس جگہ پر بھی حاضری دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس جگہ پر جانے کی اجازت صرف یاتریوں کو دی جائے گی۔بتا دیں کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ نوجوان 'دیوی پنڈی' کی طرف جاتے ہوئے شراب پی رہے ہیں جس کے پیش نظر لوگوں نے ان نوجوانوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سول انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں اور پولیس افسروں نے دیوی پنڈی کا دورہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کشتواڑ میں کمسن لڑکی کی عصمت دری، ملزم گرفتار
کشتواڑ //کشتواڑ میں ایک کمسن لڑکی کی مبینہ طور عصمت دری کرنے والے شہری کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ کے این ایس کے مطابق کشتواڑ پولیس تھانہ میں ایک شہری نے تحریری شکایت درج کرائی کہ اس کی بیٹی کی عصمت دری کی گئی ہے اور اس میں کامران نجار ملوث ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے اس کی خلاف ایف آئی آر زیر نمبر137/2021درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ اس دوران علاقہ میں پیش آئے انسانیت سوز واقعہ پر لوگوں میں شدید غم و غصہ پایاجارہاہے۔ لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ اس دوران ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ جرائم پر قابو پانے کیلئے پولیس کو تعاون فراہم کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اودھمپور میں گیس سلنڈر پھٹ گیا
۔9 افراد جھلس گیا ،6زخمی جی ایم سی جموں منتقل
نمائندہ عظمیٰ
اودھمپور // ضلع اودھمپور میں گذشتہ رات ایک گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے 9افراد جھلس گئے جن میں سے 6کی حالت نازک بنی ہوئی ہے اور انہیں اودھمپور ہسپتال سے گورنا منٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق آگ بدھ کی رات کو قریب 11بجے اودھمپور کے لانڈر گائوں میں ایک مکان سے ظاہر ہوئی اور جیسے ہی لوگ آگ کو بجھانے کیلئے مکان میں داخل ہوئے تو اچانک وہاں موجود رسوئی گیس سلنڈ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 9لوگ بھری طرح سے جھلس گئے ۔موقعہ پر موجود لوگوں کے مطابق زخمیوں کو پہلے ضلع ہسپتال اودھمپور اور بعد میں شدید زخموں کو جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا جن میں سے 6زخمی افراد کی حالت نازک بنی ہوئی تھی ۔اس واقعہ کے خلاف لوگوں نے احتجاج بھی کیا۔ لوگ مطالبہ کر رہے تھے کہ علاقے میں انتظامیہ کی ایک ٹیم کو روانہ کیا جائے تاکہ وہاں کے ہسپتالوں میں عملے کی کمی اور ایمبولنس کے ڈرائیور کی حاضری کو یقینی بنایا جا سکے ۔
کویڈ 19پروٹوکول کا نفاذ
رام بن میں خلاف ورزی کرنے والوں سے جرمانہ وصول
رام بن // رام بن انتظامیہ نے کویڈ 19پروٹوکول کے نفاذ کیلئے مہم کو جاری رکھتے ہوئے ضلع میں اپنی کارروائی کو تیز کر دیا ہے اور جمعرات کو بھی قوائد ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے افراد سے ہزاروں روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔بغیر ماسک اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے کے خلاف انفورسمنٹ ٹیموں نے جمعرات کو ضلع کے مختلف علاقوں میں لوگوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جس دوران ابھی تک 50000ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اپریل سے آج تک ضلع انتظامیہ نے 2188800 روپے جرمانہ وصول کیا ہے ۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چہرے پر ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ وہ اپنے قریبی سی وی سی میں کوویڈ ویکسین کی خوراکیں لیں۔ ڈسٹرکٹ امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ جمعرات کے روز ضلع میں 2757 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراکیں فراہم کی گئیں۔
اے سی آر ڈوڈہ منسلک
جموں //جنرل ایڈمسٹریشن ڈپارٹمنٹ نے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ڈوڈہ قیصر احمد کو ریونیو ٹریننگ انسٹی ٹوٹ جموں کے ساتھ منسلک کر دیا ہے ۔
اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ڈوڈہ قیصر احمد (جے کے اے ایس) کو 27اکتوبر 2020کو گورنمنٹ آرڈر نمبر 1001 (جی اے ڈی) کے تحت ، یونین کے علاقے لداخ میں ڈیپوٹیشن کے احکامات کے تحت میں شامل کیا گیا تھااور وہ اب اگلے احکامات تک ریونیو ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ جموںمیں رہیں گے ۔