بی جے پی کسان مورچہ کا وفد گورنر سے ملاقی
سری نگر/ /بی جی پی کے نیشنل سیکرٹری جو کہ جموں اینڈ کشمیر بی جے پی کسان مورچہ کے انچارج بھی ہیں، کی قیادت میں بی جے پی کسان مورچہ کے ایک وفد نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔وفد نے ریاست جموں وکشمیر میں کسان طبقہ کو درپیش متعدد مسائل کے بارے میں گورنر کو جانکاری دیتے ہوئے دیہی علاقوں میں بہتر سڑک رابطوں، سیوریج نظام، طبی نگہداشت، سکول وغیرہ کی بہتر سہولیات دستیاب رکھنے سے متعلق مطالبات پیش کئے۔وفد نے ریاست کے سرحدی علاقوں میں سرحد پار کی گولہ بار ی اورموسمی حالات کی وجہ سے فصلوں کو ہوئے نقصان کے عوض میں معاوضہ کی فراہمی کی بھی مانگ کی۔ڈیلی گیشن نے جموں اور سرینگر میں رنگ روڈ پروجیکٹ کی تعمیر کے لئے حاصل اراضی کے عوض میں معقول معاوضہ کی فراہمی کی بھی استدعا کی۔گورنر موصوف نے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کی جانب سے اُبھارے گئے معاملات پر غور کیا جائے گا۔گورنر نے وفد سے کسان طبقہ کی فلاح و بہبود کے لئے انہیں اپنی کوششیں جاری رکھنے کی تلقین کی۔
لاح یاترا2018ء
رام بن ، ادھمپور، سانبہ ، کٹھوعہ اور جموں کے انفورسمنٹ افسروںکی میٹنگ
جموں//کمشنر فوڈ سیفٹی ڈاکٹر عبدالکبیر ڈا ر نے آج لاح یاترا2018ء میں شریک اضلاع کی کی طرف سے کی جارہی تیاریوں کا جائز ہ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے لیا۔انہوں نے ضلع رام بن ، ادھمپور، سانبہ ، کٹھوعہ اور جموں کے انفورسمنٹ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس یاترا کو احسن طریقے پر منعقد کرنے کے انتظامات کریں۔یاترا کے دوران فوڈ سیفٹی آن وہیلز کی خدمات فراہم کرنے کے لئے 25 سائیکل سواروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔اس کے علاوہ سری نگر اور جموں میں 11؍ نومبر 2018ء اور 27؍ جنوری 2019ء کو دو سوستھ میلے منعقد کئے جائیں گے۔ اس موقعہ پر خطاب کر تے ہوئے ڈاکٹر عبدالکبیر نے فوڈ سیفٹی کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام اشیائے خوردنی فروخت کرنے والے یونٹوں کا معائینہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے خصوصی سکارڈ تشکیل دئیے گئے ہیں۔
بنی کالج میں قومی ترانے کی توہین کا معاملہ طول پکڑ گیا
ایس ڈی ایم کی ہدایت پراسسٹنٹ پروفیسر کیخلاف ایف آئی آر درج
کٹھوعہ //گزشتہ 29ستمبر کو ڈگری کالج بنی میں مبینہ طور پر قومی ترانے کی توہین کا معاملہ طول پکڑ گیا ہے اور ایس ڈی ایم بنی کی ہدایت پر پولیس نے کنٹریکچول لیکچرار کے خلاف ایف آئی آر در ج کر لی ہے ۔ جیسا کہ کل خبر دی جا چکی ہے کہ اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ کنٹریکچول لیکچرار توصیف احمد پر الزام ہے کہ وہ 29 ستمبر کو کالج میں ’سرجیکل اسٹرائیک ڈے‘ کی مناسب سے منعقد ہونے والی ایک تقریب میں بجنے والے قومی ترانے کی تعظیم میں صحیح سے کھڑے نہیں ہوئے۔ ان پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے قومی ترانے کے دوران اپنا ایک ہاتھ اپنے جیب میں رکھا جبکہ دوسرا ہاتھ اپنی کمر کے پیچھے رکھا۔ اگرچہ 29 ستمبر کو طالب علموں کے معمولی احتجاج کے بعد معاملہ ٹھنڈا پڑگیا، لیکن مبینہ طور پر کچھ باہری عناصر نے طالب علموں کو لیکچرار کے خلاف بھڑکایا۔کالج پرنسپل نے طلاب کے شکایت نامہ پر اپنے ریمارکس لکھ کر ایس ڈی ایم بنی اجیت سنگھ کو کو بھیج دئیے تو ان کی ہدایت پر پولیس تھانہ بنی میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں کالج پرنسل نے اعلیٰ حکام کو ایک مکتوب لکھا ہے جس میں توصیف احمد پر نظم و ضبط کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے‘۔ پرنسپل پروفیسر اے آر شرما نے واقعہ کو بدقسمتی سے تعبیر کیا اور کہا کہ توصیف احمد نے واقعہ کے لئے معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے یہ حرکت جان بوجھ کر نہیں کی ہے۔ لیکن سامنے بچے دیکھ رہے تھے۔ بچوں نے ہمیں ایک تحریری شکایت دی۔ یہ پہلا موقع نہیں جب جموں کے کسی تعلیمی ادارے میں کسی کشمیری پر قومی ترانے کی تضحیک کرنے کے الزام میں کیس درج کیا گیا۔ گذشتہ برس 23 نومبر کو ضلع راجوری میں واقع بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں ایک تقریب کے دوران قومی ترانے کی تعظیم میں کھڑے نہ ہونے دو کشمیری طالب علموں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ان طالب علموں کے خلاف پریونشن آف انسلٹ ٹو نیشنل آنر ایکٹ 1971 کی دفعہ 3 کے تحت ایف آئی نمبر 519 آف 2017 کے تحت کیس درج کیا گیا تھا۔
کٹھوعہ کے چنائوی عملہ کو تربیت فراہم
کٹھوعہ//دوسرے مرحلے کے تحت پریذائیڈنگ اورپولنگ آفیسران کے علاوہ پولنگ عملے کو چنائو عمل سے متعلق لازمی تربیت دی گئی۔تربیتی عمل کا انعقاد ضلع چنائو آفیسرروہت کھجوریہ کی قیادت میںہوا۔تاکہ10اکتوبر کو ہورہے بلدیاتی چنائو کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جاسکے۔ اس موقعہ پر پولنگ آفیسران کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اوردیگر دستاویزی امور کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ضلع چنائو آفیسر نے پولنگ عملے کو فرض شناسی اورتندہی کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا۔انہوںنے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما خطوط پر من وعن عملد ر آمد کرنے کی بھی ہدایت دی۔ضلع کی 5میونسپل کمیٹیوں اور ایک میونسپل کونسل کٹھوعہ پر مشتمل 80وارڈوں کے لئے 113پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں جہاں دس اکتوبر کو صبح 7بجے سے ووٹ ڈالے جائیں گے، ووٹوں کی گنتی20اکتوبر کو ہوگی جب کہ 27اکتوبر تمام چنائو عمل مکمل ہو جائے گا۔
نان گزیٹیڈ سرکاری ملازمین کیلئے آن لائن تربیتی پروگرام کا آغاز
جموں //جے اینڈ کے امپارڈ نے آج ریاستی حکومت کے نان گزیٹیڈ ملازمین کے لئے آن لائن تربیتی پروگرام کا آغاز کیا۔اس تربیتی پروگرام کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل آف ایم سی آر ، ایچ آر ڈی انسٹی چیوٹ آف تلنگانہ بی پی آچاریہ نے انجام دیا اور اس پروگرام کی مالی معاونت حکومت ہند کے ڈی او پی ٹی محکمہ نے کیا ہے ۔اپنے افتتاحی خطاب میںآچاریہ نے آن لائن تربیتی پروگرام کے لئے ضروری تکنیکی سہولیات کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جے اینڈ کے امپارڈ اس تربیتی پروگرام کو ریاستی حکومت کے ریاستی ملازمین کی بڑی تعداد کو ضروری تربیت فراہم کرے گا۔ اس موقعہ پر وائس چیئرمین او رڈی جی امپارڈ لوکیش دَت جہا نے منتخب شدہ افراد پر زور دیا کہ وہ اس تربیت حاصل کرنے کے بعد اپنے متعلقہ اضلاع میں کام کر رہے ملازمین کو بھی تربیت فراہم کریں۔جے اینڈ کے امپارڈ نے مارچ 2019ء تک 5000ملازمین کو تربیت دینے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔موجودہ ورکشاپ میں 24 تربیت فراہم کرنے والے افراد شرکت کر رہے ہیںجن میں سے دو ریاست کے صوبہ کشمیر کے ہرضلع سے چنے گئے ہیں۔اسی طرح کا پروگرام جموں صوبہ کے 10اضلاع کے لئے 6اکتوبر 2018ء کو جموں امپارڈ میں انعقاد کیا جائے گا۔