کرائم برانچ نے ٹھگ گرفتار کر لیا
وزیر بن کر افسروں کو بلیک میل کرتا تھا
جموں//تعمیرات عامہ اور محکمہ مال کے جعلی وزیر ہونے والے ٹھگ کو کرائم برانچ نے سرکاری افسروں کو بلیک میل کرنے اور ا ن سے رقومات اینٹھنے کی پاداش میں دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل کر مزید تحقیقات شروع کر دی ۔یہاں موصولہ ایک پریس نوٹ کے مطابق آر اینڈ بی ،محکمہ مال اور دوسرے سرکاری اداروں کو فردوس احمد آہنگر ولد عبدالرحیم ساکنہ نند ریش کالونی بمنہ سرینگر نامی ٹھگ خود کو محکمہ مال اور آر اینڈ بی کا وزیر جتلا کر اپنے بہن کے سیل نمبر 7880919630سے کئی سرکاری افسروں کو بلیک میل کر کے ان سے رقومات اینٹھنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ مذکورہ ٹھک پی ایم جی وائی ایس کے سپر انٹنڈنٹ انجینئر ،ایگزیکیٹو انجینئر آر اینڈبی کپوارہ ،تحصیلدار اوڑی ،چیف ایجو کیشن افسر گاندربل کو ان کے سیل نمبروں پرایس ایم ایس اور کالیں کر کے انہیں دھمکیاں دیتا تھا کہ وہ محکمہ مال اور آر اینڈ بی میں بحیثیت وزیر اپنی خدمات انجام دے رہا ہے اور ان کی تبدیلیاں اور ت تقرریاں عمل میں لانے سے گریز نہیں کریگا۔کرائم برانچ کو باخبر ذرائع نے اطلاع دی کہ کئی سرکاری افسروں ،ٹیکنو کریٹوں کو وزیر بن کر کوئی شہری بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ کرائم برانچ نے فردوس احمد آہنگر کی جانب سے استعمال کیا جانے والا سیل نمبر کی جانچ پڑتا شروع کی جس کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ مذکورہ شخص نے سم کارڈ اپنی بہن کے نام پر نکالا ہے اور وہ اسے رات کے دوران استعمال کر کے سرکار افسروں اور ا ن کے ماتحت عملے سے رقومات اینٹھنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ کرائم بررانچ نے مذکورہ ٹھگ کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 46/2018زیرد فعات419.420 RPC 66D information Actدرج کر کے اسے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ۔
عالمی امن اور تخفیف اسلحہ کیلئے ہندوستان قیادت کرے: بھیم سنگھ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے اس امید اور اعتماد کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی کے نام ایک خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ 21ویں صدی میں ہندستان بین الاقوامی امن اور تخفیف اسلحہ میں دنیا کی قیادت کرے گا۔انہوں نے وزیراعظم کے نام خط میں کہا کہ آج21ویں صدی میں پوری دنیا میں ہر طرف لڑائی ہی لڑائی کا شور ہے، ہتھیاروں کے ساتھ جارحیت کا دور ہے۔ ہندستان نے اپنے شروعاتی دور میں عالمی امن اور تخفیف اسلحہ کے لئے تحریک چلائی تھی نیز چین کے ساتھ دوستی اور افہام و تفہیم سے ناوابستہ تحریک کو مضبوطی بخشی اور پنچ شیل تحریک کی 1954میں شروعات کی۔انہوں نے خط میں کہا کہ کچھ وقت بعد ہندستان کو اپنے دفاع مضبوط بنانے کے لئے غیرممالک کے ساتھ ہتھیاروں کے لئے معاہدوں پر مجبور ہونا پڑا لیکن اس سے ہندستان کا عالمی امن کی تحریک کے لئے حوصلہ کم نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک نے ناوابستہ تحریک کو اپنا یا ہے ۔ ہندستان بھی کسی مشرق یا مغرب کسی بلاک میں شامل نہیں ہوا۔ہندستانی فوجی دنیا کے مختلف حصوں میں امن قائم رکھنے کے لئے اقوام متحدہ کے مشن میں شریک ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے بھی اپنے عالمی امن مشن کے تحت موٹر سائکل پر 1967-1973تک دنیا کا دورہ کیا ہے اور اس دوران میں نے دنیا کے عرب دنیا سے لیکر افریقہ تک بڑی بڑی ہستیوں کے ساتھ بات چیت کی ہے اور مجھے جواہر لال نہرو سے لیکر آپ تک تمام وزرائے اعظم سے بات چیت کا بھی موقع ملا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ میں نے شدت سے محسوس کیا ہے کہ آج ہندستان بین الاقوامی امن اور سلامتی کے تعلق سے اپنے اخلاقی فرائض ادا کرنے میں ناکام ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اس بات سے اتفاق کریں گے کہ آج ہندستانی قیادت عالمی امن اور مکمل تخفیف اسلحہ کے تئیں عزم اور ناوابستہ تحریک کے پلیٹ فارم سے ہٹ رہی ہے۔ میں نے کسی سیاسی جماعت یا پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو عالمی امن ، سیکورٹی اور تخفیف اسلحہ کے تعلق سے ایک لفظ بولتے نہیں سنا۔انہوں نے خط میں کہا کہ آج ہندستانی خارجہ پالیسی کا جائزہ لینے کی سخت ضرورت ہے۔ جموں وکشمیر کا نصف حصہ غیرممالک کے قبضہ میں ہے اور نئی نسل کو اس کا کوئی اندازہ نہیں ہے۔ فلسطین کے تقسیم کرکے بنائے گئے اسرائیل کو خودمختار ریاست کے طورپر تسلیم کیا جارہا ہے۔ مہاتما گاندھی سے لیکر آج تک جب بی جے پی اقتدار میں آئی فلسطنیوں کے تئیں ہندستان کا کیا عزم ہے۔ فلسطینی آج بھی اپنے ہی ملک میں رفیوجیوں کے طورپر رہ رہے ہیں۔ یہ بہت اہم معاملہ ہے جس پر ہندستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال ضروری ہے۔انہوں نے خط میں کہاکہ میں وزیراعظم سے مضبوط اپیل کرنا چاہوں گا کہ قومی یکجہتی کونسل (این آئی سی) کی میٹنگ طلب کی جائے جس سے پورا ہندستان اس میں شریک ہوسکے۔جب سے آپ نے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا ہے تب سے این آئی سی تشکیل نہیں دی گئی ہے۔ میں آپ سے درخواست کرنا چاہوں گا کہ جلداز جلد قومی یکجہتی کونسل تشکیل دی جائے جس سے اس میں جموں وکشمیر سمیت شمال مشرق ، گجرات اور پنجاب کے لوگوں کو درپیش مسائل پر موثر فیصلے کئے جاسکیں ، جس میں داخلی اور بیرونی امور تبادلہ خیال کیا جاسکے اور ہندستان بین الاقوامی امن ، ہم آہنگی اور مکمل تخفیف اسلحہ پر دنیا کی قیادت کرسکے۔ یہ وزیراعظم کا قومی مفاد میں منفرد تعاون ہوگا ۔
وشو کھلاڑی سوریہ بھانو پرتاپ اور کوچ کی پذیرائی
گورنر نے بالترتیب 10اور 2لاکھ روپے کا انعام دیا
عظمیٰ نیوز
سرینگر //گورنر ستیہ پال ملک نے آج یہاں راج بھون میں ایشین گیمز 2018 میں کانسے کا تمغہ حاصل کرنے والے وشو کھلاڑی سوریہ بھانو پرتاپ اور اُن کے کوچ کلدیپ ہنڈو کو مبارکباد دی ۔ بھانو پرتاپ کی کامیابی کو سراہتے ہوئے گورنر نے کہا کہ بھانو پرتاپ ریاست کے نوجوانوں کیلئے حوصلہ افزائی کا سرچشمہ ہیں ۔ گورنر نے بھانو پرتاپ کو اُن کے مستقبل میں اعلیٰ کامیابیاں حاصل کرنے کی دعا کی ۔ گورنر نے بھانو پرتاپ اور کلدیپ ہنڈو کو بالترتیب دس لاکھ اور دو لاکھ روپے کے چیک پیش کئے ۔ اس موقعہ پر گورنر کے مشیر بی بی ویاس اور کے وجے کمار کے علاوہ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، ڈی جی پی دلباغ سنگھ اور گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ بھی موجود تھے ۔
ادہم پور میں انتخابی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی
ادہم پور //میونسپل کونسل ادہم پور اور رام نگر و چنہنی کی میونسپل کمیٹیوں کے لئے چنائو عملے کی آج تیسری رینڈومائزیشن ہوئی۔رینڈومائزیشن کے عمل میں ڈی ڈی سی رویندر کمار اورڈپٹی ڈی ای او کے علاوہ آر اووز اور اے آر اووز نے شرکت کی۔ پولنگ کے لئے سیکورتی عملے کی تعیناتی،پولنگ عملے کو پولنگ مواد فراہم کرنے اور ای وی ایمز کی رینڈومائزیشن کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ضلع چنائو آفیسر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بلاخوف اور آزادانہ طریقے پراپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے اپنے امیدواروں کا انتخاب کریں ۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ پولنگ صبح7بجے سے شروع ہوکر شام 4بجے تک رہے گی۔البتہ ضرورت پڑنے پر پولنگ اوقات میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔اس موقعہ پر آئی اے ایس پروبیشنر سنتوش سکھدیو، ڈپٹی الیکشن آفیسر سپنا کوتوال، جنرل آبزرور کستوری لال، عاشق حسین بٹ اور دیگران بھی موجود تھے۔
سکاسٹ ویٹرنری ٹیچرز ایسو سی ایشن کا اجلاس
ویٹرنری و فشریز یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ
عظمیٰ نیوز
جموں// ویٹرنری ٹیچرز اینڈ سائنٹسٹ ایسو سی ایشن سکاسٹ جموں اور سکاسٹ کشمیر نے متحدہ طور پر مشترکہ مسائل کے حل کے لئے جدو جہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہاں موصولہ ایک پریس ریلیز کے مطابق جموں کشمیر میں ایک الگ ویٹرنری و فشریز یونیورسٹی کے قیام کے مطالبہ کو دہراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پانچ سالہ پلان میں مرکزی سرکار نے ہر ریاست میں ان جامعات کے قیام کو ہری جھنڈی دکھائی ہے جس کے مطابق ریاستی حکومت نے ویٹرنری یونیورسٹی کی تشکیل کے لئے تمام خد و خال طے کر لئے ہیں۔ ریلیز کے مطابق اس یونیورسٹی کے قیام سے ماہی گیری اور مویشی پالن کو ایک نئی جہت مل سکے گی اور ریاست کو دودھ، انڈوں، گوشت اور اون وغیرہ کی فراہمی میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ریاست میں 15لاکھ بھیڑ بکریاں، 87کروڑ انڈے، 96لاکھ بائیلر، 1.03لاکھ ٹن دودھ سالانہ بیرون ریاست سے درآمد کیا جاتا ہے ۔ ویٹرنری اور فشیرز یونیورسٹی نہ صرف ویٹرنری، مویشی، ڈیری، پولٹری، میٹ، وائلڈ لائف اور الائیڈ سائنسز میں مزید بیداری پیدا ہوگی اور معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے گی۔