یو این آئی
نئی دہلی// مرکزی حکومت نے کل دہلی میں میٹرو ریل نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے 12,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے ایک پروجیکٹ کو منظوری دی، جس کے تحت کل تین نئی میٹرو لائنیں تعمیر کی جائیں گی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی بدھ کو یہاں ہوئی میٹنگ میں دہلی میٹرو کے 5اے فیز پروجیکٹ کو منظوری دی گئی۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے صحافیوں کو بتایا کہ اس مرحلے کا کل خرچ 12,015 کروڑ روپے ہوگا اور اس کے تحت کل 16 کلومیٹر نئی لائنوں کی تعمیر ہوگی۔ اس میں ایک لائن رام کرشن آشرم مارگ اسٹیشن سے انڈیا گیٹ کے راستے اندرا پرستھ اسٹیشن کو جوڑے گی۔ اس سے نئے تعمیر شدہ کرتویہ بھون میں واقع دفاتر آنے جانے والوں کو سہولت ملے گی۔دوسری لائن ایروسٹی سے اندرا گاندھی ایرپورٹ ٹرمینل 1 تک چلے گی۔ اسی طرح تیسری لائن تغلق آباد اسٹیشن کو کالندی کنج سے جوڑے گی۔تینوں لائنوں پر کل 13 نئے اسٹیشن بنائے جائیں گے جن میں سے 10 زیر زمین ہوں گے۔ اس پروجیکٹ کو تین سال میں مکمل کرنے کا ہدف ہے۔