نئی دہلی// حکومت نے ایم پی فنڈ اسکیم کو بحال کرتے ہوئے اس اسکیم کے تحت موجودہ مالی سال کے بقیہ حصے کے لیے ہر رکن پارلیمنٹ کو 2 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس اسکیم کو بحال کرنے کا فیصلہ یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں کیا گیا ہے ۔ موجودہ مالی سال کے لیے مقامی ترقیاتی فنڈ کے تحت ہر رکن پارلیمنٹ کو دو کروڑ روپے جاری کیے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ اگلے مالی سال سے اس فنڈ کے تحت 2.5کروڑ روپے کی دو قسطیں ہر رکن پارلیمنٹ کو 2025-26تک جاری کی جائیں گی جن کی کل رقم 5 کروڑ روپے ہے ۔کابینہ اجلاس میںمرکزی حکومت نے کپاس کے کسانوں کو کم از کم امدادی قیمت کی اسکیم کا فائدہ دلانے کے لیے کاٹن کمیشن آف انڈیا (سی سی آئی) کو ہونے والے نقصانات کو پورا کرنے کے لیے قیمتوں میں مدد فراہم کرنے کی اسکیم کے تحت 17408 کروڑ روپے کی تجویز کو منظوری دی۔ حکومت نے شوگر ملوں کو راحت دیتے ہوئے سنہ2021-22کے لئے ایتھنول کی قیمت میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔میٹنگ میں حکومت نے اگلے ایک سال تک اناج کی پیکنگ کے لیے جوٹ کے تھیلے کا استعمال لازمی کر دیا ہے ۔