نئی دہلی// حکومت نے کل ملک میں ڈرون کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے 120 کروڑ روپے کی پیداوار پر مبنی مراعات کا اعلان کیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت بدھ کے روزیہاں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اگلے تین برسوں میں اس شعبے میں 5000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے اور پیداوار تقریبا 1500 کروڑ روپے ہونے کی توقع ہے ۔ ہندوستان نے مواصلاتی شعبے میں اور بڑی اصلاحات کی منظوری دینے کے ساتھ ہی 4 جی 5 جی ٹیکنالوجی کے درمیان ایک پل کی طرح کام کرنے والی ‘ریڈیو ایکسیس ٹیکنالوجی’ ملک میں ڈیزائن اور تیار کر کے بیرون ملک برآمدات کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ کابینہ کی میٹنگ میں ٹیلی کام اور آٹو سیکٹر کے شعبے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ مرکزی حکومت نے ٹیلی کام سیکٹر کے لیے امدادی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔اس کے علاوہ خودکار راستے کے تحت ٹیلی کام سیکٹر میں 100 فیصد ایف ڈی آئی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اس شعبے میں 9 بڑی ساختی تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مواصلات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ریلوے وزیر اشونی وشنو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن اور عزم کے مطابق یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ 4 جی 5 جی ٹیکنالوجی کو جوڑنے والی ریڈیو ایکسیس ٹیکنالوجی کو ملک میں ہی ڈیزائن اورتیارکیا جائے گا ۔حکومت نے بھاری مالی بوجھ تلے دبے ٹیلی کام سیکٹر کو ٹیلی کام سروسز کی 4جی اور 5جی کے لیے تیار کرنے کے مقصد سے 9 بڑے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں ٹیلی کام کے گراس ایڈجسٹڈ ریونیو (اے جی آر) کی تعریف کو معقول بنانا، ٹیلی کام کمپنیوں کو قانونی واجبات کی ادائیگی کے لیے چار سال کی رعایت کے ساتھ دس سال کا وقت دینا اور اب 20 سال کی بجائے 30 سال کے لیے سپیکٹرم مختص کرنا شامل ہے ۔