پونچھ//ماہِ رمضان کی سترہویں تاریخ مذہبِ اسلام میں بڑی اہمیت کی حامل تاریخ مانی جاتی ہے جس میں بالترتیب غزوہ بدر، فتح مکہ اور اُم المومنین حضرت عائشہ صدیقہ عتیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا یومِ وصال آتا ہے۔ اسی مناسبت سے شہر پونچھ کی مرکزی جامع مسجد میں ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اِن مقدس ایّام کی اہمیت پر قُرآن و حدیثِ مبارکہ کی روشنی میں خطیبِ جامع مسجد پونچھ مولانا مفتی فاروق حُسین مصباحی نے بیان دیا۔ موصوف نے کہا کہ غزوہ بدر تاریخ اسلام کا وہ عظیم ترین غزوہ ہے جس کے بعداسلام کو استحکام نصیب ہوا اور دین متین کی موجودہ دُنیا میںعروج و ارتقاء صرف غزوہ بدر کی دین ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اصحاب بدر کو وہ مقام و مرتبہ حاصل ہوا کہ اگر اُن کے توّسل سے کوئی بھی دُعا کی جائے تو رّب ِ قدوس اُس وُعا کو کبھی رد نہیں فرماتا۔ اُنہوں نے بتایا کہ تاریخِ اسلام کا عظیم واقع ہے کہ ہجرت کی رات رسولِ کائنات ؐ کے ساتھ صرف صدیقِ اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ تھے لیکن محض آٹھ سال میں آپ ؐ کی مساعی جمیلہ سے ہزاروں افراد داخلِ اسلام ہو کر آپ کی معیت میں شیرِ مکہ میں داخل ہوئے اور بغیر کسی قتل و قتال کے مکہ کو فتح کر لیا گیا نیز بڑے مُجرمین کو معاف بھی کر دیا گیا۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا علمی طور پہ دُنیا کی ساری عورتوں سے فائق ہیں اور آپ درجہ اجتہاد پر فائز ہیں۔ موصوف نے کہا کہ یہ صرف اُن ہی کی خصوصیت وشان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قُرآن مقدس کی سورہ نور میں دس آیتیں اُن کی برات میں نازل فرما کر اُن کی شان ظاہر کی۔