عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری نے کہا کہ جہاں نئی دہلی کو پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنے یا نہ کرنے کا اختیار حاصل ہے،مرکز کو جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ فوری طور پر بات چیت شروع کرنی چاہیے۔بخاری نے کہا، “آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسابلے کا پاکستان کے ساتھ بات چیت کے بارے میں بیان اور سابق آرمی چیف منوج نروانے کے ایک جیسے خیالات ایسے معاملات ہیں جن کا فیصلہ مرکزی حکومت کو موجودہ ملکی اور بیرونی منظر نامے کی بنیاد پر کرنا ہے،” ۔سابق وزیر نے کہا، تاہم، اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ مرکز کو جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقیقی خدشات اور دیرینہ شکایات کو دور کرنے کے لیے ان سے فوری طور پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا”میں یہ بار بار کہہ رہا ہوں کیونکہ میں واضح طور پر نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی دیکھ رہا ہوں، یہاں کے لوگ بہت سے مسائل سے دوچار ہیں جنہیں جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت ہے۔”
بخاری نے کہا کہ کچھ فوری اور اہم مسائل میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور ساتھ ہی ساتھ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مناسب اقدامات کی عدم موجودگی بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا، “نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد پاسپورٹ حاصل کرنے سے قاصر ہے، جو انہیں بیرون ملک روزگار کے بہتر مواقع تلاش کرنے سے روک رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام خاندانوں پر بہت زیادہ دبا ڈالا ہے،” ۔انہوں نے کہا کہ زراعت، باغبانی، سیاحت اور صنعتی شعبے، جو جموں و کشمیر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، کو سنگین چیلنجوں کا سامنا ہے جن سے فوری طور پر نمٹا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ “یہ مسائل جموں و کشمیر کے لوگوں کی روزمرہ کی زندگیوں کو براہ راست متاثر کر رہے ہیں، جس سے یہ احساس پیدا ہو رہا ہے کہ یہاں سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے اور حالات کو نارمل قرار نہیں دیا جا سکتا”۔