محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ سماجی بہبود پونچھ نے علیم کو آرٹیفیشل لمس مینوفیکچرنگ کارپوریشن آف انڈیا کے اشتراک سے ضلع پونچھ میں خصوصی افراد ( معذور افراد ) کے لئے امدادی آلات و سہولیات کی تقسیم کے سلسلے میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد خصوصی افراد کی شمولیت، نقل و حرکت میں آسانی اور خودمختار زندگی کو فروغ دینا تھا۔تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی معزز رکنِ قانون ساز اسمبلی حلقہ حویلی اعجاز احمد جان نے شرکت کی۔انہوں نے محکمہ سماجی بہبود پونچھ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کو باعزت اور خود کفیل بنانے کے لئے بروقت فلاحی اقدامات نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ بھی خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور ان کے وقار کے تحفظ سے متعلق تمام پروگراموں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔یہ پروگرام اس اعتبار سے بھی تاریخی رہا کہ ضلع پونچھ میں پہلی مرتبہ خصوصی خواتین مستحقین کو عزت و احترام کے طور پر شال پوشی کے ذریعے اعزاز سے نوازا گیا، جسے شرکاء اور عوامی حلقوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔ اس اقدام کو خصوصی افراد بالخصوص خواتین کے وقار اور سماجی احترام کی عملی مثال قرار دیا گیا۔اس موقع پر ایسوسی ایشن آف پرسنز وِد ڈس ایبیلٹیز کے نمائندگان محمد فرید ملک اور عبدالرشید شاہپوری بھی موجود تھے، جنہوں نے خصوصی برادری کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب سنجیدہ توجہ دینے پر محکمہ سوشل ویلفیئر کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں سابق سرپنچ عبدالرزاق، سابق سرپنچ باغ حسین راٹھور اور علاقے کی دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔محکمہ سماجی بہبود پونچھ کے ضلع آفیسر خلیل احمد بانڈے نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ معزز ڈپٹی کمشنر پونچھ کی ہدایات کے مطابق محکمہ نے مستحقین کو دروزے کی دہلیز تک سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی اختیار کی ہے، جس کے تحت خصوصی افراد کو دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے محکمہ خود ان کی دہلیز تک خدمات فراہم کرے گا۔ انہوں نے سماجی تحفظ پنشن، یتیم و کمزور بچوں کی کفالت، شادی امداد اور خصوصی افراد کے لئے مختلف اسکیموں پر بھی روشنی ڈالی اور شفاف، جامع اور مستحقین پر مبنی خدمات کی یقین دہانی کرائی۔