سرینگر//محکمہ دیہی ترقی کے ایپلائیڈ نیوٹریشن ونگ کی طرف سے ضلع کولگام کے قاضی گنڈاور ضلع اننت ناگ کے مٹن بلاکوں میں یک روزہ بیداری پروگراموں کا انعقاد کیاگیا جس دوران خواتین کو متوان غذائیت کی اہمیت کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔ان کیمپوں میں سٹیٹ نیوٹریشن افسر طفیل احمد راٹھور مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجودتھے جبکہ پروگراموں کی صدارت متعلقہ بلاک ڈیولپمنٹ افسران نے کی ۔دونوںکیمپوں میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی جنہیں طبی ماہرین و محکمہ دیہی ترقی کے افسران کی طرف سے متوازن غذائیت کی اہمیت کے بارے میں بتایاگیا۔طفیل احمد راٹھور نے اس بات پر زور دیاکہ خواتین خاص طور پر حاملہ خواتین کی غذائیت پر بھرپور دھیان دیاجائے تاکہ وہ خود او ران کے پیدا ہونے والے بچے صحت مند و تندرست رہ سکیں ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے جہاں دیگر سکیموں کے ذریعہ لوگوں کو فائدہ پہنچایاجارہاہے اور روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لاکھوں کی تعداد میں اثاثے قائم کئے جارہے ہیں وہیں خواتین کی بااختیاری اور خودکفالی کیلئے بھی پروگرام چلائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ کا اے این پی ونگ خواتین کی بیداری کیلئے کام کررہاہے تاکہ انہیں متوازن اور مقوی غذا کے بارے میں آگاہی دی جاسکے ۔ ان کاکہناتھاکہ پڑھی لکھی اور تعلیم یافتہ خاتون پورے خاندان کی صحت و تعلیم کا خیال رکھ سکتی ہے لیکن اس کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ سب سے پہلے اپنا خیال رکھے ۔انہوں نے کہاکہ خواتین کو اپنی تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔