پونچھ// محکمہ تعمیرات عامہ کے پونچھ دفتر کے سامنے عارضی ملازمین نے بدھ کے روز احتجاج مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنادیا اور اپنی مستقلی اور تنخواہوں کی واگزاری کے حق میں نعرہ بازی کی۔ ضلع کیجول ایمپلائز یونین کے بینر تلے پونچھ کی تمام تحصیلوں میں تعینات عارضی ملازمین نے وکاس چندر کی قیادت میں جمع ہو کر دفتر کے باہر دھرنا دیا اور نعرہ بازی کی۔احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ گزشتہ گیاراں ماہ سے انہیں تنخواہوں سے محروم رکھا گیا ہے جبکہ ملازمین لگاتار اس عرصے میں اپنی خدمات انجام د یتے آئے ہیں۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ تنخواہوں کی عدم واگزاری کے نتیجے میں انہیں کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کی پالیسی بھی نہیں بنائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے انکے بچوں کا مستقبل خطرے میں ہے۔ ان کا کہناا تھا کہ محکمہ تعمیرات عامہ میں عارضی ملازمین کی مستقلی میں تاخیر قابل افسوس ہے۔انہوں نے لیفٹنٹ گورنر کی سربراہی والیانتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر محکمہ تعمیرات عامہ کے عارضی ملازمین اور نیڈ بیس ملازمین کو مستقل کرنے کے علاوہ انکی واجب الادا تنخواہوں کو واگزار کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات فوری پورے نہ ہوئے تو وہ بڑی سطح پر احتجاجی مظاہرے شروع کریں گے۔