راجا ارشاد احمد
گاندربل//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس گاندربل نے آئندہ بین صوبائی سطح کے تھنگ تا مقابلوں کیلئے کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل شروع کیا ہے۔ محکمہ کھیل نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور اپنے ضلع کی نمائندگی کرنے کا بہترین موقع فراہم کرنے کے لئے سہہ پورہ میں واقع انڈور سپورٹس کمپلیکس میں انتخابی مقابلے عمل میں لائے گئے۔افتتاحی مقابلوں میں بوائز اے اے جی کے انتخاب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع کے مختلف سکولوں کے 45 طلباء نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ منتخب طلباء کھلاڑی آئندہ بین صوبائی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیں گے جو بہت جلد منعقد کئے جائیں گے۔ لڑکیوں کے لئے انتخاب مقابلے آنے والے دنوں میں منعقد کئے جائیں گے۔ضلع میں محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس گاندربل کی جانب سے کھیل سرگرمیاں زوروں پر ہیں تقریباً 95 فیصد تفویض کردہ کیلنڈر اب تک مکمل ہو چکا ہے۔ضلع افسر شیخ شفقت اقبال اپنے ماتحت عملہ کے ساتھ طلباء کھلاڑیوں میں چھپے ہوئے ہنر اور صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا بھرپور موقع فراہم کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔ مصروف شیڈول کے باوجود وہ ضلع میں اب تک کی گئی تمام کھیل سرگرمیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں۔