راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے راجوری قصبہ کی تعمیروترقی کاجائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ منعقد کی جس دوران گزشتہ دنوں ناجائز تجاوزات مخالف مہم کے دوران بے گھر ہوئے افراد کی بازآبادکاری کیلئے بھی منصوبہ کو منظوری دی گئی ۔ان متاثرہ کنبوں کو فی کنبہ ڈھائی لاکھ روپے اور دس مرلہ زمین فراہم کی جائے گی ۔بے گھر ہوئے چھ کنبوں کو سرکاری معاونت والی سکیموں کے تحت مکانات تعمیر کرکے دیئے جائیںگے اور انہیں خسرہ نمبر 261فی کنبہ 10مرلہ زمین فراہم کی جائے گی ۔انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق گھر کیلئے ڈھائی لاکھ امداد دی جائے گی جس کے علاوہ انہیں عارضی رہائشی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پچیس ہزار روپے اور ایک ماہ کیلئے راشن بھی فراہم کیاجارہاہے ۔میٹنگ میں ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس اور ضلع کے دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔اس میٹنگ کے دوران پینتیس کنال اراضی پر پھیلی سٹی پارک بنانے کو بھی منظوری دی گئی ۔اس کے علاوہ انتظامیہ نے دو پارکنگ سلاٹ اور طارق پل سے سرکولر روڈ تعمیر کرنے کو بھی حتمی شکل دی ۔پارکنگ سلاٹ 50کنال اراضی پر دو مختلف جگہوں پر بنیںگے ۔اس دوران مغل روڈ کیلئے بس اسٹینڈ اوردرہال و تھنہ منڈی جانے والی گاڑیوں کے روٹ پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا ۔دریں اثناء انتظامیہ نے تمام طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوںسے اپیل کی ہے کہ وہ ناجائز تجاوزات کے خلاف چلائی جارہی مہم میں تعاون دیں تاکہ سرکاری اراضی کو بازیاب کرواکر اس پر عوامی استعمال والی تعمیرات بنائی جائیں ۔