سرینگر// مرکزی وزیر گجندر سنگھ شیکھاوت نے کہا کہ گزشتہ75برسوں میں جموں کشمیر ترقی کے منظر نامے سے پچھڑا رہا،تاہم دفعہ370کی تنسیخ کے بعد ترقی نے رفتار پکڑنی شروع کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ2برسوں کے دوران جموں کشمیر کئی صنعتوں کا مرکز بنے گا۔ سرینگر کے پانتہ چوک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جل شکتی کے وزیر گجندر سنگھ نے کہا کہ اگرچہ انگریزوں سے بھارت کی آزادی کے بعد تمام ریاستوں میں ہر شعبے میں ترقی دیکھنے کو ملی تاہم جموں کشمیر پیچھے رہا اور اس کی وجہ دفعہ370 تھا۔
انہوں نے کہا’’ شمالی مشرق کی ریاستیں خود کو دوسرے درجے کے شہری تصور کرتے تھے اور یہی صورتحال جموں کشمیر میں بھی تھی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ370کی تنسیخ کے بعد جموں کشمیر میں ترقی کی رفتار بھی تیز ہوئی اور لوگ اس کو محسوس بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بعد اب صنعتیں بھی یہاں آرہی ہے اور آئندہ2برسوں کے دوران جموں کشمیر کئی ایک صنعتوں بالخصوص الیکٹرانک صنعت کے مرکز میں تبدیل ہوگی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ گزشتہ2برسوں سے جموں کشمیر میں سیاحوں کی آمدکے تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں اب جموں کشمیر میں ترقی کا منظر نامہ تبدیل ہوگا اور ترقی کی رفتار بھی تیز ہوگی۔ وزیر اعظم ہند نریند مودی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے سے قبل ہی انہوں نے کہا کہ پچھڑے علاقوں کو ترجیج دی جائے گی اور انہوں نے اپنے وعدے کو عملی جامہ بھی پہنایا۔ جل شکتی کے مرکزی وزیر نے کہا کہ دنیا میں100کروڑ لوگ کھلے میں حاجت بشری کرتے تھے اور اس میں60فیصد آبادی بھارت کی تھی،تاہم اقوام متحدہ نے جہاں اس پروگرام کو2030تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا ،وہیں بھارت نے10کروڑ بیت الخلائوں کی تعمیر کرکے2019میں یہ ہدف پورا کیا ۔ اس دوران مرکزی وزیر جل شکتی گجندر سنگھ شکھاوت نے آج 15 منصوبوں کا اِی ۔اِفتتاح کیا اور اُنہوں نے یہاں جل شکتی محکمہ جموںوکشمیر کے 15 نئے منصوبوں کا کا اِی ۔ سنگ بنیاد رکھا۔مکمل شدہ منصوبوں کی کل لاگت 59کروڑ روپے تھی اور نئے پروجیکٹوں کی لاگت 54.87 کروڑ روپے ہے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور ائے بھٹناگر موجود تھے۔
اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے مرکزی وزیر موصوف نے اَفسران سے کہاکہ وہ آئندہ نسلوں کے لئے پانی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے لگن اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔اُنہوں نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں پانی ایک بڑا چیلنج ہوگا لیکن ہم مل کر ہر گھر میں پانی کے فعال کنکشن لے آئیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ایک مشن موڈ پر کام کررہی ہے تاکہ مقامی لوگوں کو خوشحال زندگی فراہم کی جاسکے۔عوامی رَسائی پروگران کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر نے 10 ملین گیلن یومیہ ٹنگنار واٹر سپلائی سکیم پنتھہ چوک کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں پنچایت نمائندوں اور پانی کمیٹی ممبران کے ساتھ ایک اَستفساری سیشن منعقد کیا تاکہ اَپنے اَپنے علاقوں میں جل جیون مشن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔