کوٹرنکہ //تحصیل خواص کے صدر مقامی پر زیر تعمیر گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول کی اضافی عمارت کے لینٹر میں غیر معیاری مٹریل استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ و مقامی انتظامیہ کیخلاف جم کر نعرے بازی کی ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر تحت سکول کی اضافی عمارت کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے تاہم تعمیراتی ایجنسی مقامی انتظامیہ کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے سرکاری فنڈز ہڑپنے کی کوشش میں ہے اور اس لئے لینٹر میں غیر معیاری ساز و سامان کا استعمال کیا گیا ہے ۔چین سنگھ ،عبدالرشید چوہدری اور لکی ٹھا کر نامی مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین ٹھیکیدار کیساتھ مل کر سرکاری پیسے کو چونا لگارہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ نے لینٹر کیلئے ریت ایک مقامی نالہ پٹی سے لایا ہوا ہے جس میں 80فیصد تک مٹی ہی موجود ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد اس معاملہ کا نوٹس لیا جائے اور ملوث ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔محکمہ کے اسسٹنٹ انجینئر محمد یوسف لودھی نے بتایا کہ پہلے لوگوں نے خود ہی مذکورہ نالے کی بجری استعمال کرنے پر رضا مندی ظاہر کی تھی ۔