منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ میں محکمہ ایریگیشن کی جانب سے بنائی جارہی ایک لفٹ سکیم گزشتہ 14برسوں سے مکمل نہیں کی جاسکی ہے جس کی وجہ سے کسان پوری طرح سے متاثر ہو گئے ہیں ۔مقامی کسانوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ 14برس قبل علاقہ میں زراعی اراضی کیلئے ایک لفٹ سینچائی سکیم کی تعمیر شروع کی گئی تھی لیکن سکیم کا کچھ کام کرنے کے بعد اس کو یوں ہی چھوڑ دیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ اس سکیم کو مکمل کر کے کسانوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے گزشتہ کئی برسوں سے متعلقہ حکام اور ضلع انتظامیہ سے رجوع کیا جارہاہے لیکن صرف یقین دہانیوں کے بغیر عملی اور زمینی سطح پر کوئی کام نہیں کیا جاسکا ہے ۔کسانوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی نااہلی کی وجہ سے 2ہزار کنال کے قریب زرعی اراضی بنجر ہوچکی ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ لفٹ سینچائی سکیم کے مکمل ہونے سے علاقہ کی 4پنچایتوں کے کسانوں کو فائدہ پہنچ سکتا تھا لیکن متعلقہ حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے کسانوں کا مکمل انحصار بارشوں پر ہو گیا ہے ۔کسانوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ لفٹ سکیم کو جلداز جلد شروع کیا جائے تاکہ ان کو فائدہ پہنچ سکے ۔