نئی دہلی// کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہندوستان کے فوجی اہلکاروں کی ہلاکت پر غصہ کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ چین کی ہمت کیسے بڑھی اور سرحد پر کیا ہو اس کی معلومات ملک کو فراہم کرنا ضروری ہے ۔مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کر کے بدھ کے روز سخت لہجے میں پوچھا اب بہت ہو چکا ہے اور وزیر اعظم کو لب کشائی کر کے بتانا پڑے گا کہ چین کی ہمت ہماری سرزمین پر قبضہ کرنے اور ہمارے فوجی اہلکاروں کو مارنے کی کیسے ہوئی ۔انہوں نے کہا ‘‘وزیر اعظم خاموش کیوں ہیں؟ وہ کیوں چھپ رہے ہیں، بہت ہوچکا ہے ۔ ہمیں بتائیں کہ سرحد پر کیا ہوا۔ چین کی ہمت ہمارے فوجی اہلکاروں کو مارنے کی کیسے ہوئی ۔ اس نے ہماری زمین پر قبضہ کرنے کی ہمت کیسے کی’’ ۔دریں اثناء، پرینکا گاندھی واڈرا ے کہا کہ "ہمارے مادر وطن، ہماری خودمختاری خطرے میں ہے ۔ ہمارے فوجی مررہے ہیں۔ کیا ہم خاموشی سے بیٹھے رہیں گے ؟ ہندوستان کے عوام سچ جاننے کے حقدار ہیں ، انہیں ایسی قیادت درکار ہے جو ہماری زمین ہڑپے جانے سے پہلے اپنی جان دینے کے لئے تیار ہو۔ سامنے آئیے ، نریندر مودی جی، چین کا سامنا کرنے کا وقت آگیا ہے۔
حکومت سمجھداری سے قدم اٹھائے :مایاوتی
نئی دہلی// بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے چین کے ساتھ پرتشدد جھڑپوں میں ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت پر دکھ ظاہر کرتے ہوئے بدھ کے روز کہا کہ حکومت کو زیادہ چوکسی اور سمجھداری سے ملک کے مفاد میں قدم اٹھانے کی ضرورت ہے ۔محترمہ مایاوتی نے ایک ٹوئٹ کے سلسلے میں کہا کہ عوام کو پورا یقین ہے کہ حکومت ملک کی آن بان اور شان کو ذہن میں رکھ کر صحیح فیصلہ کرے گی اور کسی کو ملک کی سرزمین پر قبضہ کرنے نہیں دے گی۔
فوجیوں کی ہلاکت سفارتی ناکامی :بی ایس پی
نئی دہلی//بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے لیڈر اور رکن پارلیمنٹ دانش علی نے کہاکہ مودی حکومت کی سفارتی ناکامی کی وجہ سے لداخ کے گلوان وادی میں فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے ۔امروہہ سے لوک سبھا رکن مسٹر علی نے ٹویٹ کر کے بدھ کو حکومت کی پالیسیوں پر سوال کھڑا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرحد کی حفاظت میں ہلاک ہونے والے 20بہادر جوانوں کو میں سلام کرتاہوں۔ فوجیوں کی ہلاکت مودی حکومت کی ناکام کا ثبوت ہے ۔حکومت کو حقیقی لائن آف کنٹرول کی حالت پر بحث کرنے کے لئے کُل جماعتی میٹنگ بلانی چاہئے ۔حکومت کی طرف سے مواصلاتی فرق کی وجہ سے کئی طرح کی افواہیں پھیلتی ہیں۔