کشتواڑ//کشتواڑ قصبہ میںوسر کنڈ، باغوان محلہ، سمنہ کالونی ، این ایچ پی سی کالونی کی عوام نے وارڈ کی اندرونی سڑکوں کی خستہ حالت کو لیکر انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انھوں نے بتایا کہ ان سڑکوں پر متعددمقامات پر کھڈے پڑے ہوئے ہیں جبکہ کئی مقامات پر گاڑیوں کا چلنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔ سماجی کارکن نصیر باغوان نے بتایا کہ معقول ڈرینج کا نظام نہ ہونے کے سبب سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہورہی ہیں۔ قصبہ کو جوڑنے والی اہم سڑکیں کھڈوںمیں تبدیل ہوچکی ہیں اور جگہ جگہ گہرے گھڑے بن چکے ہیں جہاں سے چلنا کافی دشوار ہوگیا ہے۔ انھوں نے این ایچ پی سی حکام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سبھی سڑکیں این ایچ پی سی دفتر کے بالکل قریب ہیں لیکن انتظامیہ انکی مرمت کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کررہی ہے ۔نجی گاڑیوں کے مالکان و ڈرائیوروں نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سڑکوں کی حالت کو جلد بہتر بنایا جانا چاہئے۔ مقامی لوگوں نے جلد ان سڑکوں پر ڈرینج کانظام بہتر کرنے کی مانگ کی جبکہ سڑکوں پر تارکول بچھایا جانا چاہے تاکہ عوام کومزید مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔