عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں سری نگر قومی شاہراہ پر اتوار سہ پہر میربازار کے ایک سکریپ یارڈ میں آگ لگنے کے ایک بڑے واقعے میں 1.8 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کا سکریپ میٹریل اور لاوارث گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ انچارج فائر سروس ہیڈ کوارٹر اننت ناگ فیاض احمد نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد اننت ناگ اور کولگام سے 8 فائر ٹینڈرز کو موقع پر پہنچایا گیا تاکہ آگ پر قابو پایا جا سکے اور آگ کو قریبی علاقوں تک پھیلنے سے روکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کی کارروائی کولگام پولیس کے تعاون سے ڈی او میربازار نثار احمد اور مقامی باشندوں کی مددمیں کی گئی۔حکام کے مطابق آگ لگنے سے صحن کے اندر رکھی اسکریپ گاڑیوں اور دیگر سامان کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، جس کا تخمینہ 1.8 کروڑ روپے سے زائد ہے۔فائر بریگیڈ ٹیموں کی بھرپور کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔