عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر/ضلع کولگام کے نپورہ قاضی گنڈعلاقے میں ایک المناک حادثہ پیش آیا، جہاں 65 سالہ بزرگ شخص گاڑی کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ حادثہ جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر پیش آیا، جب مذکورہ شخص کو گاڑی نے ٹکر ماری۔ شدید زخمی حالت میں انہیں نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے اور دم توڑ گئے۔ متوفی کی شناخت عبدالاحد کھانڈے ولد عبدالخالق کھانڈے ساکن نپورہ، قاضی گنڈ کے طور پر ہوئی ہے۔ کولگام پولیس نے 2 گھنٹوں کے اندر ہی ہٹ اینڈ رن کیس کو حل کیا ہے ۔ملزم ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا اور اس کی گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK03L – 9171 کو ضبط کیا گیا۔ ڈرائیور کی شناخت 21 سالہ شیخ برہان طارق ولد ساکن قاضی گنڈ کے طور پر ہوئی ہے ۔ ادھر ہندوارہ کے چوٹی پورہ صنعتی اسٹیٹ میں ایک غیر مقامی مزدور کی لاش پراسرار حالات میں اس کے کمرے سے برآمد ہوئی۔ ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت پھول محمد ولد سلیمان میاں، عمر 65 سال، ساکن بہار کے طور پر ہوئی ہے، جو صنعتی اسٹیٹ ہندوارہ میں مزدوری کر رہا تھا۔ اہلکاروں نے بتایا کہ صبح کے وقت وہ اپنے کمرے میں بے ہوش حالت میں پایا گیا، جسے موقع پر ہی مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہے۔