سرینگر//قاضی گنڈ میں راجوری کے ایک نوجوان کی لاش پر اسرار حالات میں برآمد کی گئی جس کے نتیجے میں علاقے میں سراسیمگی پھیل گئی۔ پیر کی صبح ضلع کے کھار گنڈ قاضی گنڈ علاقے میں اُ س وقت سنسنی پھیل گئی جب مقامی لوگوں نے سر راہ ایک لاش دیکھی۔اس بارے میں جب مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی تو پولیس کی ایک ٹیم نے جائے واردات پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیا۔بعد میں لاش کی شناخت امجد سمیال ولد شبیر سمیال ساکن تھنہ منڈی راجوری کے بطور ہوئی جس کی عمر قریب 30سال ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے جسم پر زخم یا تشدد کا کوئی نشان نہیں ہے۔ لاش قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد اس کے ورثاءکے سپرد کی گئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت سی آر پی سی کی دفعہ174کے تحت کیس رجسٹر کرکے چھان بین کا آغاز کیا گیا ہے۔