یواین آئی
ریو ڈی جنیرو/سابق اسٹار اسٹرائیکر رونالڈو نے کہا ہے کہ انہیں رواں برس ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں ایک نئی توانائی سے بھرپور برازیلین ٹیم دیکھنے کی توقع ہے ، اور انہوں نے منیجر کارلو اینسیلوٹی کے مثبت اثرات کی بھرپور ستائش کی ہے ۔پانچ بار کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم برازیل کوالیفائرز میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی اور جنوبی امریکی گروپ کی 10 ٹیموں میں پانچویں نمبر پر رہی، جو کہ موجودہ چیمپئن ارجنٹینا سے 10 پوائنٹس پیچھے تھی۔تاہم رونالڈو کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس مئی میں تقرری کے بعد سے اینسیلوٹی نے قومی ٹیم میں نیا اعتماد پیدا کیا ہے ۔ دو بار کے ورلڈ کپ فاتح رونالڈو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “میں بہت پرامید ہوں۔ ہماری چند ملاقاتیں ہوئی ہیں اور ہم نے چھٹے خطاب پر یقین کرنے کے لیے برازیلین مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے ایک اشتہار بھی بنایا ہے ۔ میں انہیں اچھی طرح جانتا ہوں اور ان کے کام کرنے کے انداز سے واقف ہوں، اسی لیے قومی ٹیم میں ان کی آمد کے بعد میرا جوش پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے ۔”ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی تک امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں کھیلا جائے گا۔ برازیل اپنی مہم کا آغاز 13 جون کو مراکش کے خلاف کرے گا، جبکہ 19 جون کو ہیٹی اور 24 جون کو اسکاٹ لینڈ کا سامنا کرے گا۔رونالڈو، جنہوں نے 2002 میں آٹھ گولز کے ساتھ برازیل کو آخری مرتبہ عالمی چیمپئن بنایا تھا – جس میں جرمنی کے خلاف فائنل میں کیے گئے دو گول بھی شامل تھے ، نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ملک کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دے گا۔
سابق بارسلونا اور ریال میڈرڈ اسٹار نے کہا،”ورلڈ کپ ایک برازیلی کے لیے سب سے بڑی خوشی کا موقع ہوتا ہے ۔ یہ ایسا ایونٹ ہے جو چھٹے خطاب کی تلاش میں پورے ملک کو ایک ساتھ لے آئے گا اور ہمیں اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔”رونالڈو نے بتایا کہ انہوں نے 2024 اور 2025 میں بالترتیب برازیل کے کروزئیرو اور اسپین کے ویلاڈولڈ کلب میں اپنی زیادہ تر حصہ داری فروخت کرنے کے بعد فٹبال کلبوں کی ملکیت سے ایک قدم پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے ۔49 سالہ سابق اسٹار کا کہنا تھا،”فٹبال ٹیموں سے وابستہ منصوبوں میں میرا کوئی مالی ہدف نہیں تھا۔ میں ایک ایسے پروجیکٹ کی قیادت کا تجربہ حاصل کرنا چاہتا تھا جس میں میں خود ذمہ دار ہوں، اور یہ تجربہ بہترین رہا۔ لیکن جب مجھے محسوس ہوا کہ کلبوں کی ترقی کے لیے میرا پیچھے ہٹنا ضروری ہے تو میں نے دونوں حصص فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔”انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ چھوٹے کاروباری منصوبوں پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، جن میں ساؤ پاؤلو میں ایک نیا اسپورٹس کمپلیکس بھی شامل ہے جہاں مصنوعی ویو پولز قائم کیے جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا،”جب میں نے دونوں ٹیمیں فروخت کیں تو میں نے فیصلہ کیا کہ کچھ عرصے کے لیے فٹبال انڈسٹری سے ہٹ کر نسبتاً پُرسکون سرگرمیوں پر توجہ دوں گا۔”