ایجنسیز
بنکاک/فیفا کانگریس کے 76ویں اجلاس کے دوران فلسطینی فٹبال فیڈریشن کے صدر جبریل رجوب نے اسرائیلی نمائندے کے ساتھ تصویر بنوانے اور ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا، جس سے اجلاس میں کشیدگی دیکھنے میں آئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے رجوب اور اسرائیلی فٹبال ایسوسی ایشن کے نائب صدر باسم شیخ سلیمان کو اسٹیج پر اپنے ساتھ آنے کی دعوت دی۔رپورٹس کے مطابق انفینٹینو نے رجوب کو قریب آنے کا اشارہ کیا اور انہیں آمادہ کرنے کی کوشش بھی کی، تاہم وہ اپنے مؤقف پر قائم رہے اور اسٹیج پر مشترکہ موجودگی سے انکار کر دیا۔
فلسطینی فٹبال فیڈریشن کی نائب صدر سوزن شلبی نے بتایا کہ رجوب نے واضح کیا کہ وہ ایسے شخص سے ہاتھ نہیں ملا سکتے ۔بعد ازاں انفینٹینو نے اپنے خطاب میں دونوں فریقین کو باہمی تعاون کی تلقین کی، تاہم شلبی نے اس اقدام کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ رجوب کی تقریر کا مقصد قوانین اور انصاف پر زور دینا تھا جسے نظر انداز کیا گیا۔واضح رہے کہ فلسطینی فٹبال فیڈریشن نے حال ہی میں کھیلوں کی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کی ہے ، جس میں مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی کلبز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔