یو این آئی
بنگلورو/رائل چیلنجرز بنگلورو کے مایہ ناز بلے باز وراٹ کوہلی نے آئی پی ایل میں اپنی دھاک بٹھاتے ہوئے ایک بار پھر اورنج کیپ اپنے نام کر لی ہے ۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف کھیلے گئے اہم معرکے میں کوہلی نے نہ صرف اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ رواں سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی ٹاپ پوزیشن چھین لی۔چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں شائقین اس وقت حیران رہ گئے جب وراٹ کوہلی پلیئنگ الیون کے بجائے ‘امپیکٹ پلیئر’ کے طور پر میدان میں اترے ۔
گھٹنے کی تکلیف کے باعث مکمل فٹ نہ ہونے کے باوجود کوہلی نے ہمت نہ ہاری اور 34 گیندوں پر 49 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر 147رنز کا ہدف بنگلورو کی جھولی میں ڈال دیا۔ اس اننگز کے ساتھ ہی ان کے مجموعی رنز کی تعداد 228 ہو گئی ہے ، جس کے بعد انہوں نے سن رائزرز حیدرآباد کے ہینرک کلاسن (224رنز) کو دوسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے ۔رواں سیزن میں اب تک بلے بازوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ جاری ہے ۔وراٹ کوہلی 228 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔رجت پاٹی دار نے بھی لکھنؤ کے خلاف 13 گیندوں پر 27رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹاپ تھری میں جگہ بنا لی ہے ۔ایشان کشن اور ویبھو سوریہونشی بھی 200 رنز کا سنگ میل عبور کر کے اس دوڑ میں شامل ہیں۔دوسری جانب بولرز کے درمیان ‘پرپل کیپ’ کے حصول کی جنگ بھی شدت اختیار کر گئی ہے ۔انشل کمبوج (سی ایس کے ) اور پراسیدھ کرشنا (جی ٹی) 10، 10 شکار کر کے مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔راجستھان رائلز کے جادوئی اسپنر روی بشنوئی اور لکھنؤ کے پرنس یادو 9، 9 وکٹوں کے ساتھ ان کے تعاقب میں ہیں۔تجربہ کار بھونیشور کمار اور کرونال پانڈیا بھی 7، 7 وکٹیں لے کر اپنی موجودگی کا احساس دلا رہے ہیں۔