عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قوم کی تعمیر کے اپنے عزم کو جاری رکھتے ہوئے فوج نے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں ’نشہ مکت جے اینڈ کے ابھیان‘ کے تحت منشیات مخالف بیداری پروگراموں کا انعقاد کیا۔ ان پروگراموں کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور ایک صحت مند و ذمہ دار معاشرے کی تشکیل کو فروغ دینا تھا۔ضلع راجوری کے گورنمنٹ ہائی اسکول سلانی میں فوج کی جانب سے مختصر فلموں اور بیداری ویڈیوز کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ ان فلموں میں منشیات کے سماجی، نفسیاتی اور معاشی نقصانات کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر فوجی نمائندوں نے نوجوانوں کو تبدیلی کے سفیر قرار دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات مخالف بیداری پھیلانے میں اہم کردار ادا کریں۔
پروگرام میں طلبہ، مقامی شہریوں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ویڈیو نمائش کے بعد شرکاء کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا گیا جس سے پروگرام مزید مؤثر اور حوصلہ افزا ثابت ہوا۔اسی طرح ضلع پونچھ کے سری خواجہ علاقے میں فوج نے ایک بیداری لیکچر کا انعقاد کیا جہاں منشیات مخالف معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ فوجی اہلکاروں نے منشیات کے جسمانی و ذہنی صحت، خاندانی نظام اور معاشرے پر پڑنے والے منفی اثرات کے ساتھ ساتھ قانونی نتائج پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔شرکاء کو مثبت طرزِ زندگی اپنانے، نوجوان نسل کو منشیات سے دور رکھنے اور سماج میں بیداری پیدا کرنے کے لئے سرگرم کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔فوج کی جانب سے کہا گیا کہ اس طرح کی بیداری مہمات سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایک ذمہ دار، محفوظ اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر میں صحت، نظم و ضبط اور سماجی فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔