جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے جموںوکشمیر یوٹی میں خواتین کیلئے قائم کئے گئے وَن سٹاپ مراکز کے کام کاج کیلئے جائزہ لینے کے سلسلے میں سول سیکرٹریٹ جموںمیں ایک میٹنگ طلب کی۔اِس موقعہ پرپرنسپل سیکرٹری سوشل ویلفیئرمحکمہ بپل پاٹھک ، ایم ڈی آئی سی پی ایس شبنم شاہ کاملی ، آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی محمد اشرف حقان اور وَن سٹاپ سینٹرس کے نمائندوں کے علاوہ محکمہ داخلہ و صحت کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔دوران میٹنگ منیجنگ ڈائریکٹر آئی سی پی ایس نے مراکز کے کام کاج سے متعلق ایک پاور پرزنٹیشن پیش کی۔اُنہوں نے اِن مراکز کے کام کاج کو چلانے میں انہیں درپیش مسائل سے بھی مشیر کو آگاہ کیا۔ اِس موقعہ پراَ پنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ خواتین کیلئے وَن سٹاپ مراکز کا قیام ، نجی اور عوامی جگہوں پر تشدد سے متاثرہ خواتین کو مدد فراہم کرنے کی غرض سے قائم کئے گئے ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وَن سٹاپ مراکز کا سب سے بڑا مقصد متاثرین کو فوری ہنگامی یا عام نوعیت کے معاملات میں مختلف خدمات بشمول طبی ، قانونی، نفسیاتی اور مشاورتی مدد ایک چھت تلے فراہم کرنا ہے تاکہ خواتین کسی بھی قسم کے تشدد کا بخوبی مقابلہ کرسکے۔