سرینگر// عید گاہ سرینگرمیں ایک غیرریاستی خوانچہ فروش اور لترپلوامہ میں غیرریاستی ترکھان کی ہلاکتوں کی سیاسی جماعتوں نے شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان میں ملوث لوگوں کو فوری طور گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنی پارٹی کے صدرالطاف بخاری نے عید گاہ سرینگرمیں ایک غیرمقامی خوانچہ فروش اروندکماراورلترپلوامہ میںصضیراحمد ترکھان کونشانہ بناکر ہلاک کرنے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں الطاف بخاری نے کہااس طرح کی بزدلانہ حرکت کامقصدوادی میں امن کودرہم برہم کرنا ہے تاکہ یہاں غیرمقامیوں میں خوف ہراس اورڈرکاماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ان نئے واقعات سے پہلے سے ہی خوفزدہ لوگوں میں مزیدڈرپیداہوگاخاص طور سے غیرمقامیوں میں جویہاں باعزت روزگار کمانے کیلئے آئے ہیں۔اس طرح بیہمانہ طور قتل کرنے کاکوئی جوازنہیں ہے اورہمارے سرشرم سے جھک جانے چاہیں ۔الطاف بخاری نے مزیدکہا کہ وہ90جیسی نقل مکانی ایک بار پھرپیداکرناچاہتے ہیں لیکن ایسااب کی بار نہیں ہوگا۔متعددوفودجنہوں نے حالیہ ہلاکتوں میں مارے گئے لوگوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا،سے ہمارے دشمن پاگل ہوگئے ہیں اوران کے عزائم ناکام ہوگئے ہیں۔ان حملوں کا مقصد وادی میں خوف کاماحول پیدا کرناہے لیکن لوگوں کاعزم ہے کہ وہ اس کے خلاف متحد رہیں گے۔ان کنبوں کو ہوئے نقصان کی بھرپائی الفاظ سے نہیں ہوسکتی۔ بخاری نے کہا کہ اس طرح کی ہلاکتیں ایک بڑے کھیل کاحصہ ہیں جہاں امن دشمن طاقتیں فرقوں اورخطوں میں خلیج پیداکرناچاہتے ہیں ۔بخاری نے مہلوک افراد کے ارواح کے ابدی سکون کی دعاکی۔ ادھربھاجپاجموں کشمیر کے جنرل سکریٹری اور کشمیر امور کے انچارج سنیل شرما نے سری نگر کے عیدگاہ علاقے میں ایک پٹری فروش اور لتر پلوامہ میں غیر مقامی ترکھان کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہلاکتیں انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہیں ۔شرما نے پولیس پر زور دیا کہ وہ ان میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دیں ۔ شرما نے کہا کہ اپنی روزی کمانے والے ان شہریوں کو ہلاک کرنا غیر انسانی اور وحشیانہ فعل ہے۔