عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے کل سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں کولگام ضلع کے خوبصورت پنچن پتری علاقے کے سیاحتی امکانات کا جائزہ لیاگیا۔وزیر موصوفہ نے کولگام کے پنچن پتری کو جموں و کشمیر کے سیاحتی نقشے پرلانے کے لئے کئے جانے والے مختلف اَقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ اِس خوبصورت علاقے میں تمام قسم کی بنیادی سہولیات قائم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح اس کی طرف راغب ہوں۔اُنہوںنے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ علاقے میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔
اُنہوں نے کہا ،’’پنچن پتھری‘میںبے پناہ قدرتی خوبصورتی ہے اور نیچرل خوبصورتی سے محبت کرنے والوں، ٹریکنگ کے شوقین اَفراد اور مہم جو سیاحوں کے لئے ایک بڑی کشش کے طور پر ابھرنے کی زبردست صلاحیت رکھتا ہے۔‘‘ اُنہوں نے کہا، ’’غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات کو فروغ دینے سے نہ صرف سیاحوں کے تجربات میں بہتری آتی ہے بلکہ روزگار اور کاروباری مواقع پیدا ہونے کے ذریعے دیہی معیشت کو بھی نمایاں فائدہ پہنچتا ہے۔‘‘دورانِ میٹنگ جوائنٹ ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر نے وزیرموصوفہ کو پنچن پتری میں جاری اور مجوزہ سیاحتی اقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر سمیت محکمہ سیاحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔