اقوام متحدہ/یو این آئی /اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ می ایمبولینسز پر اسرائیلیوں پر حملوں پر خوف کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ الشفا اسپتال کے باہر ایمبولینس کے قافلے پر اسرائیلی حملے سے انتہائی خوف زدہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسپتال کے باہر لاشوں کو پڑے ہوئے دیکھنا بہت خوفناک ہے ۔انہوں نے فوری طور پر تنازع کو روکنے کا مطالبہ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ الشفا اسپتال کے باہر ایمبولینس پر حملے میںہلاک ہونے والوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے ۔دوسری جانب سابق یونانی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ غزہ میں ایمبولینس پرحملہ جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے ، ایمبولینس پر حملے کے بعد کوئی اسرائیل پر جنگی جرائم عائد کرنے کیلئے عالمی فوجداری عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے گا۔وزارت صحت کے مطابق جنوبی علاقے سے نقل مکانی کرنے والوں کو پناہ دینے والے ایک اسکول کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں کم از کم 20 افرادہلاک ہوئے ۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے جمعہ کو رات بھر غزہ پر فضائی حملے جاری رکھے جہاں غزہ کے مغربی علاقے النصر، جبالیا اور دیگر علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر انڈونیشین اسپتال کو بھی نشانہ بنایا جب کہ بریج کیمپ پر رہائشی عمارتوں پر حملے کیے گئے ۔