غزہ // فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی فضائی بمباری سے 2 بچوں سمیت 4 افراد جان بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں جب کہ گزشتہ دو دن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔امریکا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے اور اپنا سفارت خانہ منتقل کرنے کے اعلان کے بعد مقبوضہ فلسطین میں صورت حال مزید بگڑ گئی ہے، گزشتہ چار روز سے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا ہے۔ اسرائیل نے فلسطینی علاقوں سے راکٹ داغنے کا الزام لگا کر بے گناہ فلسطینیوں پر بمباری کردی ہے۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ سے راکٹ فائر کیے جانے کے جواب میں فلسطین کے عسکری گروپ حماس کے خلاف فضائی کارروائیاں کی ہیں۔اسرائیلی کا کہنا ہے کہ سنیچر کی صبح کی جانے والی کارروائیوں میں ہتھیار تیار کرنے والے ایک مرکز اور اسلحے کے گودام کو نشانہ بنایا گیا۔اس سے پہلے جمعے کو غزہ سے داغے جانے والے تین راکٹ اسرائیل کے علاقے سدیروت میں گرے تھے۔یہ بھی پڑھیے امریکہ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ حماس کی جانب سے انتفادہ کی کال کے بعد اسرائیل نے غربِ اردن میں سینکڑوں مزید فوجی تعینات کیے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے ردعمل میں جمعے کو غزہ میں احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں دو فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔صدر ٹرمپ کی جانب سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے جمعے کو ہی اسرائیل کا کہنا تھا کہ اس نے غزہ سے فائر کیے جانے والے ایک میزائل کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا اور اس کے علاوہ ایک میزائل سدیروت میں ایک ویران مقام پر گرا تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔فلسطین کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جمعے کو حماس کے ٹھکانوں پر متعدد حملے کیے جن میں 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ سدیروت پر میزائل داغے جانے کے چند گھنٹے بعد سنیچر کو علی الصبح مزید فضائی حملے کیے گئے تاہم ان حملوں میں ہونے والے نقصانات کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہو سکا ہے۔گذشتہ روز ہی حماس کے سینیئر رہنما فتح حماد نے کہا تھا کہ اگر کوئی بھی اپنے سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنا چاہتا ہے کہ تو وہ فلسطین کا دشمن تصور ہو گا۔اس سے پہلے وائٹ ہاؤس کی جانب سے فلسطینی حکام کو تنبیہ کی گئی کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس کی فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات منسوخ کرنے کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کے تناظر میں فلسطینی حکام نے کہا تھا کہ اس ماہ ہونے والی ملاقات اب نہیں ہو گی اور امریکی نائب صدر کو فلسطینی علاقوں میں خوش آمدید نہیں کیا جائے گا۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے الزام لگایا ہے کہ اقوامِ متحدہ نے فلسطینیوں اور اسرائیلوں کے درمیان امن کے امکانات کو نقصان پہنچایا ہے۔