عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ضلع ریاسی میں عیدالاضحیٰ کے تہوار کے پرامن، خوشگوار اور بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راکیش کمارنے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور مذہبی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں پولیس، محکمہ صحت، جل شکتی، جے پی ڈی سی ایل، میونسپل کمیٹیز، فوڈ سول سپلائز اینڈ کنزیومر افیئرز، دیہی ترقی، ٹرانسپورٹ، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے عید کے موقع پر سیکورٹی، بجلی و پانی کی بلا تعطل فراہمی، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات، ٹریفک نظام اور ضروری اشیائے خوردونوش کی دستیابی سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے ریاسی اور کٹرا کی میونسپل کمیٹیوں کے ایگزیکٹو افسران کو ہدایت دی کہ مساجد، عیدگاہوں اور بازاروں کے اطراف صفائی اور سینی ٹیشن کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں، جبکہ بلاک ڈیولپمنٹ افسران کو دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات اور صفائی کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔اجلاس کے دوران محکمہ لیگل میٹرولوجی کو بازاروں میں باقاعدہ معائنہ کرنے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں و معیار کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ مہنگائی اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کو روکا جا سکے۔محکمہ صحت کو میڈیکل ٹیموں، ایمبولینسز اور ایمرجنسی طبی خدمات کو الرٹ رکھنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ جے پی ڈی سی ایل اور جل شکتی محکمہ کو ضلع بھر میں بجلی اور پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے کہا گیا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز محکمہ کو بھی اہم مقامات پر فائر ٹینڈرز تیار رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی۔اجلاس میں چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ایم اے کولی، ضلع شیپ ہسبنڈری آفیسر سرفراز نسیم چودھری، جے پی ڈی سی ایل اور پی ڈبلیو ڈی کے ایگزیکٹو انجینئروں سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔