سرینگر // نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور معاون جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ عید الاضحی کے پیش نظر تمام تر اقدامات کریں بالخصوص غذائی اجناس ، بجلی ، پانی ، صحت وصفائی کا خاص خیال رکھا جائے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ خصوصاً امور صارفین محکمہ کو ہدایت دی کہ قربانی کے بھیڑوں کی خرید وفروخت پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور چیکنگ سکارڈوں کے ذریعے زیادہ قیمتوں پر بھیڑ فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں ضروری اشیاءکی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہئے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے تاجروں اور دوکاندار برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ عید کے پیش نظر قیمتوں کو اعتدال پر رکھیں ۔اس دوران انہوں نے عید گاہوں ،مساجدوں ،زیارت گاہوں اور خانقاہوں کے اردگرد صحت وصفائی کا خصوصی انتظام کرنے کی بھی اپیل کی ہے ۔ساگرنے اس دوران عرس مبارک شاہ ہمدان ؒ کی تقریب کے سلسلے میں بھی انتظامیہ سے معقول اور مناسب انتظامات دستیاب رکھنے کی تلقین کی ۔