محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں انڈین نیشنل کانگریس کی جانب سے ڈی سی آفس کے باہر گذشتہ روزایک پْرامن مگر مؤثر احتجاج منعقد کیا گیا، جس کی قیادت ضلع صدر محمد شاہنواز چوہدری نے کی۔احتجاج کا محور مرکزی و جموں و کشمیر سرکار کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدوں سے پسپائی، بالخصوص 200 یونٹ مفت بجلی کے اعلان سے یوٹرن، سمارٹ میٹر کی تنصیب، مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (ایم جی نریگا) کو کمزور کرنے اور خطہ پیر پنجال میں اعلیٰ تعلیمی و طبی اداروں کی عدم فراہمی رہا۔احتجاج کے دوران کارکنان نے مطالباتی تختیاں اٹھا رکھیں اور ’200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرو‘، ’عوامی وعدے پورے کرو‘ اور ’سمارٹ میٹر نامنظور’’ جیسے نعرے بلند کئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج نہ صرف ریاستی بلکہ مرکزی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد شاہنواز چوہدری نے کہا کہ انتخابات سے قبل نیشنل کانفرنس کی موجودہ حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے، آج انہی وعدوں سے مسلسل پیچھے ہٹا جا رہا ہے۔ ان کے بقول 200 یونٹ مفت بجلی کے بجائے سمارٹ میٹر کی تنصیب غریب اور متوسط طبقے پر اضافی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
کانگریس کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ غریب صارفین کے بقایاجات بجلی بل معاف کیے جائیں، بھاری نرخوں میں کمی لائی جائے، پونچھ میں میڈیکل کالج قائم کیا جائے اور خطہ پیر پنجال میں نیشنل لا یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے تاکہ پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔احتجاج کے اختتام پر ضلع انتظامیہ کے توسط سے جموں و کشمیر سرکار کو ایک تفصیلی میمورینڈم پیش کیا گیا، جس میں تمام مطالبات کی فوری تکمیل کی اپیل کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی مظاہرین نے ‘‘ہماری ریاست ہمارا حق’’ کے نعروں کے ذریعے ریاستی درجہ کی بحالی کا بھی مطالبہ دہرایا۔سیاسی مبصرین کے مطابق اس احتجاج سے پونچھ میں کانگریس کی سرگرمیوں میں نئی جان پڑی ہے۔محمد شاہنواز چوہدری کی قیادت کو پارٹی کے لیے تقویت بخش قرار دیا جا رہا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ضلع کی کمان سنبھالنے کے بعد پارٹی تنظیمی سطح پر متحرک دکھائی دے رہی ہے۔واضح رہے کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں کانگریس نے قابلِ ذکر کارکردگی دکھائی تھی، تاہم سابق ضلع صدر کی بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت کے بعد پارٹی کو دھچکا لگا۔اب سرنکوٹ سمیت پورے ضلع پونچھ میں محمد شاہنواز چوہدری کی قیادت میں کانگریس کی تنظیم نو اور سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ آئندہ سیاسی منظرنامے میں اہم تبدیلی کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔