ریاسی//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے عوامی رابطہ پروگرام کو مزید وسعت دیتے ہوئے ریاسی کا دورہ کیا اور وہاں عوامی شکایات کے ازالے کے کیمپ کا انعقاد کیا۔ کیمپ کے دوران وزیر اعلیٰ نے اس پہاڑی علاقہ کے درجنوں وفود اور سینکڑوں لوگوں سے ملاقات کی اور ان کی ترقیاتی ضروریات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ ان لوگوں نے اپنے مسائل حل کرنے کی درخواست کی۔خزانہ اور منصوبہ بندی کے وزیر مملکت اجے نندا، ارکان قانون سازیہ اعجاز احمد خان اور ممتاز احمد خان اس موقعہ پر موجود تھے۔وفود نے عمومی طور پر وزیر اعلیٰ کی لوگوں سے براہ راست ملاقات کرنے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی ستائش کی ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ کی ان کوششوں کو سراہا جو وہ دُوردراز اور مشکل ترین علاقوں کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے انجام دے رہی ہیں۔وفود نے یک روزہ طویل پروگرام کے دوران جو مطالبات وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھے ان میں ریاسی میں میٹرنٹی ہسپتال کو چالوکرنے ، ضلع ریاسی کو سیاحتی نقشے پرلانے ،کئی سڑکوں کی اَپ گریڈیشن اور ترقیاتی کاموں میں سرعت لانے شامل ہے۔ ریاسی قصبہ سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے میٹرنٹی ہسپتال کو چالو کرنے ، قصبے کو سیاحتی نقشے پر لانے ، سولا پارک اور بھیم گڈھ قلعہ کے درمیان کیبل کار پروجیکٹ قائم کرنے ، سرسوٹ ۔ شوپیاں اور گلاب گڈھ ۔ نادی مرگ سڑکوں کی تعمیر ، بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے ، گرڈ سٹیشن پر جاری کام میں سرعت لانے اور قصبے میں بچوں کی پارک کو ترقی دینے کا مطالبہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے میٹرنٹی ہسپتال کو چالو کرنے کے لئے 30لاکھ روپے ، سولا پارک کو ترقی دینے کے لئے 20لاکھ روپے اور قصبے میں بچوں کی پارک کے لئے 10لاکھ روپے واگذار کرنے کا اعلان کیا۔