سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبداللہ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی اوراپنی پارٹی کے صدرالطاف احمد بخاری نے جمعہ کومہلوک اسکول پرنسپل سپندرکور کے گھر جاکر لواحقین کی ڈھارس بندھا کرتعزیت پرسی کی۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ آلوچی باغ سرینگر جاکر گزشتہ روز سنگم عیدگاہ میں پیش آئے دلخراش اور دلدوز واقعہ میں ہلاک کئے گئے سکول پرنسپل سپندر کور کے سوگور اہل خانہ کی ڈھارس بندھائی اور تعزیت پُرسی کی۔ انہوں نے آنجہانی کے پسماندگان کیساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور کہا کہ نیشنل کانفرنس ان کے غم میں برابر شریک ہے۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران عرفان احمد شاہ، سردار شمی اوبرائے ، اقلیتی سیل کے کنوینیر سردار جگدیش سنگھ آزاد اور موتی سنگھ بھی تھے۔ ادھرپی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ خاتون پرنسپل کے قتل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔پی ڈی پی صدر جمعہ کو مقتول خاتون پرنسپل کے گھر واقع آلوچی باغ گئیںاور وہاں اس کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔وہ سوگواران کیساتھ کچھ دیر تک رہیں اور خاتون پرنسپل کے دو بچوں کو گلے لگایا۔ انہوں نے بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سپندرکور کے2چھوٹے بچوں کو دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی، ان کا کیا قصور تھا؟، وہ کہاں جائیں گے؟،ہمارے سکھ فرقے کے بھائی ہمارے ساتھ رہے ہیں، انہوں نے ان کٹھن برسوں میںمشکل حالات کے دوران ہماری حمایت کی،ان پر بھی حملہ کیا گیا ہے، جو انتہائی قابل مذمت عمل ہے‘‘۔دریں اثناء اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے مہلوک پرنسپل سپندر کور کے گھر گئے اور لواحقین کی تعزیت پرسی کی۔ ان کے ہمراہ پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، نائب صوبائی صدر کشمیر جگموہن سنگھ رینہ اور پارٹی لیڈر عماد رفیع کے ہمراہ بھی تھے۔ بخاری نے مہلوک پرنسپل کی روح کی شانتی اور لواحقین کو یہ ناقابل ِ تلافی نقصان بردداشت کرنے کی ہمت عطا ہونے کی دعا کی ہے۔ دیگر اپنی پارٹی لیڈران نے بھی غمزدگان کی ڈھارس بندھائی ۔انہوں نے مہلوک پرنسپل کے اہل خانہ، دوست واحباب ، رشتہ داروں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ دکھ کی اِس گھڑی میں اُن کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔